Posts

Showing posts from November, 2025

کراچی کا نیا دستور ۔۔ رزق حلال ہے بشرط اسپیکر

Image
 کراچی کا نیا دستور ۔۔ رزق حلال ہے بشرط اسپیکر آہ، ذرا ٹھہر کر غور فرمائیے اس صوتی ابتری پر جو کراچی کی گلی کوچوں میں یوں مسلط ہے جیسے کسی فاتح بے رحم نے مستقل پڑاؤ ڈال دیا ہو۔ پنجاب پولیس کی جانب سے مائیک اور اسپیکر کے خلاف شروع کی گئی مہم کی خبر نے تو گویا زخم کہنہ کو پھر سے تازہ کر دیا۔ دل بے ساختہ یہ دعا مانگ اٹھا کہ کاش سندھ پولیس کے اہلکاروں کو بھی وہی خیال نیک پیدا ہو جو ان کے پنجاب کے ہم منصبوں کو سوجھا ہے۔ کراچی، جو کبھی ’شہر قائد‘ کہلانے پر فخر کرتا تھا آج ’شہر شور‘ کے نام سے زیادہ مانوس ہے۔ یہاں کی گلیاں گویا گلیاں نہیں رہیں بلکہ ایک مسلسل سمعی میدان کارزار ہیں، جہاں ہر سمت سے اعلان جنگ جیسی صدائیں ابلتی ہیں۔ کہیں اسٹیل کے برتنوں والا پکار رہا ہے کہیں پرانے سامان والے کی للکار کہیں جھاڑو فروش کا نعرہ کہیں سبزی فروش کی الو، لوکی اور ٹماٹر سے مزین آوازیں، اور ان سب پر مستزاد وہ آئس کریم فروش جس کا اسپیکر رات گئے ایک بجے بھی موسیقی کا محاذ گرم رکھتا ہے۔ یوں لگتا ہے اس شہر نے خاموشی کو جلاوطن کر رکھا ہے۔ یہ سوال بھی کتنا تلخ مگر برمحل ہے کہ چار پانچ برس قبل کیا یہی تمام چیزی...

inDrive صفر کو کامیابی بنا کر؟؟؟ … ہماری آنے والی نسل کا مستقبل داؤ پر نہ لگائیں

Image
 https://www.facebook.com/share/r/1H45oKfCv1/ inDrive کے قابل احترام اشتہار سازوں کے نام ایک عرضداشت   ،،شاید کہ اُتر جائے ترے دل میں مری بات،، آپ کی تخلیقی صلاحیتیں قابل ستائش ہیں، مگر حال ہی میں ( زیرو کی ویلیو) کے عنوان سے پیش کردہ تجارتی ویڈیو اشتہار نے چند سوالات پیدا کر دیے ہیں۔  اساتذہ کرام اور والدین کی حیثیت سے ہمارے لیے یہ دیکھنا پریشان کن ہے کہ تعلیم و تربیت جیسے مقدس شعبوں کو بھی اب اشتہاری بیوپار کی نذر کر دیا گیا ہے۔ استاد محترمہ کا یہ فرمانا کہ ،،بچے نے پھر ٹیسٹ میں زیرو لیا ہے،، جس پر والد صاحب کا مسکرا کر جواب دینا میڈم، زیرو کی بھی بڑی ویلیو ہوتی ہے،، یہ مکالمہ درحقیقت ہمارے تعلیمی نظام پر ایک المیہ نگارانہ طنز معلوم ہوتا ہے۔ *وہی انسان ہے احساںؔ کہ جسے علم ہے کچھ حق یہ ہے باپ سے افزوں رہے استاد کا حق* حضور، صفر ریاضی کا ایک بنیادی عدد ضرور ہے مگر یہ محنت، لگن اور مسلسل کوشش کے مقابلے میں کبھی بھی قابل فخر نتیجہ نہیں ہو سکتا۔  کیا ہم اپنے بچوں کو یہی سکھانا چاہتے ہیں کہ ناکامی کو فلسفے کے پردے میں چھپا لیا جائے؟  کیا یہ درست ہے کہ ہم ان کے ہاتھ...

گلشن اقبال کا المیہ اور کراچی کے افق پر نیا سایۂ خوف

Image
 گلشن اقبال کا المیہ اور کراچی کے افق پر نیا سایۂ خوف کراچی کو تو حوادث زمانہ سے دائمی مناسبت رہی ہے لیکن گلشن اقبال کے قطعات ارضی میں جو قضیہ پیش آیا اس نے شہر بے مہر کے دامن پر جو داغ ثبت کیا ہے، وہ محض عبوری زخم نہیں، بلکہ دائمی کرب کی حیثیت رکھتا ہے۔ چالیس برس سے ایک خاکۂ مسکن میں سانس لیتا ہوا خاندان یکایک اس صبح اس طرح بیدار ہوا گویا شہر کے کسی قانون نے نہیں، بلکہ وقت کے کسی قابضۂ استبداد نے دروازہ پر طبل اجارہ بجایا ہو۔ پولیس کے ہمراہ آنے والے یہ مسلح افراد شاید یہ سمجھ بیٹھے تھے کہ یہ کوئی گھر نہیں بلکہ محکمے کی کوئی گمشدہ کاغذات ہے جسے دفتر سے برآمد کر کے نیا غلاف چڑھا دینا ہے۔ اپنے اپنے دائرے میں دیکھ لو حسب طاقت ہر کوئی فرعون ہے (عابی مکھنوی) نوائے دلکش یہ کہ فائرنگ بھی ہوئی، اور پولیس بھی برموقع موجود رہی، دونوں واقعات اس ترتیب سے رونما ہوئے گویا یہ شہر انہی اصولوں پر کاربند ہے جو شادی کے میلے میں ڈھولکی والے مقرر کرتے ہیں۔ دھوم بھی ہماری اور خاموشی بھی ہماری۔ مقصود یہ کہ یہ قبضہ مافیا کوئی نیا عنصر نہیں لیکن جو تازہ تماشا برپا ہوا ہے، وہ حد درجہ بے باکی پر مبنی ہے۔ ازا...

صبح بخیر کے پیامبر اور دلوں کا سچ

Image
صبح بخیر کے پیامبر اور دلوں کا سچ آئینہ خانۂ دل میں آج پھر وہی پرانی کھٹک تھی۔ صبح دم جب آنکھ کھلی تو خیال نے آ کر دامن پکڑا کہ کیوں نہ اُن رفیقوں کا پتا کیا جائے جو ہر صبح واٹس ایپ کی دنیا میں "السلام علیکم" اور "صبح بخیر" کے چراغ جلا کر خود کو نیکی کا مسافر ثابت کرتے ہیں۔ میں تو برسوں سے ان نوازشوں کے جواب میں آمین اور جزاک اللہ کہہ کر شکرگزاری کا حق ادا کرتا رہا۔ مگر آج دل نے کچھ اور ہی سوچا۔ کہا، کیوں نہ ان ہی میں سے چند ایک کو پہلے صبح بخیر کہہ کر دیکھوں؟ شاید یہ چھوٹا سا تجربہ کچھ نئے معنی آشکار کر دے۔ چناں چہ میں نے طے کیا کہ آج خود پہل کروں گا۔ صبح کی پھیکی روشنی میں میں نے انھیں پیغام بھیجے۔ واٹس ایپ کے سبز نشان نے بتایا کہ میرا سلام ان تک پہنچ گیا ہے۔ پھر میں نے انتظار کیا۔ گھڑی کی سوئیاں چلتی رہیں، مگر جواب کا کوئی پتہ نہ تھا۔ نہ آمین، نہ جزاک اللہ، نہ سلام کا جواب۔ بس خاموشی تھی، جو کچھ کہہ رہی تھی۔ پھر وہی ہوا۔ ٹھیک اپنے مقررہ وقت پر ان کا خودکار پیغام آ پہنچا۔ وہی "صبح بخیر"، وہی دعاؤں کے پھول، جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔ میرے بھیجے ہوئے سلام کا ک...

کراچی کے دکھ اور ارباب نظم کی مسکراہٹ بے نیازی

Image
کراچی کے دکھ اور ارباب نظم کی مسکراہٹ بے نیازی یہ بھی زمانے نے کیا دن دکھائے کہ اہل کراچی اپنے ہی شہر میں اس درجہ بے اعتنائی کے مستوجب ٹھہرتے ہیں۔ سوئی گیس والوں کو نہ جانے کس ساعت میں یہ خیال سجا کہ تین روز سے شام چھ بجنے کی دیر ہے اور گیس کی سرکار یک قلم غائب۔ گزشتہ شب ہم نے ان کی ہیلپ لائن پر ایک صاحب موصوف سے عرض حال کیا تو بڑی فراغ دلی سے ارشاد فرمایا کہ حضور والا، ہماری جانب سے تو کوئی تعطل نہیں ہے۔ یہ تو محض آپ کے گھر کی داخلی الجھن ہے۔ ہم نے بھی مناسب جانا  کہ محلہ والوں سے دریافت احوال کیا جائے۔ سو معلوم ہوا کہ حضرت، یہ تو وہ درد ہے جو گھر گھر مشترک ہے بلکہ شہر کے متعدد اطراف سے یہی نالہ و فریاد سننے میں آتی ہے کہ گیس کی دولت اب اس چمن میں نایاب شے ہو چلی ہے۔ آج اس پر مزید یہ کرم کہ ابھی چار کا گھنٹہ بھی پورا نہ بجا تھا کہ کے۔الیکٹرک نے بھی اپنے مروجہ طور طریقوں کے مطابق اہل محلہ کے صبر کے پیمانے کو آزمانا شروع کر دیا۔ بجلی ہو تو گیس کا نام نہیں، گیس ہو تو بجلی کا پتہ نہیں اور اس پر مستزاد وہ حضرات جنہوں نے کبھی کراچی کی خدمت کو اپنا شعار بتایا تھا۔ سب کے سب اس ابتری پر خا...

سید انور جاوید ہاشمی، علم و ادب کے نشیب و فراز میں ایک باکمال ہستی

Image
  سید انور جاوید ہاشمی، علم و ادب کے نشیب و فراز میں ایک باکمال ہستی۔ تحریر ۔۔ اختر شیخ اردو ادب کے گلستان معنی میں جس طرح مختلف پھول اپنی خوشبو اور رنگ سے دل کو مسرور کرتے ہیں، اسی طرح کچھ شخصیات اپنی سادگی، وقار اور علمی وفور سے اس گلستان کی رونق میں اضافہ کرتی ہیں۔ ایسی ہی ایک نادر و نایاب ہستی سید انور جاوید ہاشمی صاحب کی ہے۔ ان کی شخصیت پر اگر نظر ڈالی جائے تو سب سے پہلے جو چیز دل پر مرتسم ہوتی ہے، وہ ان کا متانت و سنجیدگی سے آراستہ لہجہ، گفتگو میں توازن اور ادب کے تئیں بے پایاں محبت ہے۔ آپ کی ولادت باسعادت 28 فروری 1953ء کو کراچی میں ہوئی۔ تعمیر فکر و فن بھی اسی شہر علم و ادب کے دامن میں ہوئی۔ تعلیم کے مراحل نئی کراچی کے اسکول سے میٹرک، اسلامیہ کالج سے انٹر اور بی اے (جس میں اردو کو اختیاری مضمون بنایا) تک مکمل کیے۔ یہ وہ زمانہ تھا جب کراچی کی علمی و ادبی فضا اپنے عروج پر تھی۔ ریڈیو کی آواز ، رسائل و جرائد کی رونق، علمی محفلیں اور فکری تحریکیں اپنے شباب پر تھیں۔ انہی رنگا رنگ محفلوں اور علمی مکالموں نے ہاشمی صاحب کے فکر و فن کو جلا بخشی۔ ان کی شاعری میں انسانی دل کی کیفیات، ر...

محترم ڈاکٹر شاہد ناصر کی تحریر کا جواب

Image
 https://www.facebook.com/share/p/17af71Acie/ محترم ڈاکٹر شاہد ناصر کی تحریر (سمے وار) قلب کراچی کے نہ سنے گئے نوحوں کو الفاظ کا پیرہن عطا کرتی ہے۔ مقبوضہ کراچی میں ہر چیز پر باقاعدہ منصوبہ بندی اور خاموشی سے قبضہ ہوتا چلا گیا ہے اور انتہائی درد ناک پہلو یہ ہے کہ شہر کے اصل وارث خود اس بات سے آگاہ نہیں کہ ان کے پریس کلب، وکلا بار، چیمبر آف کامرس سے لے کر آرٹس کونسل تک پر بدترین غیر مقامی قبضہ ہو چکا ہے۔ احمد شاہ کی فن کاری کے نتیجے میں آرٹس کونسل میں ایک مخصوص ثقافتی دھارے کا غلبہ نظر آتا ہے، جبکہ کراچی والے سرمایہ داری کے پرزے بن کر رہ گئے ہیں اور انہیں احساس تک نہیں کہ ان کی سیاسی نمائندگی کی لاش اب تعفن زا ہو چکی ہے۔ تازہ احوال یہ ہے کہ عالمی ثقافتی میلے کے نام پر ساری دنیا کی ثقافت کو تو نچوایا اور دکھایا گیا، مگر جس شہر میں یہ آرٹس کونسل قائم ہے اس شہر کی ثقافت کے لیے اس کا خانہ خالی رہا اور شہر میں کوئی غیرت مند باقی نہیں جو اس پر سوال اٹھا سکے۔ احمد شاہ نے پاکستان کی ہر ثقافت کو تو دکھایا صوبائی ثقافتوں کا ڈھنڈورا پیٹا مگر اس شہر کراچی کی ثقافت کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا۔ ...

ایک کہاوت ایک کہانی جلد چہارم

Image
  یہ کتاب مجھے ایک کرم فرما دوست کے توسط سے میسر آئی اور جب اس کے اوراق میں جھانکا تو یوں لگا جیسے کسی نے دل کے دروازے پر آہستہ سے دستک دی ہو، وہی لمحہ تھا جب قلم نے خود کو حرکت دینے پر آمادہ پایا اور دل نے تحریر کی صورت اپنا بیان مانگ لیا۔ اسی داخلی کیفیات کے تحت جناب اطہر اقبال صاحب کی (تصنیف ایک کہاوت ایک کہانی جلد چہارم) پر یہ سطور رقم کرتے ہوئے اس مسرت کا اظہار لازم ہے کہ ہمارے سامنے اردو ادب کی وہ نادرۂ روزگار تخلیق موجود ہے جو اپنے ظاہر و باطن دونوں میں تہذیبی ورثے کی امین ہے۔ کہاوتیں گویا قوم کے حکیمانہ تجربات کا نچوڑ ہیں جو نسلاً بعد نسل ایک شعری حسن اور حکیمانہ معنی لیے ہمارے ہاں رائج رہی ہیں۔ انہیں کہانی کے پیرہن میں ڈھالنا اور پھر نونہالان قوم کے ذہنوں میں اس طرح رچانا دینا کہ وہ ان کے شعور کا حصہ بن جائیں، یہ وہ دشوار گزار کام ہے جسے اطہر اقبال نے اپنی توجہ کا مرکز بنایا۔ میرے پیش نظر یہ کتاب جو چوتھی جلد پر مشتمل ہے، اپنے اسلوب، موضوع اور پیش کش کے اعتبار سے اپنی سابقہ جلود سے ایک قدم آگے کی چیز ہے۔ اگر ابتدائی تین جلدیں کہاوتوں کے ابتدائی مفاہیم کی شارح تھیں تو اس ج...

فارسی کے متروک مگر زندہ محاورے

Image
فارسی کے متروک مگر زندہ محاورے  فارسی کے ان گم گشتہ محاوروں کی سرگزشت سنائیے تو دل خیال کے ایک ایوان قدیم میں کھڑا ہو جائے جہاں زمانہ کی گرد نے ہزاروں سال کے نقوش چھپا دیے، مگر ہوا کے جھونکے اب بھی ان کی خوشبو سے معطر ہیں۔ یہ محاورے کبھی تہذیب کے دھڑکتے دل تھے، اب وہ کتابوں کے اوراق میں سوئے ہوئے لعل ہیں جو بولتے تو نہیں، مگر سننے والے کے کانوں میں اپنی داستان گنگنا جاتے ہیں۔ خطاے بزرگان گرفتن خطاست کا جملہ تو گویا تہذیب کے آداب سکھاتا ہے۔ اس میں وہ حکمت پنہاں ہے کہ بزرگوں کی لغزشوں کو چشم پوشی کے گلابوں سے ڈھانپ دینا ہی درحقیقت انسان کی اپنی شریف النفسي کی دلیل ہے۔ آج کے اس عہد بے اعتباری میں یہ محاورہ تہذیب کے اس گم شدہ روئیے کی یاد دلاتا ہے جب رشتوں کی لڑیں الفاظ کے موتیوں سے پروئی جاتی تھیں۔ پدرم سلطان بود، تُرا چہ؟ کے طنز میں تو وہ کسک ہے جو نسلوں سے تکبر کے بتوں کو پاش پاش کرتی آئی ہے۔ یہ جملہ اس صدیوں پرانے حقیقت نگاری کا ترجمان ہے کہ انسان کی قدر اس کے اپنے کردار سے ہے، نہ کہ اس کے آباء کے کارناموں سے۔ من ترا حاجی بگویم، تو مرا ملا بگو کی معصومانہ چالاکی دیکھیے یہ باہمی ادب...

لسانیت کے سائے میں جامعہ کراچی، ایک شہر لاوارث کی داستان

Image
 لسانیت کے سائے میں جامعہ کراچی، ایک شہر کی محرومی کی داستان۔۔۔  منگل 18 نومبر 2025 کو سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے جامعہ کراچی کی داخلہ پالیسی کے خلاف جو حکم جاری کیا ہے وہ محض ایک انتظامی فیصلہ نہیں بلکہ کراچی کے نوجوانوں کے تعلیمی مستقبل پر ایک اور کاری ضرب ہے۔ اس کمیٹی کی سربراہی نثار کھوڑو کر رہے ہیں جن کا کراچی سے تعلق وہی ہے جو پیپلز پارٹی کا ۔۔۔ اقتدار میں حصہ تو بہت مگر شہر کی اصل روح سے بے گانگی اتنی ہی گہری۔ ان کے بقول چونکہ جامعہ کراچی سندھ میں واقع ہے اس لیے داخلے کی پہلی بنیاد سندھ ڈومیسائل ہونی چاہیے گویا کراچی کو سندھ کا حصہ تسلیم کرنے کے بجائے اسے سندھ سے الگ کوئی خطہ سمجھا جا رہا ہو۔ یہ وہی جامعہ کراچی ہے جہاں 1990 کی جدوجہد حقوق کے نتیجے میں (کے ایس پی) پالیسی نافذ کی گئی تھی۔ ایک شفاف اصول کہ پہلے کراچی کے ڈومیسائل والے طلبہ کو موقع ملے گا پھر سندھ کے دیگر اضلاع کو اور آخر میں پاکستان بھر کے لیے نشستیں کھلیں گی۔ یہ پالیسی کراچی کی محرومی کا جواب تھی وہ محرومی جو اب پھر ایک نئی شکل میں ہمارے سامنے کھڑی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کراچی کے ڈومیسائل پر داخل ہون...

اردو اصول تحقیق پہلی اجتماعی بیداری

Image
 اردو اصول تحقیق پہلی اجتماعی بیداری کالم ۔۔۔ تحقیق کے قدیم چراغ جب اردو تحقیق کے تاریخ کے اوراق اولیں کھلتے ہیں تو صفحات سے ایک مانوس سہانے خوشبو قیسار اٹھتی ہے، تذکروں کی وہ مہک، جس نے اٹھارویں صدی میں پہلے فارسی کے دامن کو معطر کیا اور پھر اردو کی زلف گرہ گیر سے لپٹ کر ہم تک رسائی پائی۔ مولانا محمد حسین آزاد کے (آب حیات) نے اس روایت میں ایک نئی جان ڈالی، اگرچہ اس میں تحقیقی خامیاں بھی موجود تھیں، مگر اس کی معنوی حرارت اور قلبی تپش نے آئندہ محققین کے لیے مشعل راہ کا کام دیا۔ سرسید احمد خان، الطاف حسین حالی، شبلی نعمانی، اور پھر مولوی عبدالحق اور حافظ محمود شیرانی جیسے بزرگان.. یہ سب اس ناتواں پودے کی آبیاری فرمانے والے باغباں تھے جن کی سعی پیہم سے آج اردو تحقیق شجر تناور کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ رہی بات اصولیات تحقیق کی، تو اس کی باقاعدہ بنیادیں کچھ تاخیر سے استوار ہوئیں۔ البتہ 1922ء میں حافظ محمود شیرانی کے مضمون (شہادتِ کلام) نے پہلی بار تحقیق کے داخلی اصولوں کی جانب اہل علم کی توجہ مبذول کرائی۔ مگر آزادی سے پیشتر کے انقلابی ہنگاموں اور تقسیم کے المیے نے اس نازک شاخ کو نمو پان...

محبت و ادب کا ادبی پیغام

Image
 محبت و ادب کا ادبی پیغام محترم محمد فہیم صاحب اور محترم اطہر عباسی بھائی کے درمیان یہ ادبی و محبت آمیز مکالمہ میرے لیے نہایت دلنشیں اور روح پرور لمحہ ثابت ہوا۔ میری تحریر جو نعت گو، نعت خواں، سامعین اور منتظمین پر مشتمل تھی، پر تحقیقی و ادبی تبصرہ اور نیک تمناؤں کا پیغام جو اطہر بھائی کے توسط سے جدہ سے موصول ہوا اس نے میرے دل و جان میں شادابی و انبساط کی موجیں اٹھا دیں اور محبت و ادب کے اس رشتے کو مزید تابندہ و فروزاں کیا۔ محمد فہیم صاحب کی تحریر میں جو خلوص، لطافت اور ادبی رچاؤ نمایاں ہے وہ نہ صرف میرے لیے موجب مسرت و فرحت ہے بلکہ علم و معرفت کے رفعت مآب معیار کا پرتو بھی ہے۔ ان کے متین اور پرمعنی جملوں نے میری تحریر کے ہر پہلو میں پنہاں مفاہیم و نکات کی قدر و قیمت کو اجاگر کیا ہے اور علمی و روحانی مکالمے میں ایک بلند پایہ وقار پیدا کیا ہے۔ اطہر عباسی بھائی کے توسط سے یہ پیغام کا حصول ہمارے علمی، ادبی اور محبت بھرے تعلق کی گہرائی اور باہمی اعتماد کی ترجمانی کرتا ہے۔ اطہر بھائی کی ادبی نفاست اور خلوص آمیز محبت نے اس مکالمے کو ایک خاص رفعت اور معنویت عطا کی ہے اور یہ بات یاد دلاتی ...

کراچی کی سڑکیں، بے احتیاطی اور خطرے کی داستان

Image
 کراچی کا ٹریفک بے احتیاطی، بے حسی، بے بسی اور کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ والدین کی لاپروائی کی دردناک داستان پاکستان میں ٹریفک کا بگڑتا ہوا نظام ایک ایسی حقیقت ہے جس سے انکار ممکن نہیں۔ کسی بھی ریاست کا نظم و نسق عوامی تعاون کے بغیر موثر نہیں چل سکتا مگر ہمارے ہاں ٹریفک کے معاملے میں یہ تعاون نہایت کمزور ہے۔ قوانین موجود ہیں، ٹریفک پولیس بھی اپنے دائرۂ کار میں چالان اور جرمانے کرتی ہے، گو کے ان کی بھی بہت کمزوریاں ہیں، مگر مجموعی طور پر عوامی رویہ ایسا ہے کہ گویا قانون ان کے لیے بنا ہی نہ ہو۔ سڑکوں پر ایک عجیب سا ازدحام ہر ایک کی جلدی ایک دوسرے سے آگے نکل جانے کا جنون اور نتیجہ یہ کہ قانون پر چلنے والا ہی اپنے آپ کو مشکل میں پاتا ہے۔ شاہراہوں پر غلط پارکنگ بنا ہیلمٹ موٹر سائیکل بغیر سیٹ بیلٹ گاڑیاں، اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال اتنا عام ہو چکا ہے کہ شاید اب کوئی اسے خلاف ورزی سمجھتا بھی نہیں۔ یہی رویے ٹریفک حادثات کی سب سے بڑی وجہ ہیں اور ان حادثات کی قیمت جانوں کی صورت میں ادا ہوتی ہے۔ کتنی ہی مائیں آج بھی اپنے نوجوان بچوں کی اچانک موت کا دکھ اٹھائے بیٹھی ہیں، کتنے بچے ک...

آداب نعت ۔۔ نعت گو، نعت خواں، سامع اور منتظمین ۔۔۔ ایک تحقیقی و ادبی مطالعہ

Image
 بسم اللہ الرحمٰن الرحیم آداب نعت ۔۔ نعت گو، نعت خواں، سامع اور منتظمین ۔۔۔ ایک تحقیقی و ادبی مطالعہ نعت رسول مقبول ﷺ محض الفاظ کا سلسلہ نہیں بلکہ حب مصطفیٰ ﷺ اور ادب و طاعت کا سرشاری سے لبریز اظہار ہے۔ نعت وہ شمع فروزاں ہے جو دِل و جاں کو منوّر کرتی، روح کو مُصفّٰی کرتی اور قلب و جگر میں عشق مصطفیٰ ﷺ کے سوز و گداز کو رواں دواں رکھتی ہے۔ یہاں ہر لفظ ہر جملہ اور ہر ادا، ادب و عشق کے آئینہ خانے میں پیراستہ ہوتا ہے۔ نعت گو، نعت خواں، سامع اور محفل کے منتظمین۔چاروں ہی کا فرضِ عین ہے کہ وہ اس مقدس روایت کے مطابق اپنے اپنے مقام پر وقار، خشوع اور تواضع کے ساتھ محفل میں حاضِر ہوں۔ ادب نعت کا بنیادی اصُول لفظ کی پاکیزگی اور دل کی طہارت ہے۔  نعت وہ ہے جو قلب و جگر میں سمائیں اور چشم نم و سوز قلب کو جنم دے۔ نعت وہ کلام مدحت ہے جو دل و جاں میں اترے، جو صرف سننے کی حد تک محصور نہ رہے بلکہ روح میں نفوذ کر کے انسان کو سیرت طیبہ کے محاسن و کمالات سے مشتغل کر دے۔ فارسی کا مشہور شعر اس کیفیت کو یوں بیان کرتا ہے۔۔۔ ادب گاہیست زیرِ آسمان از عرش نازک تر نفس گم کردہ می آید جنید و بایزید این جا ترجم...

وقت کے پردے کے پیچھے بچپن کے یاروں سے ملاقات

Image
 یادوں کے جگنو وقت کے پردے کے پیچھے بچپن کے یاروں سے ملاقات محبت اور ماضی کا ایک عجیب رشتہ ہے، کبھی کبھار برسوں پرانی راہوں پر چلتے ہوئے اچانک کوئی جگنو جل اٹھتا ہے اور پھر دل ایک لمحے میں وہیں پہنچ جاتا ہے، جہاں کبھی بچپن کے ہنسی قہقہوں گلیوں کی گرد اور دوستی کے بے ساختہ رنگ بکھرے ہوتے تھے۔ آج میرے دائیں بائیں بیٹھے یہ دو مہربان چہرے ۔ بھائی عبد الغفار اور راشد خان وہی دوست ہیں جن کے ساتھ بچپن کی گلیاں بانہوں میں بازو ڈال کر گزاری تھیں۔ وہ محلہ وہ کھیل کود وہ بے فکری، جیسے ایک ہی تصویر کے دو گوشے، بس وقت کی گرد نے دھندلا دیے تھے۔ مگر آج، 1990 کے بعد پہلی مکمل ملاقات ہوئی، اور یوں لگا جیسے وقت نے پلک جھپکتے ہی اپنے اور بیچ کے سارے فاصلوں کو مٹا دیا ہو۔ قصہ کچھ یوں ہے کہ بھائی غفار 1990 میں رزق حلال کی تلاش میں دبئی چلے گئے تھے اور ہم 1995 میں نارتھ ناظم آباد منتقل ہوگئے۔ یوں تعلق کا دھاگا نظر سے اوجھل ہوتا گیا۔ پھر 1999 میں حج کے دوران ایک انوکھا لمحہ آیا،  میں طواف کعبہ کے ہجوم میں بھائی غفار پر بس نظر ٹکرا کر رہ گئی۔ لاکھ کوشش کی مگر حرم کا سمندر مجھے ان تک نہ پہنچنے دے سکا۔...

نعت خواں، نعت کا تقدس اور ادب

Image
 نعت خواں، نعت کا تقدس اور ادب آج کی نعت خوانی میں بڑھتی ہوئی بے ادبی پر ایک سنجیدہ ادبی مکالمہ نعت کہنا اور نعت پڑھنا محض ایک فن نہیں ایک ایسی امانت ہے جو اہل دل کے حصے میں آتی ہے۔ نعت وہ چراغ ہے جو ہمارے باطن میں حضور اکرم ﷺ کی محبت، تعظیم اور ادب کی روشنی بکھیرتا ہے۔ یہ وہ صنف سخن ہے جس کا ہر لفظ احتیاط چاہتا ہے ہر حرف ادب کا تقاضا کرتا ہے اور ہر آواز پاکیزگی کے ساتھ اٹھنی چاہیے۔ نعت عشقِ رسول ﷺ کا اظہار ہے یہ اسٹیج کا فن نہیں معاش کا ذریعہ نہیں اور نہ ہی کسی نمائش کا عنوان۔ یہ وہ در ہے جہاں انسان اپنے دل کی کیفیت لے کر آتا ہے، ہنر دکھانے نہیں جاتا۔ افسوس کہ آج کی نعت خوانی میں ایسے رجحانات تیزی سے بڑھ رہے ہیں جو نعت کے تقدس اور سادگی سے بہت دور ہیں۔ بعض نعت خواں مخصوص ایکو اسٹیج لائٹس، کیمروں کے زاویے، تراشیدہ انداز پیشکش اور ضرورت سے زیادہ موسیقیت کے محتاج دکھائی دیتے ہیں۔ یہ سب عناصر نعت کو بدقسمتی سے روحانیت کے بجائے پرفارمنس بنا دیتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا یہ انداز ادب نعت کے مزاج میں آتا ہے؟ کیا پچھلے تیس چالیس سالوں کے بزرگ نعت خواں اسی طرز پر نعت پڑھتے تھے؟ وہ جب نعت پڑھ...

میری چھوٹی سی بڑی بھتیجی … مجھ سے بڑی

Image
میری چھوٹی سی بڑی بھتیجی … مجھ سے بڑی۔ 😀 کہتے ہیں اللہ نے رشتوں میں محبت کے ساتھ مزاح کا رنگ بھی تو ملایا ہے۔ ہماری بھتیجی یمنی شیخ نے اس بات کو سچ ثابت کر دکھایا ہے۔ وہ 15 نومبر 2005 کو اس دنیا میں آئیں اور میں ان کے چھ دن بعد 20 نومبر 1957 کو۔  گویا انہوں نے پہلے ہی طے کر لیا تھا کہ میں اپنے تایا ابو سے چھوٹی نہیں رہوں گی۔ اب ہماری یہ چھ دن کی جنگ صرف کیلنڈر تک محدود نہیں۔ وہ معصومیت سے کہتی ہیں، تایا ابو، میں آپ سے بڑی ہوں نا؟  پہلا کیک میرا حق ہے۔ میں انہیں سمجھاتا ہوں کہ بٹیا، تایا چاہے عمر میں چھ دن چھوٹا ہو، پھر بھی تایا ہی ہوتا ہے۔ پھر 15 نومبر کو جب وہ کیک کاٹتی ہیں تو ان کی آنکھوں میں ایک عجیب سی فتح کی چمک ہوتی ہے،  گویا کہہ رہی ہوں کہ دیکھا تایا ابو، میں بڑی ہوں ۔۔  تم سلامت رہو ہزار برس ہر برس کے ہوں دن پچاس ہزار غالب اور جب 20 نومبر کو میری باری آتی ہے تو وہ چھپ چھپ کر مسکراتی ہیں اور کہتی ہیں کہ چلیں ٹھیک ہے، آج سے آپ پھر بڑے ہوگئے۔ یہ تو اک رسم جہاں ہے جو ادا ہوتی ہے ورنہ سورج کی کہاں سالگرہ ہوتی ہے نامعلوم مگر ہم دونوں جانتے ہیں کہ یہ لڑائی محبت ہی ...

بندہ غالب – ایک تخیلاتی مکتوب

Image
 بسم اللہ الرحمن الرحیم محترم میاں صاحب، السلام علیکم و رحمۃ اللہ آپ کا مرقومہ پایا۔ تحریر فرمایا کہ آج کل مشاعروں میں شاعر چبوترے پر گردش کرتے ہیں اور ہاتھ میں کوئی آلۂ صدا تھامے رہتے ہیں، میں نے دل تھام لیا ارے قبلہ، شعر خوانی کرتے ہیں یا چہل قدمی؟ یہ کیا تماشا برپا ہے کہ غزل کے دو مصرعوں کے درمیان شاعر کے دو قدم بھی ناپے جاویں۔  کیا کلام کی تاثیر اب آواز کے زیروبم سے بڑھ کر ہاتھ کے اشتہار میں ڈھونڈی جاوے گی؟  ہائے رے زمانہ پہلے لفظ دل سے نکلتا تھا تو سامع کے دل میں اترتا تھا، اب آلۂ صدا بلند سے نکلتا ہے تو دیواروں سے ٹکرا کر پلٹ آوے ہے۔ تم فرماتے ہو کہ عہد بدل گیا ہے، انداز نو ہے۔  میں عرض کرتا ہوں، واہ انداز نو ایجاد کرو مگر وقار سخن کو خاک میں نہ ملاؤ۔  ادب کی محفل رقص گاہ نہیں اور شاعر کا کام تماشہ گری نہیں۔ ہم نے تو نہ سنا کہ میر تقی میر نے شعر پڑھتے وقت ادائے محبوبہ بنائی ہو۔ مشاعرہ دراصل دلوں کی بزم تھی، جہاں ہر شاعر اپنے مصرع سے چراغ جلاتا اور سامعین اپنی خاموشی سے ہوا دیتے۔ شمع وسط میں جلتی تھی اور سب کے رخسار اس نور میں دمکتے تھے۔ اب شمع کی جگہ کوئ...

جہیز ۔۔ احساس کی شکست یا رسم کی جیت

Image
 جہیز ۔۔ احساس کی شکست یا رسم کی جیت؟ کچھ تصویریں لفظوں سے زیادہ بولتی ہیں، اور کچھ چہرے پوری صدیوں کی تھکن اپنے ساتھ لیے چلتے ہیں۔ ایک ایسی ہی تصویر نے دل ہلا دیا، ایک چھوٹی سی سوزوکی جس کے پیچھے جہیز کا سامان لدا تھا، اور اس کے ساتھ بیٹھے دو چہرے ماں اور باپ ۔۔۔۔  ان کے چہروں پر وہ مسکراہٹ نہیں تھی جو بیٹی کی رخصتی کے موقع پر ہوا کرتی ہے، بلکہ ایک خاموش کرب جیسے ہر برتن ہر پردہ ہر صندوق کے ساتھ ان کے دل کا ایک ٹکڑا بھی بیچ دیا گیا ہو۔ یہ تصویر صرف ایک گھر کی کہانی نہیں، یہ ہمارے پورے معاشرے کا آئینہ ہے، جہاں خوشی کی بنیاد قرض پر رکھی جاتی ہے اور محبت کی رسموں میں رواج کا زہر گھول دیا گیا ہے۔ حضرت میر تقی میر کا واقعہ صدیوں پرانا ہے مگر آج بھی زندہ ہے۔ کہا جاتا ہے جب ان کی بیٹی کی شادی ہوئی تو انھوں نے اپنا سب کچھ بیچ کر جہیز کا سامان اکٹھا کیا ۔۔۔۔ یہاں تک کہ چھت بھی ہاتھ سے نکل گئی اور وہ خود فٹ پاتھ پر جا بسے۔ جب بیٹی کو اس قربانی کا علم ہوا تو اسے ایسا صدمہ پہنچا کہ وہ چل بسی۔ تب میر کے لبوں سے وہ دردناک شعر نکلا جو آج بھی دل چیر دیتا ہے ۔۔۔ اب آیا خیال اے آرام جاں اس نام...

مشاعرے کی اصل روایت

Image
  مشاعرے کی اصل روایت ۔۔۔ بیٹھ کر کلام خوانی کے آٹھ سو سالہ شواہد آج کے مشاعروں میں ایک نئی روش دیکھی جا رہی ہے شعرا مائیک ہاتھ میں لے کر اسٹیج پر چلتے پھرتے ہوئے اپنا کلام پیش کرتے ہیں۔ بظاہر یہ انداز جاذب نظر سہی، مگر ہم مشاعرے کی تاریخ پر نگاہ ڈالیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ ہماری اصل روایت ہمیشہ بیٹھ کر کلام خوانی کی رہی ہے۔ قریب آٹھ سو برس قبل امیر خسرو نے اپنی کتاب قرة الکمال کے دیباچے میں جس ہیئتِ مشاعرہ کا ذکر کیا ہے اس میں شعرا دائرے کی صورت میں بیٹھتے تھے۔ درمیان میں ایک شمع رکھی جاتی جو باری باری ہر شاعر کے سامنے لائی جاتی۔ جس کے سامنے شمع ہوتی وہی اپنا کلام سناتا۔ یہی وہ روایت تھی جس نے مشاعرے کو ادب و احترام کا ایک باوقار منظر بنا دیا۔ اٹھارویں صدی میں میر تقی میر اور خواجہ میر درد کے عہد میں مشاعرے چھوٹے ادبی حلقوں کی صورت میں منعقد ہوتے تھے۔ یہ بڑے عوامی اجتماعات نہیں ہوتے تھے بلکہ اہل ذوق کی مجلسیں ہوتی تھیں جہاں ہر شاعر اپنی نشست پر بیٹھا ہی اپنا کلام پیش کرتا۔ یہی سکون اور وقار اس روایت کی روح تھا۔ شاہ عالم ثانی کے زمانے میں جب لال قلعہ میں پہلا شاہی مشاعرہ ہوا تو دربا...

ادبی تبصرہ بر مضمون۔۔۔ادب کا مطالعہ ضروری کیوں

Image
 https://www.express.pk/story/2761937/why-is-it-important-to-study-literature-2761937/ ادبی تبصرہ بر مضمون، ادب مطالعہ ضروری کیوں نے از ۔۔ جبار قریشی جبار قریشی صاحب کا مضمون ادب کا مطالعہ ضروری کیوں۔ دراصل ایک فکری و روحانی سفر کی روداد ہے یہ صرف ایک طالب علم کی ذہنی تبدیلی کا بیان نہیں بلکہ ایک ایسے انسان کے اندر کے بیدار احساسات کی جھلک ہے جو ابتدا میں سیاست کو سماجی اصلاح کا واحد ذریعہ سمجھتا ہے مگر وقت کے ساتھ یہ حقیقت دریافت کرتا ہے کہ اصل تبدیلی تو دلوں کے موسم بدلنے سے آتی ہے اور وہ تبدیلی ادب کے بغیر ممکن نہیں۔ مصنف نے نہایت سادگی مگر عمیق بصیرت سے بتایا ہے کہ انسان میں احساس کی قوت ہی اسے انسان ہونے کا شرف عطا کرتی ہے۔ سیاست تصادم سے تبدیلی چاہتی ہے مذہب تلقین سے مگر ادب خاموشی سے دلوں میں اتر کر زاویۂ نظر بدل دیتا ہے۔ یہی ادب کا جادو ہے جو تربیت بھی دیتا ہے اور تہذیب بھی۔ کسی کو گھر سے نکلتے ہی مل گئی منزل کوئی ہماری طرح عمر بھر سفر میں رہا احمد فراز یہ شعر قریشی صاحب کے فکری ارتقا کا خلاصہ ہے۔ جس شعوری سفر کا انہوں نے ذکر کیا ہے وہ فوری منزل کا نہیں بلکہ عمر بھر کے احسا...

شہر قائد کے کئی وارث ۔۔ فٹ پاتھ سے ڈمپر ٹینکر مافیا تک

Image
  شہر قائد کے کئی وارث ۔۔ فٹ پاتھ سے ڈمپر، ٹینکر مافیا تک ۔۔ کراچی کا حال اب کسی جائیداد کے جھگڑے سے کم نہیں۔ یہاں ہر شخص خود کو شہر کا وارث برحق سمجھتا ہے، اور ہر برادری کے پاس اپنا شہری شجرہ نسب موجود ہے۔ چائے والے فرماتے ہیں، صاحب، یہ فٹ پاتھ تو ہمارے بزرگوں کی میراث ہے، ہم تو بس چائے بیچ کر رزق حلال کما رہے ہیں۔ ادھر ڈمپر والے اعلان کرتے ہیں، یہ سڑکیں ہماری ہیں مٹی ہماری گرد ہماری باقی سب مہمان ہیں ۔۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ کراچی کوئی شہر نہیں بلکہ ایک خاندانی وصیت ہے جس پر روز نئے دستخط اور نئے دعوے ثبت کیے جا رہے ہیں۔ فٹ پاتھوں پر چائے والوں کی سلطنت ہے سڑکوں پر ڈمپر اور ٹینکر برادری کا اقتدار، گلیوں میں کیبل والوں کی حکومت اور آسمان پر اشتہاروں کی آمریت ۔۔۔۔۔ بیچارہ شہری اگر کہیں باقی ہے تو شاید کسی دھوئیں کے بادل میں قید ہو۔ حالیہ دنوں چائے والوں کی ایسوسی ایشن نے اعلان کیا کہ ہم اپنے حقوق کے لیے میدان میں اتریں گے۔ عرض ہے حضور آپ تو پہلے ہی فٹ پاتھ کے بادشاہ ہیں اب اگر سڑکیں بھی آپ کے زیر نگیں آئیں گی تو ہم پیدل چلنے والے کہاں جائیں؟ یا تو ہمیں ہوا میں چلنے کی تربیت دیجیے، ی...