پروفیسر فیض الغنی خان ۔۔ ناظم آباد نمبر 1 کے علم و عمل کے آسمان کا
یادوں کے جگنو
پروفیسر فیض الغنی خان ۔۔ ناظم آباد نمبر 1 کے علم و عمل کے آسمان کا روشن ستارہ
کچھ شخصیات الفاظ کی محتاج نہیں ہوتیں بلکہ الفاظ خود ان کی عظمت کے سامنے جھک جاتے ہیں۔ کچھ چراغ ایسے ہوتے ہیں جو اپنی روشنی سے نسلوں کو منور کرتے ہیں اور پھر اپنے بعد ایک ایسا اجالا چھوڑ جاتے ہیں جو وقت کے ساتھ مدھم ہونے کی بجائے مزید تابندہ ہو جاتا ہے۔ پروفیسر فیض الغنی خان صاحب بھی انہی نایاب شخصیات میں سے تھے۔۔۔ جن کا علم گہرائی رکھتا تھا، جن کا کردار نرمی اور عظمت سے لبریز تھا، اور جن کی زندگی خلوص، سادگی اور خدمت کا آئینہ تھی۔
یہ میری جرات نہیں، بلکہ میرے دل کی عقیدت ہے کہ میں اس بے مثال استاد، مربی اور مردِ علم پر کچھ معروضات پیش کرنے کی جسارت کر رہا ہوں۔ دراصل یہ میری نہیں، اس محبت اور تعلق کی تحریر ہے جو میرے خاندان کو ان کے خانوادے سے برسوں پر محیط ایک قربت میں باندھے ہوئے ہے۔ پروفیسر صاحب کے فرزند محترم فیض الہادی میرے نہایت عزیز، مخلص اور روز مرہ کے ہم نشین دوست ہیں، اور انہی سے جڑی محبت و عقیدت نے مجھے اس خراج تحسین پر قلم اٹھانے پر مجبور کیا۔۔۔۔۔
پروفیسر فیض الغنی خان صاحب ہندوستان کی ریاست ہریانہ کے ضلع ریواڑی سے تعلق رکھتے تھے۔ وہ علم کے متلاشی نوجوان تھے اور اسی شوق کے تحت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی تشریف لے گئے، جہاں سے انہوں نے ایم ایس سی (ریاضی) M.Sc. (Mathematics) کی ڈگری حاصل کی۔ ان کے استادِ محترم سر ضیاء الدین تھے، جن کی علمی شخصیت نے نہ صرف ان پر گہرا اثر چھوڑا بلکہ پاکستان میں ان کے نام سے ضیاء الدین اسپتال اور یونیورسٹی بھی قائم ہوئی۔۔۔۔۔۔۔
علی گڑھ میں کچھ عرصہ تدریس کے بعد جب پاکستان کا قیام عمل میں آیا تو وہ کراچی آ گئے اور یہاں مختلف علمی اداروں میں تدریسی فرائض انجام دیتے رہے۔ انہوں نے فیصل آباد ایگری کلچر یونیورسٹی سے تدریسی سفر کا آغاز کیا، بعد ازاں ڈھاکہ یونیورسٹی میں علم کے موتی لٹائے، اور پھر مستقل طور پر کراچی آ کر این ای ڈی انجینئرنگ کالج (بعد ازاں یونیورسٹی) سے منسلک ہو گئے۔۔
پروفیسر صاحب کا انداز تدریس روایتی استادوں سے یکسر مختلف تھا۔ وہ محض نصاب نہیں پڑھاتے تھے بلکہ طلباء کی شخصیت سازی، ذہنی تربیت اور اخلاقی بلندی پر بھی خصوصی توجہ دیتے تھے ان کا لب و لہجہ نرم اور شائستہ تھا اور دل محبت سے بھرا ہوا تھا۔ ان کی گفتگو میں علم کے ساتھ ساتھ دل کو چھو لینے والی روشنی بھی ہوا کرتی تھی۔۔۔۔
آپ کے شاگردوں کی فہرست نہایت طویل ہے جن میں کئی نامور شخصیات شامل ہیں۔۔۔۔
محترم الہی بخش سومرو (سابق اسپیکر قومی اسمبلی پاکستان)
پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد خان (سابق وائس چانسلر، این ای ڈی یونیورسٹی)
اسد اشرف ملک (سابق آئی جی / ڈی آئی جی سندھ پولیس)
مشہور پاپ گلوکار محمد علی شہکی
یہ سب اور ان جیسے بیشمار افراد آج بھی پروفیسر صاحب کی تربیت، شفقت اور فہم و فراست کو اپنے عملی سفر کی بنیاد سمجھتے ہیں۔
پروفیسر صاحب نے نہ صرف تدریسی بلکہ انتظامی میدان میں بھی گراں قدر خدمات انجام دیں۔ وہ این ای ڈی انجینئرنگ کالج کے وائس پرنسپل کے عہدے پر فائز رہے، اور 1977ء میں جب ادارے کو یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا تو شعبہ ریاضی میں متحرک رہتے ہوئے انہوں نے کراچی/پاکستان میتھمیٹیکل کانفرنس کی بنیاد رکھی، جس کے وہ چیئرمین بھی رہے۔
یہ کانفرنس آج بھی علم ریاضی کے میدان میں جدت اور مکالمے کی روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہے، جو پروفیسر صاحب کی دوراندیشی اور خلوص کا مظہر ہے۔
پروفیسر فیض الغنی خان ایک علم دوست اور باعمل مسلمان تھے۔ ان کی دینداری میں ریاکاری کا شائبہ نہ تھا۔ وہ فقہ اسلامی اور اسلامی تاریخ کے عمیق مطالعہ کے حامل تھے، لیکن مذہبی مباحث اور فرقہ وارانہ مناظرے سے ہمیشہ گریز کرتے۔ ان کا ایمان تھا ۔۔۔۔
ہمارا اصل فرض یہ ہے کہ ہم اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کو سمجھیں اور اس پر عمل کریں، نہ کہ مذہب کو جھگڑے کا میدان بنائیں۔
ان کی شخصیت سادگی، خلوص، دیانت اور خدمت خلق سے مزین تھی۔ وہ اپنے شاگردوں اور جاننے والوں کی صرف رہنمائی نہیں کرتے بلکہ ان کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کرتے۔ انہی کی سعی و سفارش سے میرے قابل احترام دوست سید ارشد حسن عرشی بھائی کو این ای ڈی یونیورسٹی میں ملازمت ملی، جہاں وہ 2019ء میں ایڈیشنل رجسٹرار کی حیثیت سے سبکدوش ہوئے۔ وہ آج بھی فخر سے کہتے ہیں ۔۔۔۔۔۔
ملازمت کے دوران جو عزت ملی، وہ خالصتاً پروفیسر صاحب کی قربت اور شفقت کا ثمر ہے۔
پروفیسر صاحب نے ایک باعزت، باوقار اور کامیاب زندگی گزاری اور 12 اپریل 1989ء کو سفرِ آخرت اختیار کیا۔ وہ پاپوش نگر ناظم آباد نمبر 5 کے قبرستان میں مدفون ہیں۔ لیکن وہ آج بھی اپنے ہزاروں شاگردوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ ان کے اخلاق، علم اور رہنمائی کا چراغ اب بھی جل رہا ہے۔
پروفیسر فیض الغنی خان جیسے لوگ کم ہوتے ہیں، مگر ان کی یادیں نسلوں کو متاثر کرتی ہیں۔ ان پر لکھنا میرے بس کی بات نہیں، مگر جو قربت مجھے ان کے خانوادے سے حاصل ہے، خصوصاً ان کے فرزند ارجمند فیض الہادی خان سے جو رفاقت و محبت ہے، اس نے مجھے اس محبت کو لفظوں میں ڈھالنے پر آمادہ کیا۔۔۔۔
یہ تحریر نہ خراج تحسین ہے نہ مکمل سوانح بلکہ ایک شاگرد نما عقیدت مند کی قلبی عقیدت ہے۔۔۔۔۔۔
دعا ہے کہ اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے ان کے مرقد کو نور سے منور رکھے اور ہمیں ان جیسے خلوص، سادگی اور علم کے پیکر لوگوں کی قدر کرنے والا بنائے۔
آمین یا رب العالمین 🤲
اختر شیخ

Comments
Post a Comment