( رفاقتیں کیا کیا )
( رفاقتیں کیا کیا )
خالد معین کی تاثراتی اور تخلیقی دستاویز
اردو ادب میں شخصی خاکہ نگاری، تاثراتی مضامین اور یادداشتوں کی روایت ہمیشہ سے زندہ اور مقبول رہی ہے۔ یہ صنف محض معلومات فراہم کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ دل کے دروازے کھولنے اور ادب کے باطن کو آشکار کرنے کا وسیلہ ہے۔ شبلی نعمانی (الفاروق، سوانح مولانا روم)
سجاد حیدر یلدرم (خیالستان) اور مجنوں گورکھپوری (ادب اور زندگی) سے لے کر ہمارے عہد تک، ہر بڑے ادیب نے کسی نہ کسی صورت میں اس روایت کو آگے بڑھایا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک خوبصورت اور سچی کڑی برادر عزیز خالد معین کی کتاب ”رفاقتیں کیا کیا“ ہے۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ کتاب صرف تاثراتی مضامین کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک تخلیقی مکالمہ ہے، جس میں مصنف نے اپنے ہم عصروں، دوستوں اور شعری رفیقوں کے ساتھ گزری نشستوں، محفلوں اور ملاقاتوں کو نہایت خلوص اور محبت کے ساتھ قلم بند کیا ہے۔ کتاب کا عنوان اپنے اندر ایک پوری کائنات سموئے ہوئے ہے۔ ”رفاقتیں کیا کیا“ بظاہر ایک سادہ سا جملہ ہے مگر دراصل یہ زندگی کے تجربے کا حاصل ہے۔ اس میں سوال بھی ہے اور اعتراف بھی … کہ رفاقتیں ہمیں کیا کچھ دیتی ہیں، کیا کچھ سکھاتی ہیں اور کہاں کہاں لے جاتی ہیں۔ یہی عنوان قاری کو آغاز ہی میں اس ادبی اور روحانی سفر کا ہم سفر بنا لیتا ہے۔۔۔۔
خالد معین کی نثر کا سب سے بڑا وصف ان کا سادہ اور شگفتہ لہجہ ہے، جس میں زندگی کی گرمی اور شاعری کی لطافت گھلی ہوئی ہے۔ ان کی تحریر محض تعارفی یا تحقیقی نہیں بلکہ دل کی دھڑکن کے ساتھ چلنے والی کیفیت ہے۔ وہ شخصیت کے خاکے کھینچتے ہیں تو اس میں صرف ظاہری خدوخال نہیں بلکہ ان کی باطنی روشنی اور انسانی وابستگی بھی شامل کر دیتے ہیں۔ یہی انداز قاری کو اپنے اندر جذب کر لیتا ہے ۔۔۔۔
رفاقتیں کیا کیا، اردو ادب میں تاثراتی مضامین اور یادداشتوں کی صنف میں ایک اہم اضافہ ہے۔ اس میں فرد بھی ہے، عہد بھی اور تخلیقی اظہار کی سچائی بھی۔ یہ کتاب ہمیں یاد دلاتی ہے کہ رفاقتیں محض وقت گزاری نہیں ہوتیں بلکہ یہ ہماری ادبی اور تہذیبی بنیادوں کو مضبوط کرتی ہیں، ہمارے خوابوں کو معنی بخشتی ہیں اور آنے والی نسلوں کو امید کا چراغ دیتی ہیں ۔۔۔۔۔۔۔
خالد معین کی یہ کتاب ادبی تحقیق سے وابستہ احباب کے لئے صرف ایک نایاب تحفہ ہی نہیں بلکہ ایک اہم رفرینس بک کی حیثیت رکھتی ہے جس کے ذریعے قاری کو نہ صرف ماضی کی ادبی و تہذیبی روایات سے آشنائی حاصل ہوتی ہے بلکہ ان ادوار کی وہ جھلکیاں بھی میسر آتی ہیں جو عام طور پر نظر سے اوجھل رہتی ہیں۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment