علمی اختلاف سے مسلکی یلغار تک امت کو جوڑنے کی ایک مخلصانہ کوشش
علمی اختلاف سے مسلکی یلغار تک امت کو جوڑنے کی ایک مخلصانہ کوشش تحریر: اختر شیخ دین اسلام کی بنیاد اتحاد، محبت اور انسانیت کی بھلائی پر ہے۔ عصر حاضر میں مسلمانوں کے درمیان مسلکی دوریاں اور فروعی اختلافات جس شدت کے ساتھ نظر آتے ہیں، وہ کسی بھی مخلص دل کو بے چین کر دیتے ہیں۔ یہ تحریر کسی مسلک کی تردید یا تنقید کے لیے نہیں، بلکہ محبت، حقیقت پسندی اور اصلاح کے جذبے کے ساتھ تاریخ کے ان اوراق کو سمجھنے کی ایک کوشش ہے جو ہمیں تفرقے سے نکال کر دوبارہ الفت کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ دین اسلام کی وسعت اور عہد رسالت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب صحابہ کرام کی تربیت فرمائی، تو انہیں دین کے بنیادی عقائد یعنی توحید، رسالت، اور آخرت پر مضبوطی سے جوڑ دیا۔ ان بنیادی اصولوں میں کوئی اختلاف نہیں تھا۔ البتہ، احکامات کی تعبیر اور الفاظ کے فہم میں علمی نوعیت کا تنوع عہد رسالت ہی سے موجود تھا۔ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کو بنو قریظہ جانے کا حکم دیا اور راستے میں نماز کا وقت ہوا، تو کچھ صحابہ نے حکم کے ظاہری الفاظ پر عمل کرتے ہوئے وہاں پہنچ کر نماز پڑھی، جبکہ دوسرے گروہ نے حکم ک...