اردو، لفظوں میں رچی ہوئی شائستگی، ہماری زباں ہماری پہچان ہمارا تہذیبی
اردو، لفظوں میں رچی ہوئی شائستگی، ہماری زباں ہماری پہچان ہمارا تہذیبی ورثہ اردو محض الفاظ کا ذخیرہ نہیں، بلکہ تہذیب کے سینے میں دھڑکتے دل کی آواز ہے۔ یہ ایک ایسا نفاست آمیز احساس ہے جو لہجے میں رچا ہوا ہے، ایک ایسا وقار جو گفتگو کی روح میں بسا ہوا ہے۔ یہ زبان جملوں کے ہجوم میں نہیں، لہجوں کی نزاکت اور الفاظ کے سلیقے میں پہچانی جاتی ہے۔ یہ وہ روایت ہے جو گفتگو کو شائستگی عطا کرتی ہے، اختلاف کو تہذیب سکھاتی ہے اور خاموشی کو بھی معنی پہنا دیتی ہے۔ یہ زبان بازار کی ہلچل میں بھی سنجیدہ رہتی ہے اور درس گاہ کی فضاء میں بھی نرم خو۔۔۔۔۔۔ اس کے لفظوں میں سمندر کی سی وسعت ہے اور اس کے لہجے میں ساحل جیسا ٹھہراؤ، نہ بے جا شور نہ کھردرا پن بس سلیقہ توازن اور اثر۔۔۔۔۔ یہی وہ زبان ہے جو اس شہر میں بولی ہی نہیں جاتی، نبھائی بھی جاتی ہے۔ اردو ازخود اعلی تہذیب کی اسیر اور علمی ثقافت کی سفیر رہی ہے۔ اس نے علم کو قابل فہم بنایا، احساس کو شائستہ پیرایہ دیا، اور تاریخ کو اجتماعی حافظے میں محفوظ کیا۔ یہ زبان کسی تعصب کی پیداوار نہیں، بلکہ رواداری کی پروردہ ہے۔ اس کا مزاج چیخنے کا نہیں، سمجھانے کا ہ...