ماہر القادری ۔۔۔۔ روشنی کا ایک مسافر
یادوں کے جگنو
ماہر القادری ۔۔۔۔
روشنی کا ایک مسافر ۔۔۔
زندگی کے سفر میں کچھ لوگ ایسے ملتے ہیں جو خود تو وقت کے دھارے میں آگے بڑھ جاتے ہیں مگر اپنے لفظوں کی روشنی پیچھے چھوڑ جاتے ہیں۔ مولانا ماہر القادری انہی چراغوں میں سے ایک تھے۔ ایک ایسا شاعر، ادیب اور اسلامی فکر کا ترجمان، جس نے اپنی زندگی کے ہر لمحے کو لفظ اور روشنی کے سفر میں وقف کر دیا
30 جولائی 1907ء کو قصبہ کیسر کلاں، ضلع بلندشہر میں پیدا ہونے والے منظور حسین بعد میں دنیائے ادب میں (ماہر القادری) کے نام سے پہچانے گئے۔ عملی زندگی کا آغاز حیدرآباد دکن سے ہوا، پھر بجنور منتقل ہوئے جہاں رسالہ مدینہ اور غنچہ کی ادارت کی۔ اس کے بعد زندگی نے انہیں دہلی، بمبئی اور مختلف شہروں کے ادبی ماحول میں ڈالا ۔۔۔۔۔۔۔۔
1928ء میں ریاست حیدرآباد کے مختلف محکموں میں خدمات انجام دیں۔ 1943ء میں بمبئی گئے اور فلمی دنیا سے وابستہ ہوئے۔ کئی فلموں کے نغمات لکھے جو مقبول ہوئے مگر وہ جانتے تھے کہ وقتی شہرت لفظوں کی دائمی خوشبو کے آگے کچھ بھی نہیں۔ اس لیے وہ اس چمکتی دنیا کو خیر باد کہہ کر پھر ادبی اور فکری محاذ پر آ گئے۔
قیام پاکستان کے بعد ماہر القادری کراچی منتقل ہوئے۔ یہاں انہوں نے ناظم آباد بلاک 4/E مکان نمبر 2/17 میں رہائش اختیار کی۔ آج بھی اس مکان پر ان کے نام کی تختی آویزاں ہے جیسے وقت نے اسے ایک یادگار کے طور پر محفوظ کر دیا ہو۔ یہ گھر محض اینٹوں کا ڈھانچہ نہیں بلکہ ایک ایسے شاعر کا مسکن ہے جس نے اپنے کلام سے نسلوں کے دلوں کو چھوا۔۔۔۔۔۔۔
کراچی میں انہوں نے ماہنامہ فاران جاری کیا جو تقریباً تین دہائیوں تک باقاعدگی سے شائع ہوتا رہا۔ یہ جریدہ ان کی فکری بصیرت اور علمی ذوق کا مظہر تھا۔ نعتیہ شاعری میں ان کا مجموعہ ظہور قدسی ایک نمایاں سنگ میل ہے، جبکہ غزلیہ مجموعے محسوسات ماہر، نغمات ماہر اور جذبات ماہر ان کے فن کی گہرائی کا پتہ دیتے ہیں۔
حج کے تاثرات پر ان کی کتاب کاروان حجاز آج بھی سفرنامہ ادب میں اپنی مثال آپ ہے۔
وہ محض ایک شاعر نہیں تھے بلکہ ایک نظریہ تھے۔ ملی و دینی موضوعات سے لے کر معاشرتی و سیاسی حالات تک۔۔۔ ان کے کلام میں ایمان کی تازگی، محبت کی خوشبو اور فکر کی گہرائی یکجا ملتی ہے۔ وہ خود کہتے ہیں:
جس دل میں خدا کا خوف رہے باطل سے ہراساں کیا ہوگا
جو موت کو خود لبیک کہے وہ حق سے گریزاں کیا ہوگا
ماہر القادری کا آخری سفر ایک عجیب تقدیر کا آئینہ تھا۔ 12 مئی 1978ء کو جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کے زیر اہتمام ایک مشاعرے میں شریک تھے۔ اسی مشاعرے میں جمیل الدین عالی، حفیظ جالندھری، احسان دانش اور دیگر بڑے شعرا بھی موجود تھے۔ مشاعرے کے دوران وہ حسب معمول اپنے کلام اور حاضر جوابی سے محفل کو گرما رہے تھے کہ اچانک طبیعت بگڑ گئی۔ چند لمحوں میں زندگی کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔۔۔۔۔
ان کے قریبی دوستوں اور میزبانوں نے فیصلہ کیا کہ انہیں مکہ مکرمہ میں دفن کیا جائے۔ اگلے روز، جمعہ کی شام، حرم شریف میں نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں ہزاروں فرزندان اسلام شریک ہوئے۔ پھر انہیں جنت المعلی کے اس حصے میں دفن کیا گیا جہاں حاجی امداد اللہ مہاجر مکی آرام فرما ہیں۔ یہ مقام عام طور پر حجاج کو میسر نہیں آتا۔۔۔
گویا رب کائنات نے اپنے اس عاشقِ رسول ﷺ کو مکہ کی خاک میں سلا کر عزتوں کا تاج پہنا دیا۔۔۔۔۔۔
ماہر القادری کی یاد صرف کتابوں یا مشاعروں میں نہیں، بلکہ ان کے چاہنے والوں کے دلوں میں ہے۔ ان کا ہر شعر، ہر مصرع ایک چراغ کی مانند ہے جو قاری کے اندر روشنی جگا دیتا ہے۔ ان کے یہ اشعار آج بھی دلوں کو چھو جاتے ہیں:
اے باد چمن تجھ کو نہ آنا تھا قفس میں
تو نے تو مری قید کی میعاد بڑھا دی
لے دے کے ترے دامن امید میں ماہر
اک چیز جوانی تھی، جوانی بھی لٹا دی
اور پھر وہ سلام جو انہوں نے عشقِ رسول ﷺ کے خلوص سے لکھا۔۔۔ آج بھی نعتیہ ادب کا درخشندہ حوالہ ہے:
سلام اس پر کہ جس نے بے کسوں کی دستگیری کی
سلام اس پر کہ جس نے بادشاہی میں فقیری کی
سلام اس پر کہ اسرارِ محبت جس نے سکھلائے
سلام اس پر کہ جس نے زخم کھا کر پھول برسائے
اس سوانحی و ادبی تحریر میں ماہر القادری کی حیات اور آخری سفر کے حوالے سے ڈاکٹر عبداللہ عباس ندوی کے مضمون (ماخوذ از فاران دسمبر 1978ء، ماہر القادری نمبر) اور جدید دور میں ان کی حیات پر کی جانے والی تحقیقی کاوشوں، خصوصاً راشد اشرف صاحب کے فراہم کردہ مستند مواد سے مدد لی گئی ہے۔ ہم اس علمی معاونت کے لیے ان کے شکر گزار ہیں۔
میری کہانی، میری زبانی
(مولانا ماہر القادری کا اپنا بیان)
میرا نام منظور حسین جس کے تاریخی عدد ۳۱ھ ہوتے ہیں اور یہی میرا سن پیدائش ہے والد کا نام محمد معشوق علی اور تخلص ’ظریف ‘ کرتے تھے مگر انھوں نے ایک شعر بھی ظریفانہ انداز میں نہیں کہا۔شروع میں عاشقانہ غزلیں اور آخری عمر میں حمد و نعت کہتے تھے۔
میرا وطن کسیر کلاں ضلع بلند شہر ہے۔ یہ میرا آبائی وطن ہی نہیں مولد و منشا بھی ہے۔اس زمانے میں جب پی ایچ ڈی ہونا بھی کوئی خاص فخر و امتیاز کی بات نہیں ہے کسی کا یہ کہنا کہ میں نے میٹرک میں کامیابی حاصل کی ہے ایک مضحکہ خیز سی بات ہے۔میری فکر و نظر کی تربیت ، نشو و نما بلکہ یوں سمجھئے کہ اس کی تشکیل کا دار و مدار مطالعہ پر ہے، ساری عمر اس دشت کی سیاحی میں گزری ہے۔ ہر فن کی کتابیں پڑھیں اور ہزاروں راتیں چراغ کے سہارے گزاری ہیں ۔۔۔۔
حیدرآباد دکن میں میرا تقریباً پندرہ سولہ سال قیام رہا۔میری زندگی کا بہترین زمانہ دکن میں گزرا ہے۔مہاراجہ سر کشن پرشاد یمین السلطنت صدر اعظم دولت آصفیہ کی ذات وہاں میرے لیے قیام کا سبب تھی۔ مہاراجہ سرکشن پرشاد بڑے علم دوست اور شاعر نواز تھے ۔چھوٹے پیمانے پر وہ برمکی وزراء کی یادگار تھے ۔دکن میں سرکاری ملازمت سے بھی میرا تعلق رہا۔ میں نے ۱۹۴۳ء میں عراق کا سفر کیا اور وہاں کے عمائد، علما اور مشاہیر کے علاوہ ہز میجسٹی غازی الاول شاہ سے بھی ملاقات ہوئی۔۔۔۔۔۔
حیدرآباد دکن ۱۹۴۳ء میں چھوڑا اور دہلی کو اقامت گاہ بنایا اسی دوران میں مشاعروں کے سلسلے میں بمبئی آتا جاتا رہا اور وہاں چند دن فلمی دنیا سے بھی تعلق رہا ۔فلمی دنیا میں میرے لیے شہرت اور جلب منفعت کے بعض زریں مواقع حاصل تھے مگر اللہ کا بڑا فضل ہوا کہ میں اس دلدل سے بہت جلد نکل آیا ۔اس چند روزہ فلمی تعلق پر آج تک متاسف ہوں، تقسیم ہند کے بعد دہلی ہی میں مقیم رہا مگر جب دہلی میں ہنگامہ ہوا تو ان دنوں میں اپنے وطن کسیرکلاں میں تھا لیکن اس قیامت کا سامنا کرنا مقدر میں تھا۔
۳۱،ستمبر ۷۴ءکو چالیس ہزار مسلح ہندوﺅں نے ہمارے گاﺅں پر حملہ کر دیا۔ میں عین محاذ پر تھا اللہ کے فضل و کرم سے میں آخر وقت تک مورچوں پر جما رہا اور ہر قسم کے گزند سے محفوظ رہا یوں سمجھئے کہ موت کا قافلہ میرے سامنے سے بلکہ یوں کہیے کہ مجھ کو چھوتا ہوا گزر گیا ۔کراچی یکم نومبر ۷۴ء کو پہنچا ۔میرٹھ سے اسپیشل ٹرین کے ذریعہ آنا ہوا راستے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، چند ماہ ملتان میں رہنا ہو، مگر مستقل کراچی میں رہا ۔۔ ۱۹۵۱ سے رسالہ ’فاران‘ نکال رہا ہوں ۔ ’فاران‘ کے ذریعہ جو کچھ تھوڑی بہت علم و ادب اور اخلاق و اسلام کی خدمت انجام دے رہا ہوں وہ اہل نظر کے سامنے ہے۔ اپنی زبان سے کیا کہوں ۔ میری نظم و نثر کی بیس کتابیں چھپ کر اب تک منظر عام پر آ چکی ہیں۔افسانوں کا ایک مجموعہ”میخانے“ جو چھپ چکا تھا اور جلد بندی ہو رہی تھی دہلی کے آشوب کی نذر ہو گیا۔ اس کا مسودہ بھی میرے پاس نہیں ہے ۔۔۔۔
مشاعرے بھی اتنے پڑھے ہیں کہ کم شاعروں نے پڑھے ہوں گے۔ بعض اوقات ایک ایک ماہ کا سلسلہ سفر رہا ہے۔ شام مدراس میں ہوئی تو چوتھی صبح سواد بنگال میں طلوع ہوئی۔ تمام مشاہیر شعرا کے ساتھ ملاقاتیں اور صحبتیں رہی ہیں۔ تجربے نے بتایا کہ شاعری کی جو اسلام نے ہمت افزائی نہیں کی ہے اس کا ایک سبب بھی ہے کہ شاعر کی جوانی رنگینیوں سے بچ نہیں سکتی اس سمندر میں کوئی ڈوبے گا تو تر دامن ضرو ر ہو جائے گا ۔شعر و ادب کی شہرت اپنی جگہ خود ایک فتنہ عظیم ہے ۔ نغمہ و شعر و جوانی کا وہ عالم ........توبہ ۔۔۔۔۔
میری آنکھوں پہ قصیدے تیرے ہونٹوں پہ غزل............اس انداز کے شعر اس دور کی یادگار ہیں۔
(میری نعت گوئی کا پس منظر)
اللہ تعالیٰ نے مجھے ایک ایسے مسلمان گھرانے میں پیدا کیا جہاں حمد و نعت کا اکثر ذکر رہتا تھا۔ میرے کان میں سب سے پہلے حمد و نعت اور منقبت کی ہی آوازیں آئیں اور آج تک ان کی بازگشت سن ر ہا ہوں ۔ میرے والد مرحوم کو ذات رسالت مآب سے عشق تھا۔ شروع میں مرحوم نے کچھ عشقیہ غزلیں کہیں مگر آخر میں نعت اور صرف نعت کہتے تھے ۔مدینے جانے کی تمنا ہی میں دنیا سے چلے گئے کیا عجب ہو کہ مدینے والے نے آپ کے ایک غلام کی روح کے لیے مدینے کو ہی برزخ میں تبدیل کرادیا ہو ۔
خدا کے فضل سے ہمارے سارے گھر کو حمد و نعت سے خاص شغف تھا، یاد نہیں دل پہ نقش ہے یہ شعر ۔۔۔۔
جو ہو پل پہ لغزش کسی امتی کی
اسے آ کے دیں گے سہارا محمد
جسے میں نے بچپن میں اپنی بڑی بہن سے سنا تھا۔ دوسرے لفظوں میں یوں کہیے کہ نعت رسول میری گھٹی میں پڑی تھی۔ ہوش سنبھالا تو شعر گوئی کے لیے طبیعت کو موزوں پایا بلکہ آمادہ پایا۔ میں یہ کہتے ہوئے فخر محسوس کر رہا ہوں کہ میری شاعری کی ابتدا حمد و نعت سے ہوئی اور ان شاءاللہ خاتمہ بھی اسی پر ہوگا۔ مجھے اپنی فاشقانہ شاعری کا بہرحال کفارہ دینا ہے۔
میں نے بڑی حد تک کوشش کی ہے کہ نعت رسول کو رنگ آمیزی سے دور رکھا جائے۔ میں نے رسول اللہ کو احمد بے میم نہیں کہا کہ یہ شاعرانہ نزاکت خیال توحید کے بنیادی تصور سے ٹکراتی ہے۔ دین حنیف کا کمال رنگینیوں اور نزاکت آفرینیوں میں نہیں سادگی اور خلوص میں ہے ۔۔۔۔۔
آخری تمنا یہ ہے کہ ذکر جمیل کا کچھ حصہ دربار اقدس میں حاضر ہو کر اپنی زبان سے عرض کر دوں اور اس کے بعد اسی جان حیات کے سامنے دم نکل جائے جس کے قدموں پہ جان نچھاور کرنے کے لیے دی گئی تھی ۔۔۔۔۔۔
(ماہنامہ پرواز لندن، جولائی 2019،
شمارہ ۔ 4 ۔۔۔ جلد۔ 19۔۔۔۔ گوشہ۔ مولانا ماہر القادری۔۔۔۔
بشکریہ سید معراج جامی صاحب)
یہ وہ زندگی ہے جو وقت کی راہوں پر چلتی رہی مگر اپنے پیچھے یادوں کے جگنو چھوڑ گئی۔ آج جب ناظم آباد کے اس گھر پر لگی تختی پر نام چمکتا ہے تو یوں لگتا ہے جیسے خود ماہر القادری مسکرا کر کہہ رہے ہوں۔۔۔۔۔۔۔
لفظ روشنی ہیں اور روشنی کبھی مرتی نہیں۔۔۔
کیونکہ ۔۔۔۔
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment