سید معراج جامی ۔۔۔ جو دلوں کو جوڑنے والے ہیں
"یادوں کے جگنو"
سید جامی ۔۔۔ جو دلوں کو جوڑنے والے ہیں
زندگی کے سفر میں کچھ ملاقاتیں ایسی ہوتی ہیں جو محض ملاقات نہیں ہوتیں بلکہ ہمارے باطن کو چھو کر سوچ کے نئے زاویے عطا کرتی ہیں۔ کچھ شخصیات اپنے لہجے، رویے، اور خیالات سے دلوں کو ایسا جیت لیتی ہیں کہ پھر وہ صرف ایک انسان نہیں رہتیں بلکہ ایک جذبہ ایک کیفیت بن جاتی ہیں۔ سید معراج جامی بھائی کا تعلق انہی ہستیوں سے ہے۔
یہ ایک ادبی اتفاق تھا یا مقدر کی عنایت کہ انڈیا کے شہر اندور سے تعلق رکھنے والے رازق انصاری بھائی نے مجھ سے پوچھا کہ کیا آپ اختر اندوری صاحب کو جانتے ہیں جو اپ کے شہر کراچی میں رہتے ہیں ان کا سوال ایک در کھولنے والا ثابت ہوا۔ میری والدہ کا تعلق بھی اندور سے تھا، اس لیے اس شہر اندور کے کئی احباب سے تعلق رہا۔ جب میں نے اپنے دیرینہ دوست یحییٰ بھائی سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ اختر اندوری صاحب ان کے بڑے بھائی ہیں یوں میں نے اختر بھائی سے فون پر رابطہ کیا، اور انہوں نے مجھے اگلے دن ناظم آباد پریس مارکیٹ میں معراج جامی بھائی کے دفتر آنے کی دعوت دی۔
دوسرے دن جب میں وہاں پہنچا تو منظر دل کو چھو لینے والا تھا۔ نہ صرف اختر اندوری صاحب سے ملاقات ہوئی بلکہ جامی بھائی سے بھی شناسائی ہوئی۔ یہ جان کر دلی مسرت ہوئی کہ اختر اندوری صاحب، جامی بھائی کے استاد بھائی ہیں، اور دونوں کے استاد حضرت فدا خالدی دہلوی جیسے عظیم شعرا میں شمار ہوتے ہیں۔ مزید حیرت انگیز بات یہ تھی کہ مشہور نغمہ نگار فیاض ہاشمی صاحب جامی بھائی کے بڑے بھائی ہیں۔ ایک طرف شعری روایت دوسری طرف فلمی دنیا کے نغمات، یہ گھرانہ واقعتاً فن و ادب کا خزانہ نکلا۔
جامی بھائی کا دفتر محض ایک دفتر نہیں بلکہ ایک ایسی ادبی بیٹھک ہے جہاں الفاظ سانس لیتے ہیں خیالات گفتگو کرتے ہیں اور دلوں میں ادب کی شمع روشن ہوتی ہے۔ وہاں شہر کے معروف شعرا کی آمد و رفت رہتی تھی اور یہی آمد و رفت اکثر شعری نشست میں تبدیل ہو جاتی تھیں۔
معراج جامی بھائی کی محبت و شفقت نے میرے دل میں ایک نئی روشنی پیدا کی بچپن میں جو شوق سخن روزگار کی مجبوریوں کے باعث ماند پڑ گیا تھا، وہ پھر سے انگڑائی لے کر جاگ اٹھا۔ جامی بھائی نے کئی شعری محفلیں گھروں میں منعقد کیں اور کرایں، جن میں شہر کے ممتاز شعرا نے شرکت کی۔ جامی بھائی نے نہ صرف میری رہنمائی کی بلکہ مجھے لفظوں کے وقار سے دوبارہ روشناس کرایا۔
جامی بھائی ایک خالص غزل گو شاعر ہیں، جن کا پہلا شعری مجموعہ "روزن خیال" 1992 میں شائع ہوا۔ ان کی شاعری میں فکری گہرائی، لطافت بیان اور درد کی وہ صداقت نظر آتی ہے جو صرف سچے فنکاروں کا خاصہ ہوتی ہے۔
بہار برگ پراگندہ ہی جمع کر سکتی ہے اس کو سلیقے سے ترتیب دینا ہی فن ہے۔
چند اشعار ملاحظہ ہوں
اپنے دریا سے ہٹ گیا ہوں میں
خشک ساحل ہوں کٹ گیا ہوں میں
دشمنوں کے لیے بچا ہی نہیں
دوستوں ہی میں بٹ گیا ہوں میں
غم سے کس آدمی کو فرصت ہے
زندگی کی یہی ضمانت ہے۔
ان کے طنز و مزاح سے بھرپور ہائیکو اور سین ریو نظموں کا مجموعہ
"بیوی سے چھپ کر"
2003 میں منظر عام پر آیا۔ اس مجموعے میں ان کی شگفتہ طبیعت اور مشاہدے کی باریکی خوب جھلکتی ہے
"جورو کا ہے غلام
اپنے ہر سسرالی کو
جھک کر کرے سلام"
ان کی تیسری کتاب
"مقالات افتتاحیہ"
2011 میں شائع ہوئی، جو اردو زبان و ادب کے مسائل پر مدلل اور جامع تنقیدی مضامین پر مشتمل ہے یہ مضامین دراصل ماہنامہ "سیفر اردو" کے اداریوں پر مبنی ہیں جنہوں نے علمی دنیا میں خاص مقام حاصل کیا۔
2013 میں ان کا حمد، نعت و منقبت پر مشتمل مجموعہ
"معراج عقیدت"
شائع ہوا۔
ان کی نعتیہ شاعری میں خلوص انکساری اور عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جھلک دیکھی جا سکتی ہے
منظوم انتساب
"صدق دل سے جو میں نے لکھی ہیں
آپ کی شان میں مرے آقا
چند نعتیں ہیں میرا سرمایا
آپ کی ہی میں نذر کرتا ہوں
گر قبول افتد زہے عزوشرف"
جو حقائق ہیں زمانوں پہ رقم تیرے ہیں
یہ جہاں تیرا ہے یہ لوح و قلم تیرے ہیں
معراج جامی بھائی ایک ہمہ جہت شخصیت ہیں، وہ شاعر ہیں، نثر نگار ہیں، نقاد ہیں، اور سب سے بڑھ کر ایک حساس اور مخلص انسان۔ وہ دوستوں کا درد محسوس کرتے ہیں، اور ان کے دکھ میں شریک ہوتے ہیں۔ ان کا انداز گفتگو دل نشیں ہے، اور وہ ہر ملنے والے کو اپنا بنا لیتے ہیں۔
یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ رازق بھائی کے ایک سوال نے مجھے ایسی شخصیت سے ملا دیا جو نہ صرف میری یادوں کا حصہ بن گئی بلکہ میرے شعری سفر کی روشنی بھی بن گئی۔ سید معراج جامی صرف ایک شاعر نہیں، وہ ایک ادارہ ہیں، ایک فکر ہیں، اور ان سے مل کر یہ احساس ہوتا ہے کہ ادب آج بھی زندہ ہے، اور محبت کی زبان میں گفتگو کرنا آج بھی ممکن ہے۔
"یادوں کے جگنو"
میں ان کا تذکرہ ایک روشن ستارے کی مانند ہے جو نہ صرف میرے لیے بلکہ ہر اس قاری کے لیے مشعل راہ بنے گا جو ادب، محبت اور خلوص کی تلاش میں ہے۔ ایسے لوگ وقت کی گرد میں چھپ نہیں سکتے، وہ دلوں میں زندہ رہتے ہیں اور لفظوں کے ذریعے ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment