انصاف کا دوہرا معیار
انصاف کا دوہرا معیار ۔۔ چالان کے لیے قانون سخت اور جرم کے سامنے خاموش کراچی کی سڑکوں پر آج کل کیمروں کی آنکھیں ہر سمت بیدار ہیں ایک لمحے کی لغزش ایک لمحے کی جلدی اور فوراً ایک بھاری جرمانہ۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ قانون کی گرفت اب فولادی ہو چکی ہے اور انصاف کے ترازو پوری طرح قائم ہیں۔ مگر سوال یہ ہے کہ یہی قانون اس وقت کیوں خاموش ہو جاتا ہے جب انہی سڑکوں پر کوئی ڈاکو شہریوں سے ان کی جمع پونجی چھین لیتا ہے؟ جب کوئی لٹیرا کھلے عام اسلحہ لہراتا ہے اور کسی مظلوم کی جان لے لیتا ہے جب کوئی بےبس شہری اپنی جان خطرے میں ڈال کر ویڈیو بناتا ہے، ثبوت فراہم کرتا ہے، مگر قانون کے دروازے بند ہی رہتے ہیں؟ یہ عجیب تضاد ہے۔ گاڑی کا نمبر پلیٹ نہ ہو تو فوراً بھاری جرمانہ، لیکن کراچی اور حیدرآباد کے علاوہ صوبے کے بیشتر شہروں میں بغیر نمبر پلیٹ، بغیر لائسنس کے گاڑیاں روڈوں پر دندناتی پھرتی ہیں اور وہاں قانون کی سانسیں گویا رک سی جاتی ہیں۔ یہ کیسا انصاف ہے جو صرف چالانوں کی رسیدوں میں زندہ ہے، مگر جرم کے مقابلے میں بےجان؟ کراچی کے شہری اکثر کہتے ہیں، ہمارا جرم صرف یہ ہے کہ ہم قانون پر یقین رکھتے ہیں...