مجدد الف ثانیؒ سے مجدد دوراں سید مودودیؒ تک، برصغیر کی فکری و تجدیدی تاریخ کا ایک مرصع مرقع


 

مجدد الف ثانیؒ سے مجدد دوراں سید مودودیؒ تک، برصغیر کی فکری و تجدیدی تاریخ کا ایک مرصع مرقع


کتاب: مجدد الف ثانیؒ سے مجدد دوراں سید مودودیؒ تک


مؤلف: محمد نجیب ایوبی


ناشر: فروغ پبلشرز


تقسیم کنندہ: مکتبہ نور حق


صفحات: 441


تاریخ محض گزرے ہوئے زمانوں کے واقعات اور شکست و ریخت کی بے جان داستان نہیں ہوتی، بلکہ یہ قوموں کے عروج و زوال کے اسباب، ان کی تہذیبی کروٹوں اور فکری تسلسل کا زندہ آئینہ ہوتی ہے۔ برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی چار سو ستر سالہ فکری، ملی اور تجدیدی تاریخ کے بکھرے ہوئے اوراق کو ایک ہی لڑی میں پرونا یقیناً کسی دیدہ ور محقق، صاحبِ نظر مؤرخ اور صاحبِ طرز ادیب ہی کا خاصا ہو سکتا ہے۔ معروف صحافی، کالم نگار اور شاعر محترم محمد نجیب ایوبی نے اپنی شاہکار تالیف ’مجدد الف ثانیؒ سے مجدد دوراں سید مودودیؒ تک‘ کے ذریعے تاریخ نگاری کے میدان میں ایک ایسا روشن سنگ میل نصب کیا ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ اور فکری بصیرت کا سرچشمہ ہے۔

فروغ پبلشرز کراچی کے زیر اہتمام شائع ہونے والی چار سو اکتالیس صفحات پر محیط یہ وقیع کتاب دراصل مصنف کی برسوں کی عرق ریزی، گہرے مطالعے اور اس مسلسل محنت طلب تحقیقی عمل کا شیریں ثمر ہے جسے معروف دانشور زیب اذکار حسین نے مصنف کی سرشت کا لازمی حصہ قرار دیا ہے۔ ایک سو اکسٹھ مستند کتب کے حوالوں اور تین سو چھ اہم تاریخی و فکری موضوعات پر مشتمل یہ دستاویز محض روایتی تاریخ نہیں بلکہ مستند تاریخی شہادتوں کی روشنی میں حقائق کی بازیافت ہے۔ یہ علمی سلسلہ معروف شاعر مرحوم اجمل سراج کے پرخلوص اصرار پر روزنامہ جسارت کے سنڈے میگزین میں قارئین کے ذوق مطالعہ کی تسکین کا سامان کرتا رہا، اور اب کتابی صورت میں یکجا ہو کر ایک مستقل علمی اثاثہ بن چکا ہے۔

اس کتاب کا فکری سفر سولہویں صدی کے اس پرآشوب دور سے شروع ہوتا ہے جب اکبری فتنوں اور الحاد کی آندھیوں کے مقابلے میں حضرت مجدد الف ثانیؒ نے تجدید دین کا علم بلند کیا اور بدعات کی سرکوبی کا عزم لے کر اسلامی تشخص کو تحفظ بخشا۔ وہاں سے یہ قافلہ حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ کی فکری بصیرت، قرآن حکیم کے فارسی ترجمے، علم حدیث کی اشاعت اور سیاسی نظام کے خاکے سے گزرتا ہوا شاہ عبدالعزیزؒ کے تاریخی فتویٰ اور سید احمد شہیدؒ کی تحریک مجاہدین تک پہنچتا ہے۔ مصنف نے معرکہ بالاکوٹ کے شہدا کی لازوال قربانیوں، ایسٹ انڈیا کمپنی کے استحصالی ہتھکنڈوں، بنگال کے ہولناک قحط، جنگ پلاسی کی سازشوں اور میسور کے شیر ٹیپو سلطان کی استعمار دشمنی کو جس درد مندی اور تحقیقی استناد کے ساتھ قلمبند کیا ہے، وہ قاری کے قلب و ذہن پر گہرا نقش چھوڑ جاتا ہے۔

تاریخ کا یہ سفر اٹھارہ سو ستاون کی جنگ آزادی، زوال سلطنت کے نوحے، تحریک پاکستان کے روح پرور مراحل اور قرارداد مقاصد کی منظوری سے گزرتا ہوا قیام پاکستان کے بعد کی نظریاتی کشمکش کا بھی بے لاگ احاطہ کرتا ہے۔ مصنف نے پینسٹھ کی جنگ کے معرکوں، ایم ایم عالم اور میجر عزیز بھٹی شہید کی شجاعت، معاہدہ تاشقند کے پس پردہ محرکات، محترمہ فاطمہ جناح کی پراسرار رحلت، شیخ مجیب کے چھ نکات اور جرنیلی سیاست کے تلخ حقائق کو بڑی جرات اور دیانت داری سے بیان کیا ہے۔ سقوط مشرقی پاکستان کے اسباب، حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کے چشم کشا انکشافات اور اس قومی المیے کے مرکزی کرداروں کے عبرتناک انجام کے بعد مصنف نے ستر کی دہائی کے اہم ترین موڑ یعنی شملہ معاہدہ، سندھی زبان بل، بھٹو اور مولانا مودودیؒ کی ملاقاتوں، قادیانیت کو دائرہ اسلام سے خارج قرار دیے جانے، ایٹمی پروگرام کے آغاز اور ضیاء الحق کے مارشل لا تک کے تمام واقعات کو غیر جانبدارانہ اور محققانہ انداز میں سمو دیا ہے۔

کتاب کا اختتامی باب بیسویں صدی کے مجدد دوراں سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی ہمہ گیر فکر اور تحریک اقامت دین کے لیے وقف ہے۔ اس حصے میں تشکیل جماعت اسلامی، رسالہ ترجمان القرآن کے اجرا، معذرت خواہانہ اسلام بمقابلہ برتر و اعلیٰ اسلام کی فکری بحث، قادیانی لابی، منکرین حدیث اور فتنہ پرویزیت کے خلاف سید مودودیؒ کے علمی محاکمے اور قیام پاکستان میں ان کے کردار سے متعلق اعتراضات کے مدلل جوابات شامل ہیں، جو اس پوری تاریخ کا فطری اور منطقی نقطہ عروج ہیں۔

محمد نجیب ایوبی کا اسلوب نگارش اختصار، جامعیت اور ادبی چاشنی کا حسین امتزاج ہے۔ چونکہ مصنف خود شعر و سخن کی دنیا کے شناور ہیں، اس لیے ان کی نثر میں بلا کی روانی، شگفتگی، سلاست اور اثر انگیزی پائی جاتی ہے۔ خشک اور پیچیدہ تاریخی حقائق کو بھی انہوں نے اس دلنشیں اور شائستہ پیرائے میں بیان کیا ہے کہ قاری شروع سے آخر تک کتاب کے سحر میں جکڑا رہتا ہے۔ کتاب کی علمی و تاریخی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ معروف نقاد، شاعر، ماہر لسانیات اور استاد الاساتذہ جناب پروفیسر سحر انصاری نے کتاب کی تقریب رونمائی میں اپنی فکر انگیز گفتگو کے دوران اس کا اعتراف کرتے ہوئے فرمایا کہ نصاب میں جو مطالعہ پاکستان پڑھا اور پڑھایا جا رہا ہے وہ من گھڑت اور غلط بیانیوں پر مبنی ہے، اور اس خلا کو پُر کرنے کے لیے واقعی ایک ایسی ہی مستند کتاب کی اشد ضرورت تھی جیسی نجیب صاحب نے تحریر کی ہے۔ بلاشبہ اس پایہ کے بزرگ دانشور کی جانب سے یہ خراج تحسین کتاب اور صاحب کتاب دونوں کے لیے ایک عظیم اعزاز ہے۔ مزید برآں کتاب پر نوید علی بیگ کا پیش لفظ اور طارق رئیس فروغ کی عرض ناشر اس کی علمی وقعت میں اور اضافہ کرتے ہیں۔ بلاشبہ یہ کتاب تاریخ کے طلبہ، محققین، ناقدین ادب اور فکری و تحریکی کارکنان کے لیے ایک گراں قدر علمی خزانہ اور اپنے عہد کی ایک زندہ تاریخی حقیقت ہے۔


اختر شیخ


20 نومبر، 2026

Comments

  1. انتہائی شاندار تجزیہ ما شا الله کتاب کا مکمل اجمالی جائزہ سمو دیا ہے آپ نے اپنی تحریر میں، بے حد محبت

    ReplyDelete

Post a Comment

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ