غالب لائبریری ناظم آباد چراغ فکر کی ٹمٹماتی روشنی



شہر کراچی کی پرانی بستیوں میں سے ایک ناظم آباد صرف گلیوں اور چوراہوں کا نام نہیں یہ ایک تہذیب  ایک مزاج اور ایک فکری سانچہ ہے۔ یہاں کے در و دیوار سے علم، ادب اور ثقافت کی مہک آتی تھی۔ انہی مہکتے گوشوں میں غالب لائبریری کا وجود گویا اس علاقے کی علمی پیشانی پر جگمگاتا ہوا ستارہ ہے۔ یہ صرف ایک لائبریری نہیں، ایک فکری پناہ گاہ ایک ادبی گہوارہ اور ایک تہذیبی شناخت ہے۔ 

غالب لائبریری جہاں ادبی سانسیں چلتی ہیں۔ اور ہم جیسے کئی اہل ذوق کے لیے غالب لائبریری محض کتب کا ذخیرہ نہیں بلکہ روح کی راحت اور یادوں کا حوالہ ہے ۔ 
میں خود اکثر یہاں ہونے والی ادبی تقریبات میں شرکت کرتا رہتا ہوں۔ 
16 ستمبر 2017 کو اسی لائبریری میں اپنے شاعر استاد محترم، معتبر شاہجہان پوری صاحب کے پہلے شعری مجموعے اعتراف کی شاندار تقریب رونمائی منعقد ہوئی تھی۔

اسی طرح، 29 جنوری 2025 کو مرزا اسد اللہ خاں غالب کی 156ویں برسی کے موقع پر  ادارۂ یادگار غالب کے زیر اہتمام یوم غالب منایا گیا۔ 

دل ہی تو ہے نہ سنگ و خشت درد سے بھر نہ آئے کیوں
روئیں گے ہم ہزار بار کوئی ہمیں ستائے کیوں

نئی جہتیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ رئیس فروغ صاحب کی غیر مطبوعہ شاعری کی بازیافت

ایک اور، اہم اور تاریخی لمحہ تھا جب رئیس فروغ صاحب کے فرزند طارق رئیس فروغ صاحب نے اپنے والد محترم کا وہ کلام جو ان کے پہلے مجموعے میں شامل نہ ہو سکا تھا، محققانہ انداز میں جمع کیا۔ یہ کام پروفیسر اشفاق طالب صاحب کی نگرانی میں انجام پایا اور ,,نئی جہتیں,, کے عنوان سے شائع ہوا۔ اس مجموعے کی تقریب رونمائی بھی غالب لائبریری میں ہی ہوئی ۔۔۔۔۔ اور یوں ایک اور ادبی ورثہ محفوظ ہو کر قارئین کے ہاتھوں میں پہنچا۔

خوشی کی بات یہ ہے کہ حالیہ برسوں میں لائبریری کی تزئین و آرائش نے اسے پھر سے نکھار کر نیا روپ دیا ہے۔
اس کے لیے ہم ادارے کے صدر سید صبیح الدین رحمانی صاحب اور معتمد پروفیسر ڈاکٹر تنظیم الفردوس صاحبہ کے ممنون و مشکور ہیں، جنہوں نے اس ادبی چراغ کو بجھنے سے بچانے کی کوشش کی۔
لیکن ساتھ ہی ایک اہم مسئلہ بھی ہے۔
,,نوحۂ غالب لائبریری,,

(برادر عزیز کامران نفیس کے شکریے کے ساتھ)

گورنمنٹ کالج فارمین ناظم آباد کا وہ وسیع گراؤنڈ جو کسی دور میں نوجوانوں کے قہقہوں اور علمی و دیگر سرگرمیوں سے گونجتا تھا، آج ایک ادارے کے غیر قانونی قبضے کی نذر ہے۔ وہ ادارہ نہ صرف گراؤنڈ پر قابض ہے بلکہ غالب لائبریری تک رسائی کو بھی محدود کر چکا ہے۔
آج یہاں کوئی تقریب رکھنا ہو تو نہ گاڑی پارک کرنے کی جگہ ملتی ہے، نہ سڑک پر کھڑا ہونے کی اجازت
لائبریری کے سامنے موجود پل کے نیچے بے گھر خانہ بدوشوں کا مستقل قبضہ ہے، جہاں سے اٹھنے والی غلیظ بدبو علم و ادب کے زائرین کے دل کو متلا دیتی ہے۔

اسی لائبریری کے سامنے، فٹ پاتھ اور گرین بیلٹ پر  ادارے نے باقاعدہ چار دیواری اٹھا کر ایک غیر قانونی مسجد بنا ڈالی ہے  جبکہ اصل اور باقاعدہ مسجد کئی برسوں سے استعمال سے باہر ہے  یہ سب کچھ قانون کے محافظوں کے سامنے ہو رہا ہے، اور خاموشی چھائی ہے۔

ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے
بہت نکلے میرے ارمان لیکن پھر بھی کم نکلے

چھیپا کی ایمبولینسیں مسلسل وہاں کھڑی رہتی ہیں، راہ گیروں کے لیے نہ گزرنے کی جگہ ہے، نہ سانس لینے کی مہلت۔
نقشۂ حال یہ ہے

لائبریری کا راستہ بند

کالج گراؤنڈ قبضہ شدہ

قانونی مسجد ناقابل استعمال

غیر قانونی مسجد فٹ پاتھ پر

قبضہ گروہ قانون کے سائے میں محفوظ۔ 

 سچ یہ ہے کہ اس چراغ کے گرد اندھیروں کا دائرہ تنگ ہوتا جا رہا ہے

ادب کے گہوارے میں غالب لائبریری تنہا، شکستہ اور بے سہارا کھڑی، اہل شہر کی بے حسی پر ماتم کناں ہے

اگر کسی ملک میں لائبریریاں بند کر کے وہاں اداروں کے مراکز بنا لیے جائیں، اگر تعلیم کے میدان پر قبضے ہو جائیں، اگر مساجد بھی ذاتی مفاد کی بھینٹ چڑھ جائیں تو وہاں نہ علم سلامت رہتا ہے اور نہ تہذیب۔

ہم کو معلوم ہے جنت کی حقیقت لیکن
دل کے بہلانے کو غالب یہ خیال اچھا ہے

غالب لائبریری کا نوحہ صرف ایک عمارت کا ماتم نہیں یہ فکر و دانش کی شکست کا نوحہ ہے۔

اگر ہم چاہتے ہیں، کہ کراچی کی روشنیاں صرف بل بورڈز تک محدود نہ رہیں، تو ہمیں غالب لائبریری جیسے چراغوں کی حفاظت کرنی ہو گی۔
ورنہ آنے والا کل ہمیں خود ہمارے شعور سے محروم کر دے گا۔

یادوں کے جگنو، کے چراغوں میں یہ بھی ایک چراغ سہی ۔۔۔۔۔ 

کیونکہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے 

اختر شیخ

یکم جون ۲۰۲۵

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ