Posts

Showing posts from September, 2025

زبان کا وقار ۔۔۔لفظوں کی خوشبو یا زہر

Image
  زبان کا وقار ۔۔۔لفظوں کی خوشبو یا زہر بولنا تو انسان بچپن کے دو برسوں میں ہی سیکھ جاتا ہے، مگر اصل کمال یہ نہیں کہ زبان سے الفاظ ادا ہو جائیں بلکہ یہ ہے کہ کہاں بولنا ہے، کب بولنا ہے اور کتنا بولنا ہے۔ زندگی کی طویل مسافت اسی ہنر کو سمجھنے میں صرف ہو جاتی ہے۔ بسا اوقات ایک غیر ضروری جملہ انسان کو پچھتاوے کی اندھیری وادیوں میں دھکیل دیتا ہے اور کبھی بر وقت خاموشی وقار و عزت کی چادر پہنا دیتی ہے۔ لفظ محض آواز نہیں یہ انسان کی پہچان اور اس کے ظرف کا آئینہ ہوتے ہیں۔ شائستگی کا حسن اس میں پوشیدہ ہے کہ بات ایسی ہو جو دلوں کو زخمی نہ کرے اور لب و لہجہ ایسا ہو جو نرمی اور برداشت کی روشنی لیے ہوئے ہو۔ بولنا اگر فن ہے تو خاموش رہنا اس سے بھی بڑی دانش ہے۔ یہی سبب ہے کہ اہل دانش کہا کرتے ہیں کہ انسان کو دو کان اور ایک زبان اسی لیے عطا کی گئی ہے کہ وہ سنے زیادہ اور بولے کم۔ درحقیقت زبان کو قابو میں رکھنا ہی اصل تہذیب اور کمال انسانی ہے، کیونکہ یہی زبان کبھی دلوں کو جوڑ دیتی ہے اور یہی زبان اگر بے قابو ہو جائے تو برسوں کی محنت اور محبت کو اجاڑ دیتی ہے۔ یوں کہنا بجا ہوگا کہ بولنے کا سلیقہ سیکھن...

۔۔۔لالٹین کے دن۔۔۔

Image
  ۔۔۔لالٹین کے دن۔۔۔ ہمارے بچپن کا زمانہ وہ تھا جب گھروں میں کیا، پورے محلے میں بجلی نام کی کوئی چیز نہیں تھی۔ رات ڈھلے اندھیرا یوں چھا جاتا جیسے آسمان نے پورا شہر اپنی چادر میں لپیٹ لیا ہو اور ایسے میں روشنی کا سہارا صرف لالٹین ہوتی تھی۔ یا چاندنی راتوں میں چاند کی روشنی۔ ہمارے گھر میں ایک نہیں تین تین لالٹینیں تھیں۔ ایک صحن میں رکھی جاتی تاکہ آنے جانے والے کا قدم نہ ڈگمگا جائیں، ایک برآمدے میں جہاں سب بیٹھتے اور تیسری کبھی باورچی خانے یا دوسرے کمرے میں جلتی۔ جیسے آج کل ہر گھر میں بلب اور پنکھے لازمی ہیں، اس وقت لالٹین کا ہونا اتنا ہی ضروری تھا۔ مجھے آج بھی یاد ہے کہ جب میں محلے کے ایک دوست کے گھر پڑھنے جاتا تھا تو اپنی لالٹین ساتھ لے کر جاتا۔ پوری گلی اندھیرے میں ڈوبی ہوتی اور ہاتھ میں جلتی لالٹین کا چھوٹا سا اجالا راستہ دکھاتا۔ وہ منظر آج بھی آنکھوں کے سامنے ہے، اندھیری گلیاں، قدموں کی چاپ اور لالٹین کے شیشے پر جھومتی ہوئی بتی کی لو، کبھی ہوا کا جھونکا آ جاتا تو ایسا لگتا جیسے لالٹین بھی ڈر کے کانپ رہی ہو۔ دوست کے گھر جا کر وہی لالٹین کتاب پر رکھی جاتی اور اسی روشنی میں سبق یاد ...

ناظم آباد میری مٹی میرا مان

Image
  "یادوں کے جگنو" ناظم آباد میری مٹی میرا مان ۔۔۔۔۔۔ یادیں بھی عجیب ہوتی ہیں وقت کے کسی بھولے بسرے کونے سے اچانک جھانک لیتی ہیں۔ کبھی کسی چوراہے پر کھڑے درخت کی چھاؤں میں بچپن کی ہنسی گونجتی ہے تو کبھی کسی پرانی گلی کی دیوار پر لگی اینٹ سے باتیں ہونے لگتی ہیں کچھ علاقوں کا رشتہ محض رہائش سے نہیں ہوتا وہ دل کی دھڑکن بن جاتے ہیں  وہ لفظ نہیں احساس ہوتے ہیں۔ میرے لیے ناظم آباد بھی ایسا ہی ایک احساس ہے۔ جس میں میری بچپن کی سائیکل ہے، دوستیوں کی خوشبو ہے اسکول کی گھنٹی ہے، مسجد کی اذان ہے گلیوں کی رونق ہے اور محبت سے لبریز وہ سب چہرے ہیں  جنہوں نے میری ذات کی دیوار پر روشنی کے جگنو چمکائے ۔۔۔۔۔  یہ مٹی بہت مہنگی ہے اس مٹی میں درد چھپا ہے جو خوابوں کا مول ادا کرے وہی اس کا وارث کہلائے (احمد ندیم قاسمی) ناظم آباد خوابوں کا پہلا پتہ ہے۔  ہجرت کی کہانی جب نم آنکھوں اور زخمی قدموں کے ساتھ کراچی پہنچی تو شہر کی گود میں ایک ایسا گوشہ آباد ہوا جسے ہم نے ناظم آباد کہا اس سے پہلے یہاں چھوٹے چھوٹے سندھی اور بلوچی گاؤں ہوا کرتے تھے جن کے ارد گرد خاموشی آباد تھی، اور شہر کے ہنگام...

ٹارزن اور روزنامہ جنگ

Image
  یادوں کے جگنو (ٹارزن اور روزنامہ جنگ) وقت کی دھند سے جب کوئی بچپن کا منظر اچانک ابھر آئے تو دل کی زمین پر روشنی پھیل جاتی ہے۔ یہ روشنی وہی جگنو ہے جو برسوں بعد بھی ہمیں اپنی طرف کھینچ لاتا ہے۔ ایک وقت تھا جب ہمارے لئے روزنامہ جنگ کا مطلب ہی صرف ٹارزن کی کہانی ہوا کرتا تھا۔ اخبار کے باقی صفحات جیسے کسی اور دنیا کے تھے، سیاست، معیشت، حادثات، کچھ بھی دل کو نہ بھاتا۔ ہمیں تو بس وہ ایک صفحہ چاہیے ہوتا تھا جس پر جنگل کے بیٹے ٹارزن کی نئی مہم چھپی ہوتی۔۔۔۔۔۔ صبح ہوتے ہی دل بےچین سا رہتا، ناشتہ کیا اور سیدھا دوڑ لگا دی محلے میں اخلاق ماما کی دکان کی طرف۔ اخبار کے تازہ کاغذ کی خوشبو اور سیاہی کی مہک کے ساتھ جیسے ٹارزن خود سامنے آ جاتا۔ میں وہیں کھڑے کھڑے پوری قسط پڑھ ڈالتا۔ پھر جیسے جنگل کی فضا ساتھ لے کر گھر لوٹتا، دل میں خوشی، ذہن میں مہم جوئی اور آنکھوں میں وہی سرسبز درختوں اور جھولتی بیلوں کے منظر ۔۔۔۔۔۔ (کہانیاں کچھ یوں ہوتیں) ٹارزن نے شیر کے دہاڑنے کی آواز سنی۔ گھنے درختوں کے بیچ خاموشی چھا گئی۔ اچانک وہ ایک بیل سے جھولتا ہوا نیچے آیا اس کی للکار فضا میں گونج اٹھی۔ شیر رکا، پھر جھپٹ...

عوام مجرم۔۔۔ادارے بری الذمہ

Image
  عوام مجرم۔۔۔ادارے بری الذمہ ہیلمٹ نہ پہننے پر دو ہزار روپے جرمانہ، غلط جگہ پارکنگ پر دو ہزار روپے جرمانہ، ممنوعہ سمت گاڑی لے جانے پر پانچ سو روپے جرمانہ، بائیک پر تین افراد بیٹھنے پر دو ہزار روپے جرمانہ، پلاسٹک کے ہیلمٹ پر پانچ ہزار روپے جرمانہ، ٹریفک سگنل توڑنے پر ایک ہزار روپے جرمانہ، ون وے کی خلاف ورزی پر دو ہزار روپے جرمانہ، اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر بھی دو ہزار روپے جرمانہ۔ یہ سب سن کر یوں لگتا ہے جیسے شہری صرف جرمانے بھرنے کے لیے ہی پیدا کیے گئے ہیں۔ مگر دوسرا منظر دیکھئے۔ سڑکوں پر جا بجا گڑھے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں۔ گلیوں میں سیوریج اور بارش کا پانی جمع رہتا ہے مگر کوئی ذمہ دار نہیں۔ مین ہولز کے ڈھکن غائب ہیں، حادثے ہوتے ہیں مگر کوئی جواب دہ نہیں۔ سرکاری اسپتالوں میں دوائیاں نہیں ملتیں مگر کوئی ذمہ دار نہیں۔ سگنل خراب پڑے رہتے ہیں مگر کوئی دیکھنے والا نہیں۔ سڑک کھودی جاتی ہے مگر مرمت کا نام نہیں۔ سیاسی فلیکسز اور بینرز چہار سمت آویزاں ہیں، فٹ پاتھوں پر تجاوزات نے قبضہ کر رکھا ہے، کچرا کنڈیاں ابلتی رہتی ہیں، رات کو سڑکوں پر اندھیرا چھایا رہتا ہے مگر کوئی...

ظم آباد اور ہم لالچ کے سودے اور علاقے کی تباہی ناظم آباد کا

Image
ناظم آباد اور ہم  لالچ کے سودے اور علاقے کی تباہی ناظم آباد کا جب بھی ذکر خیر آتا ہے تو اکثر میرے قابلِ احترام احباب یہ کہتے ہیں کہ اب ناظم آباد تباہ ہو گیا ہے جو بات پہلے تھی وہ اب باقی نہیں رہی۔ لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس عظیم علاقے کی زوال پذیری کے اصل ذمہ دار کوئی اور نہیں خود ہم ناظم آبادی ہیں۔ وہ ناظم آبادی جو 80 اور 85 کی دہائی میں یہاں سے دیگر علاقوں میں منتقل ہو گئے، وہ تو اس تبدیلی کے ذمہ دار نہیں ۔۔۔ مگر اس کے بعد اکثر نے جائداد کی تقسیم کے معاملات میں اپنی زمینیں کسی موزوں اور اہل فرد کو دینے کے بجائے بلڈرز کے ہاتھ فروخت کر دیں، کیونکہ بلڈرز مافیا منہ مانگی قیمت ادا کرتا تھا۔ اب سوال یہ ہے کہ پھر ہم کیوں بلڈرز کو الزام دیتے ہیں؟؟ کیا وہ آسمان سے فلیٹ لا کر ناظم آباد میں کھڑے کر رہے ہیں؟؟؟  اتنی نہ بڑھا پاکیٔ داماں کی حکایت دامن کو ذرا دیکھ، ذرا بندِ قبا دیکھ (مصطفیٰ خاں شیفتہ) یہی حال ہوٹلوں کا بھی ہے۔ کیا یہ کسی نے ہم پر زبردستی مسلط کیے ہیں؟؟؟ ہرگز نہیں۔ یہ بھی ہماری ہی رضا مندی اور مالی لالچ کے نتیجے میں ممکن ہوا۔ ہم نے خود اپنی علاقوں کے دروازے ان کے لیے کھولے، ...

جب رب راضی ہونے لگتا ہے

Image
  جب رب کسی بندے سے راضی ہونے لگتا ہے تو سب سے پہلے اس کے دل کے دریچے کھلنے لگتے ہیں اور وہ اپنی ذات کے عیوب کو پہچاننے لگتا ہے، یہ پہچان دراصل انسان کے باطن کی بیداری ہے۔ آدمی جب دوسروں کے عیب دیکھنے کے بجائے اپنی کمزوریوں پر نظر ڈالتا ہے تو یہی اس بات کی علامت ہوتی ہے کہ اس پر اللہ کی خاص نظر کرم ہے۔ اپنی کوتاہیوں اور لغزشوں کا احساس پیدا ہو جانا کسی بڑی نعمت سے کم نہیں، کیونکہ یہ احساس ہی اصلاح کی طرف پہلا قدم ہے۔ بندہ جب اپنی غلطیوں سے واقف ہو جائے اور ان پر پشیمانی دل میں جاگزیں ہو جائے تو پھر اس کی راہیں بدلنے لگتی ہیں، خیالات نکھرنے لگتے ہیں اور دل میں عاجزی و انکساری کی روشنی اترنے لگتی ہے۔ دراصل یہ کیفیت اس بات کی دلیل ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندے کے لئے اپنی رحمت کے دروازے کھول دیے ہیں، اور یہی اس کی رضا کی پہلی جھلک ہے جو دل کے اندر احساس کی صورت میں نمودار ہوتی ہے۔ جیسا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا فرمان ہے ۔۔۔۔   جس نے اپنے عیب پہچان لیے، وہ دوسروں کے عیب ڈھونڈنے سے بچ گیا۔ اور ایک بزرگ نے فرمایا، سب سے بڑی نعمت یہ ہے کہ انسان کو اپنی کمیوں اور خامیوں کا شعور نص...

ایثار کا چراغ اور قربانی کی منزل

Image
  ایثار کا چراغ اور قربانی کی منزل ساری دنیا سے جیتنے والا باپ اپنی اولاد سے ہار جاتا ہے، یہ شکست دراصل شکست نہیں بلکہ وہ انمول کامیابی ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ انسان ساری زندگی دنیا کے دشت و بحر میں جدوجہد کرتا ہے، کائنات کی بازی جیتنے کے خواب میں اپنی خواہشات کو قربان کرتا ہے، اپنی راحتوں کو چھوڑ دیتا ہے، اپنے شب و روز کو محنت اور ایثار کی بھٹی میں جھونک دیتا ہے، صرف اس لیے کہ اس کی اولاد کا چہرہ مسکرائے، اس کے قدم ڈگمگائیں نہیں، اس کے خواب ادھورے نہ رہیں۔ باپ کی ہمت صبر کی انتہا کو چھو لیتی ہے، وہ تھکن کو دل پر آنے نہیں دیتا، مگر جب اپنی ہی اولاد کے آگے دل ناتواں ہو جائے تو یہی لمحہ انسان کی اصل سرشاری ہے۔ وہ خوشی سے اپنی ہار قبول کر لیتا ہے، اس لیے کہ اس کی ہار دراصل اولاد کی جیت ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں باپ کا غرور ٹوٹتا نہیں بلکہ عروج پاتا ہے، یہی وہ لمحہ ہے جہاں وہ دنیا کی ساری فتوحات بھلا کر اس ایک شکست پر فخر کرتا ہے۔ یہ ہار محبت کی معراج ہے، قربانی کی منزل ہے، ایثار کا چراغ ہے۔ دنیا کے تاجور، فاتح اور حکمران بھی ایسی شکست سے محروم ہیں جسے صرف ایک باپ جانتا ہے۔...

دل کی روشنی میں برادر من اخلاص کا جگنو

Image
  یادوں کے جگنو دل کی روشنی میں برادر من اخلاص کا جگنو یادوں کے دیے جلتے ہیں، دل کے آئینے میں کچھ چہرے کبھی پرانے نہیں ہوتے… ناظم آباد کی گلیاں عجیب کمال رکھتی ہیں۔ وقت کتنا بھی گزر جائے، مگر وہاں کے چہرے، محبتیں اور رشتے دل کے دریچوں میں یوں محفوظ رہتے ہیں جیسے چراغ کے اندر جلتا ہوا دیا۔ انہی جگمگاتے دیوں میں تین بھائیوں کی صورتیں ہمیشہ میرے دل میں روشن رہتی ہیں۔۔۔ فرید شیخ مرحوم، اقبال شیخ عرف بالے بھائی، اور برادر عزیز اخلاص۔ سرسید کالج کے برابر وہی پیٹرول پمپ … جہاں سے نہ صرف گاڑیوں کے ٹینک بھرتے تھے بلکہ دلوں کے رشتے بھی توانائی پاتے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔ فرید بھائی اور بالے بھائی پر تو میں خاکے لکھ چکا ہوں، لیکن اخلاص بھائی سے ملاقات نہ ہو پانے کی کمی ہمیشہ کھٹکتی رہی۔ بالآخر بدھ کی رات ناظم آباد کی بیٹھک میں بات طے ہوئی کہ کل جمعرات کو یہ کمی بھی پوری کی جائے گی اور یوں، ایک پرانی حسرت نے نئے چراغ کی صورت اختیار کی۔ پھر یوں ہوا کہ بالے بھائی کا حیدری مارکیٹ کے سوئی گیس دفتر میں کچھ کام نکلا۔ انہوں نے چار بجے فون کیا کہ یہاں آ جاؤ، پھر ہم اخلاص بھیا کی طرف چلیں گے۔ میں بھی دس منٹ میں و...

ٹرین ایک خواب جو جیتا جاگتا رہا۔۔۔۔۔۔

Image
  یادوں کے جگنو ٹرین ایک خواب جو جیتا جاگتا رہا۔۔۔۔۔۔ کچھ خواب ایسے ہوتے ہیں جو سوتے میں نہیں جاگتے میں آتے ہیں اور پھر زندگی کے ساتھ ساتھ چلتے رہتے ہیں۔ میرے دل میں ٹرینوں کا ایک ایسا ہی خواب بسا رہا ہے ۔۔۔۔ برسوں سے دہائیوں سے۔۔۔۔ شاید بچپن کی کسی دھندلی دوپہر میں آنکھوں میں اترا اور پھر کبھی نکلا ہی نہیں۔ جانے کس کی آس لگی ہے جانے کس کو آنا ہے کوئی ریل کی سیٹی سن کر سوتے سے اٹھ جاتا ہے (صابر وسیم) کچھ دن پہلے میں نے اپنے دل کی یہی کیفیت “یادوں کے جگنو” کے عنوان سے لکھ ڈالی ..... وہ بچپن کی ضد وہ سکھر کی پٹڑی وہ اسلام الدین کے کباب اور وہ گیارہ بجے کی سکھر ایکسپریس ۔۔۔۔۔۔  (ایک ادھورا خواب) جو اب صرف آنکھوں میں نہیں ویڈیوز میں دیکھا جاتا ہے۔ اسی تحریر کو پڑھ کر میرے برادر من سہیل احمد  جو میرے ہم مکتب اور ناظم آباد نمبر 1 کے ساتھی ہیں، ایک عجیب محبت کے ساتھ سامنے آئے۔ پہلے ترکی کی ٹرینوں کے خوبصورت مناظر دکھائے اور آج اپنے رہائشی ملک آئرلینڈ کی ٹرینوں کی حیرت انگیز ویڈیوز بھیجیں۔ کیا کہوں؟ یہ صرف ویڈیوز نہیں تھیں یہ میرے خواب کی نئی قسطیں تھیں۔ جب میں نے آئرلینڈ کی ان و...

ٹرین… ایک ادھورا خواب

Image
یادوں کے جگنو ٹرین… ایک ادھورا خواب بچپن کے خواب بڑے سچے اور بڑے ضدی ہوتے ہیں ۔۔۔ جیسے میرا خواب۔۔ ریلوے لائن کے کنارے بیٹھ کر ٹرینیں دیکھنا بس دیکھتے رہنا۔ سکھر میں خالہ جان کے گھر کے پیچھے ریلوے لائن کے قریب جا بیٹھتا اور گھنٹوں ٹرین کی آمد و رفت کو تکتا رہتا، گھر والوں کو بھی معلوم تھا کہ یہ بچہ جب گم ہو تو ریلوے لائن جا کر تلاش کرو، کہیں پٹڑی کے آس پاس کسی خواب میں کھویا مل جائے گا۔ وہ آتے، ڈانٹتے پر میں تو بچپن کے عشق میں مبتلا تھا ۔۔۔ ٹرینوں کا عاشق ۔۔۔۔۔ پھر بچپن جوانی میں بدلا مگر شوق کا بچپنا نہ بدلا۔ اب جب بھی ٹرین کا دھواں اڑتا یا سیٹی سنائی دیتی دل کا انجن ویسے ہی دوڑنے لگتا۔ بس فرق یہ پڑا کہ ساتھ دو کزن دوست علی احمد اور فاروق بھی شامل ہو گئے۔ کراچی سے سکھر کا سفر یوں کرنے لگے جیسے ناظم آباد سے لانڈھی جانا ہو۔ صبح شالیمار ایکسپریس پکڑتے، دن چڑھے روہڑی اترتے، رکشہ لیتے اور سیدھا خالہ جان کے دروازے پر ۔۔۔۔۔ نہانا دھونا ایک رسمی سا وقفہ تھا اصل مقصد تو شام کا انتظار ہوتا ۔۔ اسلام الدین کے کباب ۔ اسلام الدین والے ہمیں اچھی طرح جان چکے تھے۔ وہ ہمیں دیکھ کر مسکرا دیتے اور ہمیں پ...

گرینڈ ماسٹر رضوان مصطفیٰ زبیری

Image
  یادوں کے جگنو (ناظم آباد نمبر 1 کا درخشاں ستارہ گرینڈ ماسٹر رضوان مصطفیٰ زبیری) ناظم آباد کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ اس بستی نے ہمیشہ ایسے ہنر مند اور باکمال لوگ پیدا کیے ہیں جنہوں نے نہ صرف اپنے علاقے بلکہ ملک و قوم کا نام بھی بلند کیا۔ انہی درخشاں ستاروں میں ایک نام گرینڈ ماسٹر رضوان مصطفیٰ زبیری کا بھی ہے۔ مارشل آرٹس کے سفر کا آغاز انہوں نے 1977 میں کیا اور محض چھ برس بعد 1983 میں زبیری مارشل آرٹس سینٹر قائم کیا، جہاں پہلا ڈوجانگ کھولا گیا۔ یہ وہ بنیاد تھی جس نے پاکستان میں تائیکوانڈو کے فروغ کو نئی سمت دی۔ پاکیڈو، کیو ڈونگ اور کیو ڈونگ ٹونگ جیسے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں ان کی پہچان بنیں ۔۔۔۔ کیا یہ کم ہے کہ وہ 1982 میں انٹر کالج جودو اور کراٹے چیمپئن قرار پائے؟ 1986 میں صوبائی و قومی سطح پر تائیکوانڈو کے چیمپئن رہے اور کئی گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔ ان کا شمار پاکستان کے ممتاز سینئر ماسٹر انسٹرکٹرز میں ہوتا ہے۔ لیکن بات صرف مقابلے جیتنے تک محدود نہیں، ان کا اصل امتیاز یہ ہے کہ انہوں نے فن کو سکھانے اور نسلوں کی تربیت کو اپنی اصل منزل بنایا۔۔۔ 1983 میں جب انہوں نے کراچی سٹی...

رشتے نبھانے کا فن

Image
  رشتے نبھانے کا فن رشتے محض ناموں اور رشتے داری کے دھاگوں سے قائم نہیں رہتے، یہ دل کے سچے احساسات اور باہمی اعتبار سے پروان چڑھتے ہیں۔ تعلق بنانا آسان ہے مگر اسے نبھانا اصل فن ہے، اور یہ فن دولت یا دنیاوی آسائشوں کا محتاج نہیں بلکہ خلوص، ایثار اور قربانی کا متقاضی ہے۔ دولت سے انسان جسم خرید سکتا ہے مگر دل نہیں، تحفے دے سکتا ہے مگر اپنائیت نہیں، گھر سجا سکتا ہے مگر سکون نہیں۔ سکون تو تب ملتا ہے جب انسان دوسرے کے درد کو اپنا درد سمجھے، دوسروں کی مسکراہٹ کو اپنی خوشی جانے اور کسی کے آنسو پونچھنے کو اعزاز سمجھے۔ رشتے نازک شیشے کی طرح ہوتے ہیں، ان پر معمولی سی بے توجہی یا انا کی گرد بیٹھ جائے تو چمک کھو بیٹھتے ہیں۔ انہیں قائم رکھنے کے لیے بڑے دعووں یا کھوکھلے وعدوں کی نہیں بلکہ چھوٹی چھوٹی باتوں میں سچے احساس کی ضرورت ہوتی ہے۔ اکثر ہم دیکھتے ہیں کہ خاندان کے بڑے مالی وسائل رکھنے کے باوجود تنہائی کا شکار ہیں کیونکہ ان کے گرد محبت نہیں بلکہ مفاد کا حصار ہوتا ہے، جبکہ ایک غریب ماں باپ اپنے خلوص اور قربانی سے ایسا جادو کرتے ہیں کہ ان کا ٹوٹا پھوٹا آنگن بھی جنت کا سا سکون دیتا ہے۔ یہی فرق ہ...

میسر اتنے رہو کہ قدر برقرار رہے

Image
میسر اتنے رہو کہ قدر برقرار رہے یہ محض ایک جملہ نہیں بلکہ زیست کا نایاب اور ابدی فلسفہ ہے۔ انسان کی اصل رفعت اور شرافت اسی میں ہے کہ وہ اپنی موجودگی کو اس پیمانے پر قائم رکھے جہاں اس کی اہمیت مجروح نہ ہو اس کا وقار سلب نہ ہو اور اس کی محبت کی ضیاء کبھی مدھم نہ پڑے۔ یہی وہ نکہت خیال ہے جو دل کے نہاں خانوں کو معطر رکھتی ہے۔ حیات انسانی کے رشتوں میں سب سے بڑی آزمائش کثرت ہے۔ کثرت قربت، چاہے ملاقاتوں کی ہو یا مکالموں کی، اکثر محبت کو سطحیت کی جانب دھکیل دیتی ہے۔ بار بار کی دستیابی رشتوں کی تاثیر کو زائل کر دیتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر خوشبو ہر لحظہ فضا میں رچی بسی رہے تو انسان رفتہ رفتہ اس کے احساس سے بے نیاز ہو جاتا ہے، لیکن وہی خوشبو اگر وقفوں وقفوں سے میسر آئے تو دل اور حواس دونوں اسے نہ صرف شدت سے محسوس کرتے ہیں بلکہ اس کے اثر میں مزید گہرائی پیدا ہو جاتی ہے۔ یہ وہی کیفیت ہے جسے صوفیا زمزمۂ سکوت اور نغمۂ خاموشی سے تعبیر کرتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ انسانی رشتے بھی کچھ ایسے ہی ہیں۔ قربت کی لذت اسی وقت باقی رہتی ہے جب اس میں توازن اور اعتدال کا رنگ ہو۔ حد سے زیادہ نزدیکی اکثر محبت کو زوال کی طرف ل...

تشریف کی آگ

Image
  تشریف کی آگ محفل فیس بک کی ایک انوکھی بات یہ ہے کہ یہاں ہر روز کوئی نہ کوئی اپنی دانش کی پٹاری کھول کر بیٹھ جاتا ہے۔ کچھ حضرات تو ایسے ہیں کہ ہر خبر کے پیچھے گویا خود موجود ہوتے ہیں، ان کے بقول وہی اصل چشم دید گواہ ہیں۔ ہمارے ایک فیس بک دوست بھی ایسے ہی تھے جو روز کوئی نہ کوئی انکشاف فرما دیتے اور ہم بھی ازراہ محبت سنتے، مسکراتے اور آگے بڑھ جاتے۔۔۔۔۔۔ مگر ایک روز محفل کا رنگ ہی بدل گیا۔ ان کے سب فیس بک دوستوں نے یک زبان ہو کر ان سے پوچھ لیا ۔۔۔۔  جناب، آپ کی دی ہوئی خبر درست ہے تو اس کا کوئی حوالہ، کوئی لنک بھی دکھا دیجیے۔ اب وہی پرانی مثل یاد آئی کہ ایک جھوٹ کے لیے سو جھوٹ گھڑنے پڑتے ہیں۔ بیچارے نے کبھی دائیں ہاتھ بڑھایا، کبھی بائیں، کبھی آگے بڑھے تو کبھی پیچھے ہٹے، مگر لنک ایک نہ دے سکے۔ یوں کہنا چاہیے کہ محفل کی گرمی بڑھتے بڑھتے "تشریف کی آگ" بن گئی۔ سب نے اپنے اپنے سوالات کی چھریاں نکال لیں اور ان صاحب پسینہ نکل گیا ۔۔۔ لیکن کہانی یہیں ختم نہیں ہوئی۔ دو تین دن گزرے تو انہی صاحب نے سبھی فیس بک احباب کے سامنے نہایت شرافت سے معذرت پیش کی اور یہ کہا کہ قصور میرا ہے۔ مجھے با...

عوام کی جیب اور کمشنر صاحب کی ریٹ لسٹ

Image
  عوام کی جیب اور کمشنر صاحب کی ریٹ لسٹ ہمارے عزت مآب کمشنر کراچی صاحب نہایت باقاعدگی سے روز اشیائے خورد و نوش کی ریٹ لسٹ جاری فرماتے ہیں۔ فہرست پڑھ کر دل میں گھنٹیاں بجنے لگتی ہیں کہ اب شاید سستی دالیں اور آٹا ہمارے کچن میں رقص کناں ہوں گے۔ لیکن افسوس یہ صرف وہم و گمان ہی رہتا ہے۔ مجال ہے کہ یہ ریٹ لسٹ کسی دکان پر نظر آ جائے۔ اگر کبھی دکھ بھی جائے تو صرف دیوار پر چسپاں، جیسے کسی ادب کی کتاب کا حوالہ ہو جسے پڑھنے کے بعد بند کر کے رکھ دیا جائے ۔  گاہک لسٹ دکھا کر خوش فہمی میں کہتا ہے، بھائی صاحب، آٹا تو 98 روپے کلو لکھا ہے۔ دکاندار مسکرا کر جواب دیتا ہے، جی بالکل لکھا ہے لیکن یہ کہانی ہے، حقیقت نہیں !! پھر دونوں طرف سے دلیلیں، بحث اور کبھی کبھار غصے میں ہاتھ بھی چلنے لگتے ہیں۔ عوام سوچتی ہے کمشنر صاحب نے کاغذ پر ریلیف دے دیا اور دکاندار کہتا ہے کہ حالات نے ہمیں حقیقت میں لوٹ لیا ۔۔۔۔۔ اب سوال یہ ہے کہ ایسی لسٹ جاری کرنے کا آخر فائدہ کیا ہے جس پر نہ دکاندار عمل کرے اور نہ گاہک کو یقین آئے؟؟؟ اگر یہ صرف پڑھنے کے لیے ہے تو اسے ادب و لطیفے کے صفحات پر شائع کر دینا چاہیے کم از کم قا...

اجمل سراج کی پہلی برسی پر مرحوم کی یاد میں)

Image
  یادوں کے جگنو (اجمل سراج کی پہلی برسی پر مرحوم کی یاد میں) کچھ لوگ لفظوں میں زندہ رہتے ہیں۔ ان کی باتیں ان کی مسکراہٹ ان کی شاعری وقت کی گرد میں بھی دھندلا نہیں پاتی۔ وہ چلے جاتے ہیں مگر ان کا لہجہ، ان کی خوشبو اور ان کی موجودگی دل کی دھڑکنوں میں محفوظ رہتی ہے۔ اجمل سراج بھی ایسے ہی ایک شخص تھا۔ شاعر بھی، دوست بھی، رازدار بھی۔ اس کی شاعری میں دل کی دھڑکن سنائی دیتی تھی اور اس کی محفل میں وقت تھم سا جاتا تھا ۔۔۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے، وہ دن جب وہ پہلی بار میرے غریب خانے پر تشریف لائے، وہ لمحہ صرف ملاقات نہیں تھا، بلکہ میرے لیے ایک اعزاز تھا۔ سادگی اور وقار سے بھرپور شخصیت، دل موہ لینے والی مسکراہٹ اور گفتگو میں وہ شائستگی کہ جیسے دل پر نقش ہو جائے۔ یہ یادگار تصویر اسی لمحے کی گواہ ہے۔ اللہ پاک ہمارے پیارے صاحب کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ سید سراج الدین اجمل، جنہیں دنیا نے اجمل سراج کے نام سے پہچانا، ۱۴ اگست ۱۹۶۸ کو پیدا ہوا اور ۱۹ ستمبر ۲۰۲۴ کو ہم سے جدا ہو گیا۔ وہ شاعر ہی نہیں تھا بلکہ جذبات کا ترجمان تھا۔ اس کے دو شعری مجموعے  اور میں سوچتا رہ گیا (۲۰۱۰)  اور...

گھر کا کھانا ، رشتے کا پہلا ٹیسٹ

Image
 گھر کا کھانا ۔۔۔ رشتے کا پہلا ٹیسٹ ہمارے ہاں رشتے داری کوئی سادہ سا معاملہ نہیں، یہ تو پورا انٹرویو ہوتا ہے۔ بس فرق اتنا ہے کہ انٹرویو کمپنی میں نہیں بلکہ لڑکی کے ڈرائنگ روم میں لیا جاتا ہے۔ پہلا سوال اکثر یہی ہوتا ہے ۔۔۔۔۔ بیٹی، تمہیں کھانا بنانا آتا ہے؟؟؟ یعنی جیسے زندگی گزارنے کے لیے محبت، اعتماد اور برداشت نہیں بلکہ پیاز کا بگھار زیادہ ضروری ہو۔ مگر جناب، تصویر میں لکھی بات نے تو کایا پلٹ دی ہے۔ آج کل تو اصل سوال یہ ہونا چاہیے۔ بیٹی، تمہیں کھانا کھا لینا آتا ہے یا نہیں؟؟؟ کیونکہ مسئلہ کھانا بنانے کا نہیں، کھانا کھانے کا ہے۔ یہی دیکھیے، آج کل نئی نسل کو گھر کا سالن دیکھ کر الرجی ہونے لگتی ہے۔ دال دیکھ کر لگتا ہے کہ جیسے ان پر ظلم عظیم ہوگیا ہو۔ اور آلو کی بھجیا کو دیکھ کر تو بس یوں منہ بنا لیتے ہیں جیسے کسی نے نوبل پرائز چھین لیا ہو ۔۔۔۔۔۔۔۔ انہیں چاہیے ہر وقت برگر، پیزا، لیز کے چپس اور ساتھ میں کولڈ ڈرنک کا غسل۔ اب ذرا سوچیں، جو لڑکی گھر کا کھانا دیکھتے ہی باہر کے فوڈ ڈیلیوری ایپ کی طرف دوڑ لگائے، اس کے ساتھ بیچارہ شوہر تنخواہ کہاں تک سنبھالے گا؟؟؟ سو بات یہ ہے کہ بیٹی کو کھان...

غلامیِ سسرائیل کا عالمی میلہ

Image
غلامیِ سسرائیل کا عالمی میلہ ارے بھائی، یہ تو ایک ایسا کمالی قصہ ہے کہ اگر میر انیس یا پطرس بخاری زندہ ہوتے تو دونوں مل کر اس پر ایک مرثیہ اور ایک مضمون ضرور لکھتے۔ ہم ہمیشہ یہی سمجھتے رہے کہ سسرال کی غلامی کا سب سے بڑا ریکارڈ ہمارے ہی پاس ہے۔ دل ہی دل میں ہم نے خود کو اس میدان کا ناقابل شکست چیمپئن مان رکھا تھا۔ لیکن کل ناظم آباد کی بیٹھک میں ایک ایسا انکشاف ہوا کہ دل خوشی سے باغ باغ ہو گیا۔ پتا چلا کہ ہماری نئی نسل نہ صرف ہمارا ریکارڈ توڑ رہی ہے بلکہ بڑے طمطراق سے ہم سے آگے نکل گئی ہے۔ ہوا یوں کہ کل مشاعرے سے فارغ ہو کر میں اور ایوب بھائی بیٹھک پہنچے تو دیکھا صرف طاہر میاں موجود ہیں۔ ہم نے پوچھا ۔۔۔۔ “بھئی، عمیر کہاں ہیں؟ جواب ملا ، قبلہ، انہیں کم از کم دو ہفتے کے لیے بھول جائیں۔ وہ اب آپ کو نظر نہیں آئیں گے۔ ہم گھبرا گئے انا للہ، خیریت تو ہے؟ کہا گیا۔۔۔  جی جی، خیریت ہے۔ اصل میں سالار جنگ کی شادی ہے، اور عمیر صاحب وہیں مصروف ہیں۔ ہم نے حیران ہو کر کہا۔۔۔۔۔۔ بھئی، دو ہفتے پہلے بھی تو وہ مصروف تھے؟ مسکرا کر جواب ملا۔۔۔۔۔۔۔ ہاں، اس وقت شادی کی خریداری میں تھے۔ اب شادی کی تقریبات می...

باپ کو کب تک کمانا چاہئے

Image
  باپ کو کب تک کمانا چاہئے؟ یہ سوال باپ سے نہیں، اولاد سے ہونا چاہئے کہ وہ اپنے والد کو کب سکون دے گی۔ چھوٹا سا کمرہ، ایک پرانی سی کرسی اور اس پر بیٹھا ہوا ایک سفید بالوں والا باپ ۔۔۔۔ ہاتھوں کی رگیں ابھر آئی ہیں، انگلیوں میں کپکپاہٹ ہے، مگر وہ اب بھی حساب کتاب کر رہا ہے۔ سامنے بیٹھا بیٹا پوچھتا ہے ۔۔۔۔۔۔۔ ابا جی، آپ کب تک کام کریں گے؟؟؟ باپ مسکرا کر جواب دیتا ہے کہ بیٹا، جب تک سانس ہے، ہمت ہے، تب تک کام کروں گا۔۔۔۔ یہ وہ جواب ہے جو ہر باپ اپنی زندگی کے تجربے اور اولاد کے بوجھ کو دیکھ کر دیتا ہے۔ لیکن اصل سوال یہ ہے کہ یہ فیصلہ باپ کا ہونا چاہیے یا اولاد کا؟؟؟ کبھی غور کیجیے کہ کیا ایک باپ نے بچپن میں یہ سوچا تھا کہ اس کا بچہ کب تک روٹی مانگے گا؟؟؟ کیا اس نے یہ سوال کیا تھا کہ اولاد کب تک تعلیم حاصل کرے گی؟؟؟ نہیں، اس نے تو بس چپ چاپ اپنی خواہشوں کو قربان کیا، اپنی راتوں کو جاگ کر دن بنایا، اور اپنے بڑھاپے کے خواب بھی اولاد کے بچپن میں بیچ دیے۔ یہی کیفیت معراج فیض آبادی نے یوں بیان کی ہے مجھ کو تھکنے نہیں دیتا یہ ضرورت کا پہاڑ میرے بچے مجھے بوڑھا نہیں ہونے دیتے پھر جب وہی باپ بڑھاپ...

*وہ مار، جو زندگی سنوار گئی

Image
  "یادوں کے جگنو" *وہ مار، جو زندگی سنوار گئی* بابو جی عبدالرحیم شیخ کی یاد میں کچھ رشتے تعارف کے محتاج نہیں ہوتے، وہ عمر بھر کے تعلق میں ایسے رچ بس جاتے ہیں کہ ان کے بغیر ماضی کی کوئی یاد مکمل نہیں لگتی۔ میرے بابو — عبدالرحیم شیخ — بھی ایسے ہی ایک رشتے کا نام تھے۔ ہم سب انہیں "بابو" یا "بابو جی" کہتے تھے۔ لیکن میرے لیے وہ صرف ایک والد نہیں، میری زندگی کے اولین رہنما، خاموش تربیت گاہ، اور سب سے مضبوط سایہ تھے۔ میرا اور بابو کا رشتہ محض جذباتی وابستگی کا نہیں تھا، بلکہ وہ ایک ایسی ڈور تھی جو اصول، محبت، نرمی، سختی، اور بے لوث شفقت سے بندھی ہوئی تھی۔ بچپن میں اکثر محلے کے بچوں سے جھگڑا ہو جاتا۔ کوئی دھکا، کوئی بات بری لگی اور میں فوراً ایکشن میں آ جاتا۔ لڑائی ہو جاتی، اگلا مرحلہ شکایت کا ہوتا ۔۔۔۔۔ اور جیسے ہی شکایت بابو تک پہنچتی، وہ انصاف کا ترازُو ہاتھ میں نہیں، جوتی یا ڈنڈا ہاتھ میں لے لیتے۔ پھر ہماری پٹائی طے ہوتی۔ اور اگلے ہی دن…۔ ہاں وہی بچہ، وہی جھگڑا ۔۔۔ بابو تو اپنے اصول پر تھے، اور میں اپنی ضد پر۔ وقت کے ساتھ محلے والوں نے بھی شاید تنگ آ کر شکایت ...

وہ سایہ جو دھوپ سہہ کر بھی ٹوٹتا نہیں

Image
  وہ سایہ جو دھوپ سہہ کر بھی ٹوٹتا نہیں دنیا کے تعلقات عموماً موسموں کی طرح ہوتے ہیں۔ کبھی بہار کی طرح خوشنما، کبھی خزاں کی طرح اداس۔ دوستیاں، رشتے داریاں اور تعلقات، اکثر کچھ دن کی رفاقت کے بعد اپنی چمک کھو بیٹھتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ چار دن بھی کوئی نہیں نبھا سکتا، جو کردار ساری زندگی باپ نبھاتا ہے۔ باپ کا وجود محض ایک رشتہ نہیں، بلکہ ایک عہد ہے۔ وہ عہد جو زندگی کے ہر موڑ پر اولاد کے لئے ڈٹ کر کھڑا رہتا ہے۔ وہ صبح کی روشنی کے ساتھ محنت پر نکلتا ہے اور شام کو تھکن کے باوجود مسکراتے ہوئے لوٹتا ہے۔ وہ اپنے خوابوں کو دباتا ہے تاکہ اولاد کے خواب پورے ہوں۔ وہ اپنی خواہشیں قربان کرتا ہے تاکہ بچوں کی خواہشیں زندہ رہیں۔ باپ کبھی اعلان نہیں کرتا کہ وہ قربانی دے رہا ہے۔ اس کی خاموشی ہی اس کا اظہار ہے۔ وہ درخت کی مانند ہے جو خود دھوپ سہہ کر اپنی اولاد کو چھاؤں دیتا ہے۔ وہ سمندر کی مانند ہے جو اپنی گہرائی میں تلاطم چھپا کر کنارے پر سکون کی لہریں بھیجتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب باقی رشتے تھک جاتے ہیں، دور ہو جاتے ہیں یا وقت کی گرد میں دب جاتے ہیں، تب بھی باپ کا کردار آخری لمحے تک ساتھ نبھاتا ہے۔ اس...

کراچی کی سڑکیں آثار قدیمہ اور ٹاؤنز کی پوائنٹ اسکورنگ

Image
  کراچی کی سڑکیں آثار قدیمہ اور ٹاؤنز کی پوائنٹ اسکورنگ کراچی میں بائیک پر سفر کا تجربہ ایسا ہے جیسے کسی نے آپ کو ایک کرسی پر بٹھا کر ریڑھ کی ہڈی کے ساتھ جھولے کا معاہدہ کر لیا ہو۔ ایک طرف دل ہچکولے کھا رہا ہوتا ہے اور دوسری طرف گردے اپنی جگہ بدلنے پر بضد۔ کبھی کسی کھڈے میں پہیہ ڈوبتا ہے تو یوں لگتا ہے جیسے زمین نے محبت سے گلے لگا لیا ہو اور جب جھٹکے سے اوپر اچھلیں تو گویا زمین ہی کہہ رہی ہو بس بھئی، اتنی محبت کافی ہے اب واپس جاؤ۔ شہر کے کسی بھی محلے میں نکل جائیے، سڑکوں کا حال ایسا ہے جیسے آثار قدیمہ کے ماہرین نے انہیں کھدائی کے لیے مخصوص کر دیا ہو۔ کہیں بجری کی ندی بہہ رہی ہے، کہیں مٹی کے ٹیلے ایستادہ ہیں اور کہیں نالیوں کا پانی ایسے بہہ رہا ہے جیسے وینس کی نہریں کراچی کی صورت میں نازل ہو گئی ہوں۔ مگر کمال تو دیکھیے، شام کو جب انسان تھکا ہارا گھر پہنچے اور سوشل میڈیا کی دنیا میں داخل ہو تو یہی کراچی کسی جادوگر کی چھڑی سے ایسا سنور جاتا ہے کہ لندن و پیرس بھی جھینپ جائیں۔ فیس بک پر کراچی کی سڑکیں ہموار قالین معلوم ہوتی ہیں، عمارتیں برج خلیفہ کو حسرت میں ڈال دیتی ہیں اور ترقی کے ای...

*اندھیروں کے اسٹار کسٹمر: بجلی، بل اور بے بسی*

Image
  *اندھیروں کے اسٹار کسٹمر: بجلی، بل اور بے بسی* ربیع الاول کے آغاز میں کے الیکٹرک نے نہایت شفقت کے ساتھ ہمارے موبائل فون پر لوڈشیڈنگ کا ایک تصویری شیڈول بھیج دیا، جس میں روزانہ چار بار، ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹے کے لئے بجلی غائب کرنے کی نوید سنائی گئی۔ اہل محلہ نے ابتدا میں گمان کیا کہ شاید یہ چراغاں اور میلاد کی رونقوں کے سبب وقتی کمی بیشی ہے۔ سوچا، دس بارہ دن کے بعد روشنی بھی لوٹ آئے گی اور اندھیرے بھی چھٹ جائیں گے۔ مگر جناب، اندھیروں نے ایسا بسیرا جمایا کہ حالات وہی بن گئے جو گلبہار اور اورنگی ٹاؤن کے قصے سننے میں آتا ہی۔ جہاں پندرہ پندرہ گھنٹے بجلی کا چراغ گل رہتا ہے۔ ہم نے یہ پیغام، ساتھ ہی اپنی بے بسی کی آواز میں لپٹا ایک صوتی پیغام، محلے کے ایک پرانے دوست کو بھیجا جو جماعت اسلامی کے بڑے سرگرم رکن ہیں۔ مگر ان کا جواب سن کر تو ہنسی بھی آئی اور غصہ بھی، فرمایا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ صرف کنڈے اور بجلی چوری ہے۔ میں نے کہا، بھائی، یہ کنڈے کیا تازہ تازہ اگے ہیں؟ پچھلے آٹھ دس سال سے کیوں نہیں تھے؟ اور اگر ہیں بھی تو ان کو پکڑنا کیا ہمارا کام ہے؟؟؟ بات چیت سے جلدی ہی اندازہ ہوگیا کہ ان کے پاس مسئ...

علم روشنی ہے اور جہالت اندھرا

Image
علم اپنی غلطی مانتا ہے، جہالت نہیں انسان کی سب سے بڑی عظمت اس کے جاننے میں نہیں بلکہ ماننے میں ہے۔ علم انسان کو صرف آگاہی نہیں دیتا، بلکہ اسے یہ بھی سکھاتا ہے کہ غلطی کرنے کے بعد حقیقت کو قبول کرنا ہی اصل بڑائی ہے۔ دنیا کے بڑے سائنسدان، مفکر اور محقق اسی لیے عظیم ٹھہرے کہ انہوں نے اپنی کمزوریوں، خامیوں اور تجرباتی لغزشوں کا اعتراف کیا۔ آئن اسٹائن سے لے کر اب تک کے بڑے بڑے ناموں نے یہ تسلیم کیا کہ ہم سے خطا ہوئی مگر ہم نے حقیقت کو جھٹلایا نہیں۔ یہی علم کی شان ہے۔ فردوس گیاوی کہتے ہیں ۔  علم کی ابتدا ہے ہنگامہ علم کی انتہا ہے خاموشی اس کے برعکس جہالت کبھی اپنی غلطی نہیں مانتی۔ جہالت کو اپنی نادانی چھپانے کے لیے ضد اور ہٹ دھرمی کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ وہ اپنی کمزوری کو دلیل کا لباس پہنانے کی کوشش کرتی ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ انکار جہالت کا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ جہالت کو اپنی خامی تسلیم کرنے میں اپنی شکست دکھائی دیتی ہے، حالانکہ اصل ہار تو اس وقت ہوتی ہے جب کوئی سچ کے سامنے دیوار بن کر کھڑا ہو جائے۔۔۔۔۔۔۔۔ اکبر الہ آبادی فرماتے ہیں ۔  مذہبی بحث میں نے کی ہی نہیں فالتو عقل مجھ میں تھی...

کڑوا سچ

Image
  کڑوا سچ وہ کمرے میں داخل ہوا تو آنکھوں میں نمی تھی۔ دل پر بوجھ تھا کہ اب اس گھر کو بیچنا پڑے گا جہاں بچپن کی ہنسی، ماں کی دعائیں اور باپ کی شفقت کے نقش محفوظ تھے۔ مگر حالات ایسے آڑے آ گئے کہ مکان فروخت کرنا ناگزیر ہو گیا۔ پراپرٹی ایجنٹ کو فون کیا، اشتہار دینے کا سوچا ہی تھا کہ دروازے پر دستک ہوئی۔ سامنے اپنا سگا بھائی کھڑا تھا، اور زبان پر پہلا جملہ یہی تھا، اگر گھر بیچنا ہی ہے تو پہلے مجھے بتانا میں خرید لوں گا، یہ جملہ سن کر لمحہ بھر کے لیے تسلی ہوئی کہ شاید بھائی کا جذبہ، اپنائیت اور دکھ بانٹنے کا ارادہ ہے۔ مگر جلد ہی اندازہ ہوا کہ وہ بھی بازار کی قیمت پر ہی سودا کرنے آیا ہے، بلکہ دل ہی دل میں چاہتا ہے کہ ضرورت کا فائدہ اٹھا کر کچھ سستا لے لے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ کوئی انوکھی بات نہیں۔ ہمارے اردگرد ایسی بے شمار مثالیں موجود ہیں۔ چند برس پہلے ہمارے ایک دوست نے اپنا مکان مجبوری میں بیچا۔ اعلان ہوتے ہی سب سے پہلے ان کا اپنا بیٹا خریدار بن کر سامنے آیا۔ سوچا کہ شاید باپ کی تکلیف کو کم کرنے کے لیے آگے بڑھا ہے، مگر حقیقت یہ تھی کہ اس نے بھی مکمل کاروباری انداز میں قیمت لگائی۔ مکان بیچنے کے...

نور قیمہ ہاؤس کا قیمہ، دال فرائی اور یارو کی سنگت

Image
  نور قیمہ ہاؤس کا قیمہ، دال فرائی اور یارو کی سنگت اگرچہ آج طبیعت کچھ ناساز تھی سو بامجبوری کھانے میں شریک نہ ہو سکا، مگر دوستوں کی محبت میں محفل سے غیر حاضر رہنا ممکن نہ تھا۔ ایسے موقع پر بے اختیار یہ شعر یاد آیا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ بھی اک بات ہے عداوت کی روزہ رکھا جو ہم نے دعوت کی (امیر مینائی) آج اپنے فیڈرل اسکول کے ساتھیوں کے ساتھ طے شدہ پروگرام کے مطابق نماز ظہر کے بعد پی آئی بی کالونی کے مشہور (نور قیمہ ہاؤس) میں ملاقات رہی۔ دو دن پہلے ہی اس نشست کا پروگرام طے ہوا تھا، اور آج جو دوست پہنچ سکتے تھے، وہ حسب استطاعت آ ہی گئے۔ میں اور جمال نے بائیک پر فردوس کالونی سے رخت سفر باندھا۔ جمال نے کہا، یار اختر کراچی کے ٹریفک کا حال دیکھتے ہوئے گاڑی کے بجائے بائیک بہتر ہے۔ اور واقعی یہ فیصلہ درست نکلا۔ ادھر سلام، ڈاکٹر انضار اور طارق کار میں نکلے مگر ٹریفک کے سمندر میں اس بری طرح پھنس گئے کہ سلام نے فون پر مشورہ دیا کہ یار آج کا پروگرام مؤخر کر لیتے ہیں، راستہ بالکل نہیں مل رہا۔ ہم ابھی بائیک کی طرف لوٹ ہی رہے تھے کہ سامنے برادر محسن پر نظر پڑی۔ فوراً سلام کو کال کی کہ سلام بھیا واپسی کا ارا...

جھوٹ اتنا پھیلاؤ کہ سچ لگنے لگے

Image
  جھوٹ اتنا پھیلاؤ کہ سچ لگنے لگے جھوٹ کی کثرت اور سچ کی تنہائی میں زمانۂ حاضر کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ جھوٹ کو اس قدر پھیلایا جاتا ہے کہ وہ سچائی کا لبادہ اوڑھ لیتا ہے۔ بار بار دہرانے سے جھوٹ کی گرد غبار آنکھوں کو دھندلا دیتی ہے اور لوگ اصل حقیقت کو دیکھنے کی صلاحیت کھو بیٹھتے ہیں۔ سچ اگرچہ بظاہر کمزور دکھائی دیتا ہے، لیکن اس کی جڑیں زمین کی گہرائیوں میں پیوست ہوتی ہیں۔ جھوٹ وقتی طور پر بلند و بالا نظر آتا ہے مگر تیز ہوا کا ایک جھونکا ہی اس کی بنیادیں ہلا دیتا ہے۔ ہمارے معاشرے کی کمزوری یہ ہے کہ ہم نے تحقیق اور چانچ پڑتال کو چھوڑ دیا ہے۔ ہم سننے اور پڑھنے کو ہی کافی سمجھتے ہیں، اور بغیر سوچے سمجھے آگے بڑھا دیتے ہیں۔ یہی بے احتیاطی جھوٹ کو طاقت دیتی ہے اور سچ کو تنہائی میں دھکیل دیتی ہے۔ یاد رکھئے، سچ کی روشنی کو جھوٹ کے اندھیرے کبھی مستقل نہیں ڈھانپ سکتے۔ ہمیں اپنے قول و فعل سے سچائی کو مضبوط کرنا ہے تاکہ آنے والی نسلیں حق اور باطل میں فرق پہچان سکیں۔ اختر شیخ

بے حسی کے سوداگر

Image
 بے حسی کے سوداگر کرونا کی وبا آئی تو انسانیت کے نام پر کاروبار شروع ہوگیا۔ دس روپے کا ماسک پچاس روپے میں بکا اور لوگوں کی بے بسی کو نفع کمانے کا ذریعہ بنا لیا گیا۔ اب وقت بدلا آفات کا رخ بدلا، لیکن ہمارے رویے نہ بدلے۔۔۔۔۔ سیلاب نے ہزاروں خاندانوں کو اجاڑ دیا، لوگوں کے گھر، کھیت اور مویشی سب پانی میں بہہ گئے۔ مگر اس ہولناک منظر میں بھی بے حسی اور حرص کی دکانیں بند نہ ہوئیں۔ آٹا جو کل تک 110 روپے کلو دستیاب تھا، آج 135 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ ضروریات زندگی کی قیمتیں ایسے بڑھائی گئیں جیسے کسی اور کی نہیں بلکہ اپنی ہی مجبوری کو بیچا جارہا ہو ۔۔۔ خبریں یہ بھی ہیں کہ پنجاب میں کشتی والے پانی میں گھرے عوام کو محفوظ مقام تک لے جانے کے تین تین لاکھ روپے وصول کررہے ہیں۔ جو دے سکتے ہیں وہ کنارے پہنچ جاتے ہیں اور جو نہ دے سکیں ان کے حصے میں ڈوب جانا لکھ دیا گیا ہے۔ یہ انسانیت کا کیسا نیا روپ ہے؟؟؟ یہ کیسا معاشرہ ہے جہاں زندگی بچانے کے بھی نرخ مقرر ہوں؟ صحافی حامد میر صاحب اور ناصر چغتائی صاحب نے اپنے کالموں اور تحریروں میں ان زیادتیوں کے خلاف آواز اٹھائی ہے، مگر سوال یہ ہے کہ کیا محض آوازیں...