یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک
یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک
کچھ ملاقاتیں محض ملاقات نہیں ہوتیں، وہ وقت کے جمود میں اچانک پڑنے والی وہ دراڑ ہوتی ہیں جہاں سے یادوں کی روشنی اندر اتر آتی ہے۔ برسوں کی خاموشی، فاصلے کی دھول اور مصروف دنوں کا شور ۔۔ سب یکایک پس منظر میں چلا جاتا ہے اور سامنے صرف چہرے رہ جاتے ہیں، وہی مانوس، وہی شناسا، جن کے ساتھ زندگی نے کبھی اپنے سب سے سادہ اور سچے دن گزارے ہوتے ہیں۔
زندہ رہنے کے بہانے ڈھونڈیں
آؤ کچھ دوست پرانے ڈھونڈیں
آج کا دن بھی کچھ ایسا ہی تھا۔
ظاہراً ایک عام سا دن، مگر باطن میں خوشی کی وہ حرارت لیے ہوئے جسے لفظوں میں سمیٹنا آسان نہیں۔ وجہ یہ کہ آج گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نمبر1، ناظم آباد نمبر 2 ۔۔۔۔۔۔ بیچ 1974 ۔۔ کے ہم مکتب ساتھی، برادر من سہیل احمد سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔
سہیل احمد، جن کی پیشہ ورانہ زندگی اقوام متحدہ کی عبوری انتظامیہ برائے مشرقی تیمور (UNTAET) میں سابق سول افیئرز کے طور پر ایک معتبر باب رکھتی ہے، اور جو ان دنوں گال وے، آئرلینڈ میں مقیم ہیں، آج کل وہیں کی یونیورسٹی میں تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں۔
وہ کراچی آئے تو ہم مکتب برادر شعیب عارف (سیاں جی) سے ملاقات کی خواہش انہیں نارتھ ناظم آباد کھینچ لائی۔ ان کے ہمراہ ہمارے ہی اسکولی قافلے کے ایک اور ہم مکتب، برادر عزیز جاوید مسعود بھی تھے۔ یوں یہ محض ملاقات نہیں تھی، بلکہ ایک ہی درسگاہ، ایک ہی دور اور ایک ہی شناخت کے حامل ہم سبق ساتھیوں کا اکٹھا ہونا تھا۔
سہیل بھائی نے برادر شعیب کے گھر سے مجھ سے رابطہ کرنا چاہا، مگر میں اس وقت باہر تھا اور نیٹ کی عدم دستیابی نے اس لمحاتی رابطے کو مؤخر کر دیا۔
کچھ دیر بعد، جب موبائل ایک دوست کی وائی فائی سے جڑا تو سہیل بھائی کی مس کال نظر آئی۔ رابطہ ہوا تو معلوم ہوا کہ وہ اور ۔برادر جاوید مسعود اس وقت شعیب عارف بھائی کے ہاں موجود ہیں۔ چونکہ میرا اور شعیب بھائی کا مسکن قریب ہے، اس لیے یہ طے پایا کہ وہ سب میرے غریب خانے تشریف لائیں۔
اور پھر، وقت نے ذرا سی مہربانی کی ۔۔ ٹھیک پندرہ منٹ بعد تینوں دوست دروازے پر تھے۔ سن 1974 کے بعد یہ بالمشافہ ملاقات تھی۔
اگرچہ سوشل میڈیا نے رابطوں کو ممکن بنا رکھا ہے، مگر سامنے بیٹھ کر آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کی جو تاثیر ہے، وہ کسی اسکرین میں سمٹ نہیں سکتی۔
دل نے بے ساختہ گواہی دی کہ ہم مکتب ساتھیوں کی قربت اب بھی ویسی ہی ہے، جیسی کبھی تھی۔۔بے تکلف، بے ساختہ، بے حساب۔
یہ احساس اور بھی گہرا ہو گیا کہ ایک ہی مکتب، ایک ہی دور اور ایک ہی نسبت رکھنے والے رشتے وقت کی دھول سے ماند نہیں پڑتے۔
اے ذوقؔ کسی ہمدمِ دیرینہ کا ملنا
بہتر ہے ملاقاتِ مسیحا و خضر سے
اس مختصر سی نشست میں پرانی یادوں کا بند دروازہ کھل گیا۔
اسکول کے دن، اساتذہ کے نام، ناظم آباد کی گلیاں، اور وہ وقت جب زندگی بوجھ نہیں تھی۔ سب ایک ایک کر کے سامنے آتے گئے۔ ہنسی بھی آئی، خاموشی بھی چھائی اور کہیں کہیں آنکھوں میں نمی بھی اتر آئی۔
خواہش تھی کہ سر عین الدین صاحب کے صاحبزادے، برادر عماد بھی اس محفل میں شریک ہو جائیں، مگر وہ گھر سے باہر تھے اور واپسی میں وقت درکار تھا۔ یوں یہ ارمان، ارمان ہی رہ گیا۔
بہرحال، ایک گھنٹہ ۔۔ جو بے شمار لمحوں کا امین تھا۔
خاموشی سے رخصت ہو گیا۔
دوستوں نے پیر کی شام برائٹ وے پیزا پوائنٹ پر ایک اور نشست کا ارادہ بھی کیا ہے، جہاں مزید ہم مکتب ساتھی جمع ہوں گے۔ اگر صحت اور موسم نے ساتھ دیا تو ان شاء اللہ یہ سلسلہ پھر جڑے گا۔
کچھ لمحے عمر بھر کا اثاثہ بن جاتے ہیں۔ یہی وہ پل ہیں جو جینے کا قرینہ سکھاتے ہیں
آخر میں بس یہی کہا جا سکتا ہے کہ وقت چاہے کتنا ہی آگے بڑھ جائے، کچھ رشتے اس کے ساتھ قدم نہیں ملاتے، وہ وہیں ٹھہرے رہتے ہیں ۔۔۔ دل کے کسی محفوظ گوشے میں۔
یہی رشتے یادوں کے جگنو ہیں، جو اندھیروں میں بھی راستہ دکھاتے رہتے ہیں۔
اختر شیخ
کیونکہ۔۔۔۔۔۔
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔
جنوری ۱۴ ۔۔ ۲۰۲۶

A friend of mine posted the following message,
ReplyDeleteالسلام علیکم
خوبصورت الفاظ کا استعمال اور بہترین لفظوں کا چناو بے انتہا خوبصورتی سے دوستوں کی چالیس سالہ رفاقت کو اس خلوص سے پیش کیا ہے آپکے ان دوست اختر صاحب نے بے انتہا خوشی ہوئی اللہ تبارک و تعالی آپ سب دوستوں کو درازئ عمر اور لمبی رفاقت اور بے حساب خوشیاں عطاء فرمائیں آمین
سہیل بھائی ان دوستوں میں صاحب تحریر کی نشاندہی کیجئے گا جزاک اللہ خیر انشاءاللہ جلد ملاقات ہوگی
محترم،
ReplyDeleteآپ کے محبت آمیز، دعا سے لبریز اور قدر شناس کلمات نے دل کو مسرت سے بھر دیا۔ دوستوں کی چار دہائیوں پر محیط رفاقت اگر لفظوں کے قالب میں کچھ خلوص اور تاثیر سمو سکی ہے تو یہ انہی پاکیزہ رشتوں کی دین ہے جن کی خوشبو وقت کی گرد سے کبھی ماند نہیں پڑتی۔ آپ کی نظر التفات اور خیرخواہ دعائیں ہم سبھی کے لیے باعث افتخار ہیں۔
اللہ تبارک و تعالی آپ کو سلامت رکھے، عمر و رفاقت میں برکت عطا فرمائے اور محبتوں کے یہ سلسلے اسی طرح قائم و دائم رہیں ۔