رئیس فروغ ۔۔۔۔ بچوں کے خوابوں کا شاعر، بڑوں کے احساسات کا ہم نوا


 

یادوں کے جگنو


رئیس فروغ ۔۔۔۔ بچوں کے خوابوں کا شاعر، بڑوں کے احساسات کا ہم نوا


یادوں کے جگنو کبھی اپنے نہیں ہوتے، یہ کسی کے آنگن سے اڑ کر ہمارے دل میں اتر آتے ہیں۔ رئیس فروغ صاحب کا ذکر بھی میرے دل میں ایسے ہی جگنو کی طرح اترا۔ میں نے رئیس فروغ صاحب کو اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا، مگر ان کا نام ان کا فن اور ان کی خوشبو میرے دل تک ایک خاص نسبت سے پہنچی۔۔  میرے پیارے دوست طارق رئیس فروغ کے ذریعے۔ دوست کا والد، صرف ایک شاعر نہیں ہوتا، وہ ایک خاندان کی تاریخ ایک گھر کا چراغ اور ایک عہد کی کہانی ہوتا ہے۔ طارق بھائی کی گفتگو میں جب بھی ابو کا ذکر آتا، لفظوں میں ایک روشنی ایک فخر اور ایک نرمی اتر آتی اور مجھے محسوس ہوتا کہ رئیس فروغ صاحب کو جانے بغیر بھی میں ان کے قریب ہوں۔۔۔۔۔۔ 

رئیس فروغ کا اصل نام سید محمد یونس حسن تھا۔ وہ 15 فروری 1926ء کو مرادآباد، اتر پردیش ہندوستان کے ایک دینی اور علمی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد محترم کا نام محمد یوسف تھا۔ علمی و تہذیبی فضا نے بچپن ہی میں ان کے ذوق سخن کو جلا بخشی۔ شاعری کی باضابطہ تربیت انھوں نے مرادآباد کے معروف شاعر قمر مرادآبادی سے حاصل کی، جو اس دور میں شہر کے ممتاز اہل قلم میں شمار ہوتے تھے۔


قیام پاکستان کے بعد رئیس فروغ نے ہجرت کا فیصلہ کیا اور 1950ء کے لگ بھگ پاکستان آ گئے۔ ابتدا میں سندھ کے قدیم شہر ٹھٹہ میں قیام کیا، پھر کراچی منتقل ہوئے۔ کراچی میں ان کی پہلی سکونت جیکب لائن کے علاقے میں تھی۔ بعد میں 1968ء میں وہ ناظم آباد پاپوش میں رہائش پذیر ہوئے، جہاں تقریباً بارہ برس گزارے۔ 1980ء میں تین ہٹی منتقل ہو گئے اور زندگی کے آخری ایام یہیں بسر کیے۔۔۔۔۔ 

کراچی آ کر رئیس فروغ نے سب سے پہلے کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) میں ملازمت اختیار کی۔ یہیں انھوں نے ایک ادبی محفل بزم ادب کے پی ٹی کی بنیاد رکھی، جو ادبی سرگرمیوں کا مرکز بن گئی۔ اسی ادارے کے تحت ایک ادبی مجلہ (صدف) جاری کیا گیا، جس کے مدیر بھی وہ خود تھے۔ بعد میں رئیس فروغ ریڈیو پاکستان سے منسلک ہو گئے، جہاں انھوں نے گیت، فیچر، ڈرامے اور پروگرام لکھنے میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ ان کے لکھے ہوئے کئی پروگرام شہرت یافتہ ہوئے، جن میں......  


اسٹوڈیو نمبر 9

حامد میاں کے ہاں

خصوصی طور پر یاد رکھے جاتے ہیں۔


1965ء کی جنگ کے دوران رئیس فروغ نے بیشمار قومی اور ملی نغمے تخلیق کیے جو ریڈیو پر نشر ہوئے اور عوام کے دلوں میں جوش و ولولہ پیدا کیا۔ ان میں سے چند نغمے آج بھی زبان زد عام ہیں ۔۔۔۔۔


شاہین صفت یہ تیرے جوان اے فضائے پاک

ان غازیوں پہ سایہ فگن ہے خدائے پاک


یہ نغمے صرف جنگی ترانوں کے طور پر نہیں بلکہ قومی وحدت کے استعارے کے طور پر بھی یاد رکھے جاتے ہیں۔


پی ٹی وی کے ابتدائی دور میں رئیس فروغ کی خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں۔ پروگرام بزم لیلی کے تمام گیت ان کی تخلیق تھے، جنہیں اس دور کی مشہور گلوکارہ رونا لیلی نے اپنی آواز دی۔ شعیب منصور کی ہدایت میں بننے والے پروگرام (جھرنے) کے جملہ نغمے بھی انہوں نے لکھے، جنہیں عالمگیر، محمد علی شہکی اور دیگر گلوکاروں نے گا کر مقبول بنایا۔


بچوں کے لیے رئیس فروغ کی خدمات نہایت وقیع ہیں۔ پی ٹی وی کے بچوں کے مشہور پروگرام ہم سورج، چاند، ستارے کے تمام گیت ان کی تخلیق تھے۔ بعد میں یہ گیت کتابی صورت میں شائع ہوئے اور انہیں رائٹرز گلڈ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ان کے بچوں کے لیے لکھے گئے مشہور گیتوں اور نظموں میں ......


ابو کے ابو دادا میاں

اسکول کا پہلا دن

گڑیا کی شادی

کلفٹن کی سیر

بچوں کے دلوں میں گھر کر گئے۔

ان کی ایک سادہ مگر خوبصورت نظم نے بچوں کو سچائی اور اخلاق کا پیغام دیا ......


جس جگہ رہیے، جہاں بھی جائیے

سچے لفظوں کی مہک پھیلائیے


یہ مصرعے آج بھی بچوں کے ادب میں ایک روشن حوالہ سمجھے جاتے ہیں۔

رئیس فروغ کی شاعری بچوں اور بڑوں دونوں کے لیے یکساں کشش رکھتی تھی۔ ان کے شعری مجموعوں میں ......


ہم سورج، چاند، ستارے (بچوں کی نظمیں)

رات بہت ہوا چلی (غزلیات اور نثری نظمیں) خاص طور پر معروف ہیں۔


نسیم سترکھی کے مطابق، (رات بہت ہوا چلی) اردو غزل میں رئیس فروغ کی انفرادیت کا نمائندہ مجموعہ ہے۔ وہی روایتی موضوعات ... عشق و محبت، غربت، جبر، تنہائی .. جن پر صدیوں سے شاعری ہو رہی ہے، رئیس فروغ نے ایک نیا ذائقہ اور تازہ پیرایہ دے کر پیش کیے۔ یہی وجہ ہے کہ عام قاری بھی ان کے اشعار سے محبت کرنے لگتا ہے۔


مثلاً .......


ہم کوئی اچھے چور نہیں پر ایک دفعہ تو ہم نے بھی

سارا گہنا لوٹ لیا تھا آدھی رات کے مہماں کا


دریچے تو سب کھل چکے ہیں مگر

دھواں ہے کہ گھر سے نکلتا نہیں


رات بہت ہوا چلی اور شجر بہت ڈرے

میں بھی ذرا ذرا ڈرا پھر مجھے نیند آ گئی


اپنے ہی ایک روپ سے تازہ سخن کے درمیاں

میں کسی بات پر ہنسا پھر مجھے نیند آ گئی


اسی مجموعے سے یہ مشہور شعر بھی قارئین کو یاد رہتا ہے ......


پھول زمین پر گرا پھر مجھے نیند آ گئی

دور کسی نے کچھ کہا پھر مجھے نیند آ گئی


نسیم سترکھی لکھتے ہیں کہ رئیس فروغ کے اندر عہد کی بدلتی ہوئی اقدار کو قبول کرنے کا جذبہ ہمیشہ موجود رہا۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے نثری نظم (پروز پوئٹری) کو بھی اپنایا اور اس میں کامیاب تجربے کیے۔

"نئے پرندے", "انکل", "پڑھے لکھے لوگ" جیسی مختصر نثری نظمیں قاری کو چونکا دیتی ہیں، سوال پیدا کرتی ہیں اور ایک نئی فضا میں لے جاتی ہیں۔

ان کی نثری شاعری کی جھلک دیکھیں ......


گرتے ستاروں کے آس پاس کہیں

گریٹ آئیڈیاز

اور ان میں گھرا ہوا ولیم جیمز

اس کے لڑکپن میں

پہاڑ بھاگتے تھے

جنگل بہتے تھے


یہ چند سطریں اس بات کا ثبوت ہیں کہ رئیس فروغ کی تخلیقی وسعت غزل سے کہیں آگے تک پھیلی ہوئی تھی......

رئیس فروغ کا فن سادگی اور گہرائی کا حسین امتزاج تھا۔ بچوں کے لیے ان کی نظمیں شوخی، معصومیت اور اخلاقی پیغام سے مزین تھیں، جبکہ بڑوں کے لیے لکھی گئی شاعری میں رومان، کرب اور انسانی جذبات کی لطافت جھلکتی ہے۔ وہ موضوعات کا انتخاب بڑے خلوص اور جذبے سے کرتے، اور یہی ان کے اشعار میں اثر پیدا کرتا۔


5 اگست 1982ء کو رئیس فروغ کراچی میں انتقال کر گئے۔ انہیں یاسین آباد (عزیزآباد) کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔ وفات کے وقت ان کی عمر صرف 56 برس تھی۔ کم عمری کے باوجود وہ بچوں کے ادب اور اردو شاعری میں ایک مستقل حوالہ چھوڑ گئے۔ رئیس فروغ ان شاعروں میں شامل ہیں جنہوں نے اپنی تحریروں سے صرف تفریح یا فنی اظہار ہی نہیں کیا بلکہ سماجی و اخلاقی قدروں کو بھی پروان چڑھایا۔ ان کا فن ان کا خلوص اور ان کا ادبی ورثہ آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ رہنمائی کا ذریعہ رہے گا......


رائے و تاثر ... نسیم سترکھی

رئیس فروغ کی شاعری میں جدید اردو غزل کے وہ تمام عناصر موجود ہیں جو اسے اپنے عہد کے دوسرے شعرا سے ممتاز کرتے ہیں۔ ان کے ہاں خیال کی تازگی، لہجے کی سادگی اور اظہار میں ایسا خلوص ملتا ہے جو سیدھا قاری کے دل میں اترتا ہے۔ "رات بہت ہوا چلی" میں وہ زندگی کے چھوٹے چھوٹے تجربات اور انسانی کیفیتوں کو اس مہارت سے باندھتے ہیں کہ ہر شعر ایک مکمل فضا تخلیق کرتا ہے۔ نثری نظموں میں ان کا تخیل اور مشاہدہ مزید آزاد ہو جاتا ہے، جہاں وہ زندگی، وقت اور بدلتی اقدار کے بارے میں نئے زاویے پیش کرتے ہیں۔ رئیس فروغ کا فن ہمیں یہ یقین دلاتا ہے کہ سادہ الفاظ میں بھی گہری بات کہی جا سکتی ہے، بشرطیکہ کہنے والے کے دل میں اخلاص اور مشاہدے کی گہرائی ہو ۔۔۔۔۔۔


شاعری کا محرک اور حسیت پر محترم احتشام انور لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔

شعر ان کے نزدیک معاشرتی کرب کے اظہار کا ذریعہ تھا۔ ان کی شعری حسیت نے ان سے اپنا اور اپنے گرد موجود متعلقین کا نوحہ تحریر کروایا۔ رئیس فروغ کا انسانی رویوں کے ساتھ برتاؤ سراسر علت و معلول پر مبنی ہے۔ وہ انسان کو آسمانی مسافرت کے خواب دکھانے کے بجائے اپنی مٹی میں جڑیں مضبوط رکھنے کی تلقین کرتے ہیں۔ ان کے نزدیک مذہبی، سیاسی، تہذیبی یا نفسیاتی مسائل سب زمینی ہیں اور ان کے حل کے لیے بھی زمینی وسائل ہی تلاشنے چاہییں۔


احتشام انور صاحب کے الفاظ میں ۔۔۔۔۔۔

رئیس فروغ کا انسان اپنی مٹی سے جڑا بیٹھا ہے اور اس کا شاعر اسے اپنے اردگرد موجود مسائل پر نگاہ کرنے کی تلقین کرتا ہے، وہ شاعری کو خالص انسانی معاملات کا بیانیہ مانتے ہیں۔


منتخب اشعار


اپنے ہی شب و روز میں آباد رہا کر

ہم لوگ بُرے لوگ ہیں ہم سے نہ ملا کر


اونچی مسہریوں کے دھلے بستروں پہ لوگ

خوابوں کے انتظار میں تھے اور مر گئے


دیے کے جلنے اور بجھنے کا بھید سمجھ میں آئے تو کیا

اسی ہوا سے جل بھی رہا تھا، اسی ہوا سے بجھا بھی ہے


جدید حسّیت کے تناظر میں رئیس فروغ کی شاعری سادہ بیانی میں لپٹے عمیق تجربات کا مرقع ہے۔ جیسے فرانسیسی شاعر شارل بودلئیر نے ’’بدی کے پھول‘‘ میں رومانوی روایت سے ہٹ کر عام انسانوں کی زندگی، جبلت اور خیر و شر کے تصادم کو موضوع بنایا، ویسے ہی رئیس فروغ نے بھی معاشرتی اور نفسیاتی پیچیدگیوں کو سچائی سے بیان کیا۔ احتشام انور کے مطابق ۔۔۔۔۔

رئیس فروغ کی نظموں میں بودلئیر کی طرح معاشرے کا حقیقی چہرہ نظر آتا ہے۔ یعنی سادہ بیانی اور موضوعات کا تنوع، خاص کر عشقیہ مضامین میں بھی خالص علت و معلول کا بیانیہ۔ رئیس فروغ نے ایسے وقت میں اپنی شناخت بنائی جب جوش، فیض، ن م راشد، عزیز حامد مدنی، ناصر کاظمی اور شکیب جلالی جیسے شعرا کا سکہ رائج تھا۔ آج بھی ان کے اشعار کی گونج ادبی محفلوں اور عوامی حلقوں میں سنائی دیتی ہے ۔۔۔۔۔۔


حسن کو حسن بنانے میں مرا ہاتھ بھی ہے

آپ مجھ کو نظر انداز نہیں کرسکتے


احتشام انور


رئیس فروغ کی شاعری اور نثری تخلیقات اردو ادب میں ایک ہمہ جہت اور پرخلوص تخلیق کار کی پہچان ہیں۔ بچوں کے لیے لکھی گئی معصوم اور اخلاقی پیغام سے بھرپور نظمیں ہوں یا بڑوں کے لیے کہی گئی رومان، کرب اور انسانی مشاہدات سے مزین غزلیں ۔۔۔۔ ہر جگہ ان کا منفرد اسلوب اور خالص جذبہ جھلکتا ہے۔ انہوں نے فن کو صرف جمالیاتی لذت تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے سماجی شعور اور انسانی قدروں کی بقا کا وسیلہ بنایا۔ کم عمری میں اس دنیا سے رخصت ہونے کے باوجود وہ ایک ایسے ادبی ورثے کے مالک ہیں جو آج بھی نئی نسل کو متاثر کرتا ہے اور آنے والے زمانوں تک اپنی معنویت قائم رکھے گا۔۔۔۔۔۔ 

رئیس فروغ کا ذکر میرے لیے ایک تحقیقی مضمون کا نہیں بلکہ ایک ذاتی نسبت کا ہے۔ برادر عزیز طارق رئیس فروغ کی دوستی نے اس شخصیت کو میرے دل میں ایک قریبی بزرگ کا درجہ دے دیا ہے۔ شاید اسی لیے ان کے فن اور سچائی کی روشنی میرے لیے محض ادب نہیں ایک وراثت ہے جو دوست کے توسط سے ملی ہے۔


نوٹ ۔ اس تحریر کی بعض معلومات جدید برقی مراجع سے ماخوذ ہیں۔


کیونکہ ۔۔۔۔۔۔۔۔

دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ