میرے سسر محترم سید شکیل احمد (پاپا)"



یادداشت *یادوں کے جگنو

سید شکیل احمد (پاپا)"


پاپا ایک باوقار، مشفق اور خدمت گزار انسان تھے، جنہوں نے اپنی زندگی سادگی، خلوص اور ذمہ داری کے ساتھ گزاری۔

کراچی کے معروف بیچ لگژری ہوٹل میں شعبۂ اکاؤنٹس سے وابستہ رہے، اور وہیں سے باعزت سبکدوش ہوئے۔ ۲۰۰۲ میں کراچی  میں ان کا انتقال ہوا۔


پاپا کا تعلق علم و ادب کے تاریخی شہر امروہہ سے تھا، جہاں تہذیب، زبان و بیان اور رشتوں کی گہرائی ایک روایت ہے۔ وہ تین بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔ ان کے چھوٹے بھائی ڈاکٹر پروفیسر سید شریف احمد دہلی یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کے صدر رہے، جبکہ دوسرے بھائی سید عقیل احمد (عقیل دانش) ایک معروف شاعر، دانشور اور صحافی کے طور پر جانے جاتے تھے، جن کے مضامین دنیا بھر کے اردو اخبارات میں شائع ہوتے رہے۔

جولندن میں مقیم ہیں، پاپا کی چار بہنیں اور ایک بھائی ہندوستان میں رہائش پذیر تھے۔ ان میں سے تین بہنیں اور ایک بھائی پروفیسر شریف احمد وفات پا چکے ہیں۔ صرف ایک ہمشیرہ، خورشیدہ پھوپھی حیات ہیں۔۔۔۔ اللہ تعالی انھیں صحت اور عمرِ دراز عطا فرمائے۔


پاپا کے آنگن میں محبت کی چھاؤں جیسی چھ بیٹیاں اور تین بیٹے ہیں۔


بیٹیاں: ناہید (مرحومہ، زوجہ سید محمود حسین)


نزہت مرحومہ، (زوجہ یحییٰ صدیقی) 


عالیہ (زوجہ محمد اختر شیخ)


شہلا (زوجہ سید ذوالفقار حسن مرحوم)


 سہلہ (زوجہ محمد عامر)

اور


 نبیلہ (زوجہ عبدالحکیم شیخ)


بیٹے: سید راحیل جمیل


سید شرجیل جمیل


 اور 


سید کفیل جمیل (مرحوم)


بیٹیوں میں سے دو اور ایک بیٹا کفیل، نیز دو داماد بھی اس فانی دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں۔ آج میری اہلیہ ان سب بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں۔


راحیل کے ڈی اے میں اور شرجیل پپسی کولا کمپنی میں برسر روزگار ہیں، اور دونوں بھائی نارتھ کراچی میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ مقیم ہیں۔


پاپا نہایت نفیس طبیعت کے مالک تھے۔ ان کی محبت کا ایک خوبصورت انداز یہ تھا کہ ہر دوسرے یا تیسرے اتوار کی صبح وہ سائیکل پر بیٹیوں کے گھر سبزیاں یا دیگر ضروری اشیاء لے کر جایا کرتے، اور دوپہر تک واپس لوٹ آتے۔ ان کا یہ عمل صرف ضرورت کی تکمیل نہیں، بلکہ خالص محبت، خاندانی وابستگی، اور خدمت کا عملی مظہر تھا۔


دعوتوں کے شوقین، خوش ذوق میزبان، اور مہمان نوازی کو اعزاز سمجھنے والے پاپا کے دل میں سب کے لیے جگہ تھی۔ ان کی زندگی کا ایک اور نمایاں پہلو ان کی دینی وابستگی تھی۔ 


ہر سال ۱۲ ربیع الاول کو ان کا گھر میلاد النبیؐ کے جلوس کے اختتام پر چائے اور بن کی تقسیم کا مرکز بن جاتا۔

یہ خوبصورت روایت آج بھی ان کی بیٹی نبیلہ اور بیٹے راحیل و شرجیل بخوبی نبھا رہے ہیں۔


پاپا نہ صرف اپنے خاندان، بلکہ اپنے احباب کے دلوں میں بھی خاص مقام رکھتے تھے۔ ان کی دعائیں، عادتیں، مسکراہٹ، اور نرم مزاجی آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔


ایک خوشگوار یاد آج بھی دل کو مسکراہٹ دے جاتی ہے۔ بیس بائیس سال قبل کی بات ہے۔ میں اور پاپا لیاقت آباد مارکیٹ سے واپسی پر اپنے عزیز رضوان بھائی کی دکان پر رکے۔ جب میں نے تعارف کروایا کہ 

"یہ میرے سسر ہیں"

 تو رضوان بھائی نے مسکرا کر میرے کان میں کہا


"بڈھا اسمارٹ ہے یار"


یہ جملہ، ایک شوخی کے باوجود، پاپا کی وجاہت اور شخصیت کی سادگی کا خوبصورت اعتراف تھا۔


پاپا اب اس دنیا میں نہیں، مگر ان کی روشنی، ان کے سلیقے، دعائیں اور رویے ہماری زندگی کا حصہ ہیں۔

ایک داماد کے لیے یہ رشتہ شاید خون کا نہیں، لیکن دل کا رشتہ ضرور ہوتا ہے۔ اور دل کے رشتے، ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔

ہم ان لوگوں کے وارث ہیں، جنہوں نے ہمیں صرف مال نہیں، بلکہ کردار اور رویے دیے ہیں۔


اللّٰہ تعالیٰ پاپا، امی، اور دیگر مرحومین کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، اور جو حیات ہیں، ان سب کو صحت، سکون اور خوشیوں بھری زندگی عطا فرمائے۔

آمین یا رب العالمین۔


یہ چند سطور میں نے ایک داماد کی حیثیت سے نہیں، بلکہ ایک بیٹے کی سی محبت اور احترام کے جذبے سے لکھی ہیں۔ پاپا میرے لیے محض سسر نہ تھے، بلکہ ایک سراپا محبت، شفقت اور وقار کا پیکر تھے۔ ان کی زندگی نے مجھے سکھایا کہ خلوص، خدمت اور صبر سے جیتے گئے رشتے ہی اصل دولت ہوتے ہیں۔ ان کی یاد ہر دعا، ہر مسکراہٹ، اور ہر خاندانی محفل میں شامل رہتی ہے۔ یہ تحریر ان کی یاد کو لفظوں میں قید کرنے کی ایک ادنیٰ کوشش ہے، جو شاید مکمل تو نہیں، لیکن دل سے نکلی ہے۔


ان کے داماد، اور   عقیدت مند، محمد اختر شیخ


Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ