(خلوص کی خوشبو......... وراثت کا وقار) طارق رئیس فروغ
""یادوں کے جگنو""
(خلوص کی خوشبو......... وراثت کا وقار)
وقت کے دامن میں کچھ ملاقاتیں یوں سمٹ جاتی ہیں کہ وہ محض ایک واقعہ نہیں رہتیں بلکہ یادوں کے آئینے میں ایک عکس بن کر ہمیشہ جگمگاتی رہتی ہیں۔
آج ایک ایسی ہی شخصیت کا ذکر ہے جو خلوص، شرافت، تہذیب اور ادبی ورثے کی حفاظت کا جیتا جاگتا استعارہ ہیں
(طارق رئیس فروغ بھائی)
میری ان سے پہلی ملاقات 15 اکتوبر 2017 کو ہوئی ایک سادہ مگر خوش ذوق محفل کا اہتمام ان کے ناظم آباد نمبر 1 میں واقع رہائش گاہ پر کیا گیا تھا۔ یہ ایک پرخلوص دعوت حلیم تھی جس میں شرکت کا شرف مجھے محترم معراج جامی بھائی کی رفاقت میں حاصل ہوا، اگرچہ طارق بھائی برسوں سے اسی علاقے میں مقیم تھے مگر اس سے قبل ملاقات نہ ہو سکی اور حیرت کی بات یہ ہے کہ ان کا گھر اسی محلہ میں واقع تھا جہاں ہماری پرانی بیٹھک ہوا کرتی تھی وہی نشست گاہ جو چار دہائیوں سے زائد عرصے تک دوستوں کی گپ شپ اور قہقہوں کی گونج سے آباد رہی۔
مزاحیہ شاعری کے منفرد لہجے کے نمائندہ شاعر سعید آغا مرحوم بھی اس بیٹھک کے اہم رکن تھے اور ان کا گھر بھی طارق بھائی کے گھر کے قریب ہی تھا اگر ملاقات پہلے ہو جاتی تو ممکن ہے کہ طارق بھائی بھی اس خوشگوار دائرے میں شامل ہوتے جس کی یادیں آج بھی دل کو مسرور کرتی ہیں۔
دعوت حلیم کا ذکر ایک معمولی بات نہیں وہ محفل صرف ذائقوں کی نہیں بلکہ جذبوں، خلوص اور اپنائیت کی خوشبو سے معطر تھی۔ لاجواب حلیم کے ساتھ جب گرم گرم رس بھرے گلاب جامن پیش کیے گئے تو مہمان نوازی کے اس ذائقے نے دلوں کو بھی مٹھاس سے بھر دیا۔ وہ ایک سادہ مگر یادگار شام تھی جس کا ہر لمحہ آج بھی دل کی لوح پر تازہ ہے۔
اس پہلی ملاقات کے بعد سے تعلق کا ایک سلسلہ قائم ہوا جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتا گیا۔ طارق بھائی اب ناظم آباد نمبر 4 کے قریب رہائش پذیر ہیں اور ان کے صاحبزادے وقتاً فوقتاً میری فیکٹری پر بھی تشریف لاتے رہتے ہیں۔ یہ معمولی رابطے نہیں بلکہ دلوں کے بندھن ہیں جنہیں وقت کے دھارے بھی کمزور نہیں کر سکے۔
طارق رئیس فروغ بھائی صرف ایک خوش اخلاق انسان ہی نہیں بلکہ اپنے والد گرامی محترم رئیس فروغ مرحوم کے شعری اور ادبی سرمایے کے سچے وارث بھی ہیں۔ رئیس فروغ صاحب اردو شاعری میں ایک معتبر نام ہیں جنہوں نے اپنی شاعری میں زندگی درد، محبت اور شعور کی لہریں بکھیر دیں۔
ان کے لکھا ہوا سب سے مشہور 1965 کی جنگ کے دوران تحریر کردہ نغمہ جو پاک فضائیہ کا سب سے پہلا قومی نغمہ قرار پایا ۔
(شاہیں صفت یہ تیرے جواں اے فضائے پاک ان غازیوں پہ سایہ فگن ہے خدائے پاک)
آج بھی اہل وطن کے دلوں میں محبت اور وفاداری کی شمع روشن کرتے ہیں
ان کا ایک اور یادگار گیت میری ہم جولیوں آج بھی دلوں میں مچلتا ہے
""میری ہمجولیاں
کچھ یہاں
کچھ وہاں
نام لے کر ترا
مسکرائیں گنگنائیں
دل جلائیں مرا
ہائے جاؤں کہاں
ساون
ساون آئے تو
کیوں نہ کھوئے کھوئے
دل میں امنگ ہو
برکھا
برکھا چھائے تو
کیوں نہ سوئی سوئی
آنکھوں میں بھی رنگ ہو
چل ہٹ
اب ہم سے نہ چھپا
سچ سچ بتا
وہ کون ہے
وہ کون ہے
کلیاں
کلیاں مسکائیں تو
کیوں نہ کلیوں کی مجھ میں جھلک ہو
جوہی
جوہی جھومے تو
کیوں نہ مجھ میں بھی جوہی کی مہک ہو
چل ہٹ
اب ہم سے نہ چھپا
سچ سچ بتا
وہ کون ہے
وہ کون ہے
میری ہمجولیاں
کچھ یہاں
کچھ وہاں
نام لے کر ترا
مسکرائیں گنگنائیں
دل جلائیں مرا
ہائے جاؤں کہاں""
یہ صرف نغمہ نہیں ایک دور کی تہذیبی گواہی اور جذبات کی ترجمانی ہیں
رئیس فروغ صاحب کا پہلا شعری مجموعہ (رات بہت ہوا چلی ) کے نام سے شائع ہو چکا ہے
رئیس فروغ صاحب کے بعض کلام جو پہلے مجموعۂ کلام میں شامل نہ ہو سکے تھے، طارق بھائی نے نہایت محبت احتیاط اور تحقیقی ذوق کے ساتھ جمع کیا اور معروف استاد پروفیسر اشتیاق طالب صاحب کی ادبی نگرانی میں انہیں نئی جہتیں کے عنوان سے کتابی صورت میں پیش کیا۔
یہ صرف کتاب نہیں، بلکہ ادب سے وفاداری، والد سے عقیدت اور فن سے محبت کا عملی اظہار تھا۔ اس کتاب کی تقریبِ رونمائی غالب لائبریری، ناظم آباد کے ہال میں منعقد ہوئی جس میں شہر کے اہل ذوق اور ادبی شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور کتاب شرکاء میں بطور تحفہ تقسیم کی گئی یہ وہ خوبصورت لمحہ تھا جسے الفاظ میں سمیٹنا ممکن نہیں۔
طارق رئیس فروغ بھائی کے مزاج میں خلوص اور مزاج کی تہذیب ایسی ہے جو ان کے ہر عمل میں جھلکتی ہے ان کی محبت بھرے انداز گفتگو اور والد گرامی رئیس فروغ صاحب کی ادبی وراثت سے ان کی گہری نسبت ان کی شخصیت کو مزید نکھار دیتی ہے۔
ناصر کاظمی کا ایک شعر بھی یاد آتا ہے جو اس ادب پرور خانوادے کی جمالیات کا عکس ہے
دل میں اک لہر سی اٹھی ہے ابھی
کوئی تازہ ہوا چلی ہے ابھی
یہی تازہ ہوا آج بھی اردو ادب کے دشت میں ""فروغ"" بن کر چل رہی ہے۔
طارق بھائی کی زیر ادارت آن لائن شائع ہونے والا سہ ماہی جریدہ ""فروغ"" نہ صرف نئے اور پرانے شعرا کے لیے ایک پلیٹ فارم ہے، بلکہ اردو ادب میں ایک مہذب، سنجیدہ اور وقار سے بھرپور اضافہ ہے، مجھے یہ عزت بھی حاصل ہے کہ میری غزلیں اس جریدے میں شائع ہوتی رہتی ہیں، جس کے لیے میں طارق بھائی کی محبت اور اعتماد کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔
ادب کی دنیا میں ایسے کردار خال خال نظر آتے ہیں۔
میں چراغ رہ منزل تھا مگر یوں بجھ گیا
جیسے اک شخص ہوا کو دے رہا ہو بد دعا
لیکن طارق رئیس فروغ بھائی نے اس چراغ کی لو کو بجھنے نہ دیا، بلکہ اسے نسلوں کے لیے روشنی کا ذریعہ بنا دیا۔
طارق رئیس فروغ ایک ایسی شخصیت کا نام ہے جو خاندانی عظمت، ادبی ورثے اور شخصی شائستگی کا حسین امتزاج ہیں۔ ان کی گفتگو میں ٹھہراؤ، مزاج میں انکساری اور انداز میں وقار ہے۔ ان سے تعلق میرے لیے ایک ادبی سرمایہ بھی ہے اور ایک روحانی سکون بھی۔
ایسے لوگ واقعی
""یادوں کے جگنو""
میں صرف ذکر کے نہیں بلکہ عزت و احترام کے ساتھ جگہ پاتے ہیں ۔
وہ جگنو جو وقت کی دھند میں بھی روشنی بکھیرتے رہتے ہیں۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment