افسانہ ۔۔ مفت کی مفتی گری اور صحرا کا قانون
افسانہ۔۔۔۔۔ مفت کی مفتی گری اور صحرا کا قانون۔ اختر شیخ۔ ریاض کے صنعتی علاقے میں قائم تارکین وطن کی وہ بستی دور سے ٹین کے ڈبوں کا ایک بے ترتیب، تپتا ہوا جنگل محسوس ہوتی تھی۔ دن کے وقت بپھرا ہوا سورج ان چھتوں پر اس شدت سے آگ برساتا کہ یوں لگتا جیسے آسمان سے پگھلا ہوا لوہا ٹپک رہا ہو۔ شام ڈھلے جب مزدور اپنی اپنی بارہ گھنٹے کی جان لیوا شفٹوں سے لوٹتے تو پورا علاقہ پسینے کی بو، اڑتی ہوئی دھول، مشینوں کے کان پھاڑتے شور اور تھکن کے ایک ملغوبے میں تبدیل ہو جاتا۔ انہی بیرک نما، حبس زدہ کمروں میں ایک کمرہ صابر اور شاکر کا بھی تھا۔ دونوں پاکستان کے ایک ہی محلے سے ہجرت کر کے دیار غیر پہنچے تھے۔ کراچی کی وہ پرانی، گنجان آبادی، جہاں مسجدوں سے زیادہ مسلکی سرحدیں اور دکانوں سے زیادہ لایعنی بحثیں آباد تھیں۔ اپنے آبائی محلے میں ان دونوں بھائیوں کی ایک منفرد علمی و فتوائی پہچان تھی۔ شاکر کی دوربین نگاہیں چیل کی طرح لوگوں کے ٹخنوں پر ٹکی رہتیں۔ کسی کی شلوار یا پتلون ٹخنے سے ذرا سی بھی نیچے دکھ جاتی تو وہ فوراً عذاب الہی کا کوڑا لہرانے لگتا۔ دوسری طرف صابر کا منصب ذرا اونچا تھا۔ اگر مسجد میں ک...