پاپوش نگر کا جگنو جو نعت کے آسمان پر چمکتا رہا۔۔۔۔
"یادوں کے جگنو"
پاپوش نگر کا جگنو جو نعت کے آسمان پر چمکتا رہا۔۔۔۔۔
حافظ مستقیم خان مستقیم
پاپوش نگر کی گلیوں میں ایک چراغ تھا جو نعت کے آسمان پر جگنو بن کر چمکتا رہا۔ اس چراغ کا نام حافظ مستقیم خان مستقیم تھا، ایک ایسا نعت گو، جو صرف الفاظ سے نہیں بلکہ دل کی تپش سے نعت کہتے تھے، پڑھتے تھے اور دلوں میں اتار دیتے تھے ۔۔۔۔
وہ نظامی نعت اکیڈمی ناظم آباد کے روح رواں تھے نعت کو محض فن نہیں عبادت جانتے تھے ان کے لیے نعت گوئی ایک روحانی مشق تھی جس میں سانس بھی شامل تھی اور دل کی دھڑکن بھی ۔۔۔
مجھے آج بھی یاد ہے گلبہار کی سالانہ بارہ روزہ محفل میلاد میں میں خصوصی طور پر ان کی نعت سننے جاتا تھا اور ہر سال اپنے عزیز دوست حامد رضا خان کے گھر پر منعقد ہونے والی محفل میں ان سے ملاقات رہتی تھی۔ پھر نوکری کے تقاضے آڑے آئے، فاصلے بڑھے اور ملاقاتوں کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔ مگر دل کی دنیا میں وہ نسبت باقی رہی جو کسی رسمی تعارف کی محتاج نہ تھی ۔
نعت کے ساتھ ان کا تعلق جیسے ازل سے تھا ۔۔۔۔۔۔
معراج سخن ان کا پہلا مجموعۂ نعت تھا جو 1987 میں ان کے دوسرے مجموعے تاج سخن کے ساتھ ایک ہی جلد میں شائع ہوا۔۔۔ جیسے عشق اور فن ایک ہی دل میں سمٹ آئے ہوں ۔۔۔۔۔
پھر برسوں بعد ایک مشاعرے میں ان سے دوبارہ ملاقات ہوئی یہ روح پرور نشست ہمارے مرحوم دوست زاکر صدیقی کے گھر منعقد ہوئی تھی جن کی محبت خوش ذوقی اور نعت سے وابستگی ایسی محفلوں کی بنیاد بنتی تھی ۔۔۔
حافظ مستقیم خان مستقیم اس نشست کے صدر تھے، اور خوش بختی دیکھیے کہ خاکسار کو انہی کی صدارت میں اپنا نعتیہ کلام پیش کرنے کا موقع ملا ۔ وہ لمحہ دل کی دیوار پر آج بھی عکس بن کر چمک رہا ہے ۔۔۔۔
ان کی نگاہ شفقت، تبسم اور دعا جیسے زندگی کی تھکن پر ہاتھ رکھ گئی ہو ۔۔۔۔۔۔
ذاکر صدیقی نہ صرف ایک ذوق والے میزبان تھے، بلکہ نعت سے محبت ان کے مزاج کا حصہ تھی۔ ان کی محفلیں دلوں کو جوڑنے اور روح کو جلا دینے کا سبب بنتی تھیں۔۔۔ آج وہ ہمارے درمیان نہیں لیکن ان کی نیت ان کی محبت اور ان کی یاد ہمارے دلوں میں زندہ ہے۔ اللہ پاک ذاکر بھائی کے درجات بلند فرمائے ۔ آمین ۔۔۔۔۔۔
حافظ مستقیم صاحب کی ایک نعت جو ہمیشہ دل کو چھو لیتی ہے، بار بار سننے کو دل چاہتا ہے ۔۔۔۔۔۔
عنبر سے کہیں بڑھ کے ہے قدموں کا پسینہ
کس عطر کا مجموعہ ہیں سلطانِ مدینہ
برسوں سے دل مرے میں ہے ارماں مدینہ
سرکار عطا کیجیے بس ایک مہینہ
رو رو کے گزارے ہیں جدائی کے زمانے
فرقت میں سلگتا ہے یہ دل روز و شبینہ
سرکار یہ جینا ہے کوئی جینے میں جینا
سرکار بنا لیجیے مہمان مدینہ
اس خاک کو چوموں، کبھی آنکھوں سے لگاؤں
آقاؐ کی زمیں پر مرا جب پہنچے سفینہ
اے مستقیم آقا کی غلامی ہے بڑی بات
کیا اس سے بڑا ہے کوئی دنیا میں خزینہ ۔۔۔۔
اور پھر ایک دن وہ خبر ملی جو دل میں سناٹا بھر گئی، پچھلے رمضان اپنے ہی گھر نارتھ کراچی میں منعقد محفل ختم قرآن میں انہوں نے اپنا آخری نذرانۂ نعت پیش کیا اور اسی پاکیزہ ذکر کی فضا میں اپنے رب کی طرف لوٹ گئے ۔۔۔۔
کیا ہی مقدس رخصتی تھی جس نے ساری زندگی نعت پڑھی اس کی آخری سانسیں بھی نعت میں ڈھل گئیں ۔۔۔۔۔۔۔۔
ایسے لوگ جسم سے جدا ہو جاتے ہیں، مگر دلوں کی بستی میں یادوں کے جگنو بن کر روشنی دیتے رہتے ہیں ۔۔۔
وہ پاپوش نگر کے جگنو تھے، جنہوں نے عشق رسول ﷺ کا چراغ سینکڑوں دلوں میں روشن کیا ۔۔۔۔۔۔
آج وہ ہمارے درمیان نہیں مگر ان کی نعتیں ان کی آواز ان کا خلوص اور ان کی نسبت دل کی محفل میں ہمیشہ جگمگاتے رہیں گے ۔۔۔۔۔
آخر میں ہمارے دوست فاروق ذاکر کا منظوم خراج عقیدت ۔۔۔۔ حافظ مستقیم صاحب کی روح کو ایک دعائیہ نذر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
واقعی صد شان سے از فضلِ ربِّ کریم گیا
بزمِ قرآں سے اُٹھا، اور سوئے خُلدِ نعیم گیا
دی سلامی بارگاہ مصطفیٰؐ میں پیش ہوا
کس ادا سے طائرِ جاں سوئے شاہِ عظیم گیا
ماہِ رمضاں ختمِ قرآں کی سعادت خوب ہوئی
کیسی نورانی گھڑی میں وہ مرا مستقیم گیا
ذکر آقا تو اے ذاکر ہو رہا ہے ہوگا سدا
دلنشیں وہ فنِ ثنا کا بس وہ رنگِ قدیم گیا
اللہ تعالی حافظ مستقیم خان مستقیم صاحب کی مغفرت فرمائے ان کے درجات بلند کرے اور ہمیں ان کی نعتیہ وارثت کا امین بنائے اور ان کے جانے کو ہمارے لیے روشنی، سبق اور روحانی نسبت کا ذریعہ بنا دے۔ آمین
کیونکہ ۔۔۔۔۔۔۔
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment