سہیل احمد ۔۔۔۔۔۔ ناظم آباد 1، ڈی 2/14 کا سایہ دار درخت
"یادوں کے جگنو"
سہیل احمد ۔۔۔۔۔۔ ناظم آباد 1، ڈی 2/14 کا سایہ دار درخت
وہ ایک ویڈیو تھی ۔۔۔۔۔۔۔ کچھ دھندلے چہرے، کچھ پرانی آوازیں اور ایک مانوس سی عمارت ۔۔۔۔۔۔۔
گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نمبر 1، ناظم آباد نمبر 2، سال 1974 کے میٹرک یافتہ دوستوں کی ایک محبت بھری محفل کی جھلک ۔۔۔۔۔۔
ویڈیو دیکھی دل جیسے پلٹ کر اسی اسکول کے وسیع میدان میں آ گیا جہاں صبح کی شفٹ میں چمکتی دھوپ گرد اڑاتے قدم اور مستقبل کے خواب ساتھ ساتھ چلتے تھے ۔۔۔۔۔۔
میں نے اس پر تبصرہ لکھا مختصر، مگر دل سے، مجھے بہت خوشی ہوئی یہ سب دیکھ کر ۔۔۔۔۔۔
بس پھر وہی ہوا جو دل سے نکلے الفاظ کا مقدر ہوتا ہے ۔۔۔۔۔ پہنچ گئے سیدھے دلوں تک۔
سہیل بھائی اور طارق بھائی نے رابطہ کیا، نمبر لیا، اور مجھے اسکول کے واٹس ایپ و فیس بک گروپ میں شامل کر لیا یوں، پچاس برس سے بچھڑے چہرے دوبارہ دکھائی دینے لگے آوازیں پہچانی جانے لگیں اور دل کی ایک پرانی دیوار پر ماضی کے لمحے جگمگانے لگے۔
یہ میرے اسکول کے وہ جگنو ہیں کہ جن سے ملنے پر میرے ماضی کی یادیں تازہ ہوئیں، اور میری اپنی کلاس کے بچھڑے ساتھیوں سے ملاقات کے چراغ روشن ہوئے ۔۔۔۔۔
سہیل احمد وہ ہم عصر جن سے نہ ہم کلاس کا رشتہ تھا، نہ ہمسائیگی کا۔
وہ سائنس کے طالبعلم، میں کامرس کا۔
وہ ناظم آباد نمبر 1 کے مکین، میں فردوس کالونی کا رہنے والا ۔۔۔۔۔۔
مگر ہمارا سنگم تھا وہی ادارہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نمبر 1 غالب لائبریری کے پہلو میں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ایک ایسی مشترک زمین جہاں خواب اگتے تھے اور دوستی کی جڑیں پڑتی تھیں ۔
باتوں باتوں میں سہیل بھائی نے جب اپنی زندگی کی روداد سنائی، تو دل فخر سے بھر آیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو دھوپ میں چلتے ہیں، مگر دوسروں کے لیے سایہ دار شجر بن جاتے ہیں۔ جن کی موجودگی شور نہیں کرتی مگر ان کا سفر خاموشی سے تاریخ رقم کرتا ہے ۔۔۔۔۔
ان کا آبائی گھر ناظم آباد نمبر 1 میں، انکوائری آفس کے عقب میں، پریمیئر کالج کے پیچھے واقع ہے ۔۔۔ ڈی 2/14۔
وہیں پیدا ہوئے، وہیں پلے بڑھے، اور آج بھی وہیں اپنے وجود کی جڑوں سے بندھے ہوئے ہیں، جیسے کوئی شجر جو مٹی چھوڑتا نہیں ۔۔۔۔۔
ابتدائی تعلیم نیو اسٹائل اسکول سے حاصل کی، جو گھر کے قریب تھا۔ پھر چھٹی جماعت سے ہمارے مشترکہ ادارے کا رخ کیا، جہاں ان کے ہم جماعت بنے طارق بھائی اور منہاس بھائی ۔۔۔۔۔
بچپن میں ہی ان کے اندر وہ کشادگی، وہ اپنائیت نمایاں تھی جو برسوں بعد بھی دلوں کو کھینچ لاتی ہے۔ ان کے والدین نے دوستوں کے لیے گھر میں ایک خاص کمرہ مخصوص کر رکھا تھا جو براہ راست گیٹ سے جڑا ہوا تھا وہی کمرہ محفلوں، قہقہوں اور دوستی کی خوشبو سے مہکتا رہا۔ وہ وقت ہی کچھ اور تھا جب دروازے کھلے رہتے تھے، دل بھی۔
چائے کا ایک کپ، مسکراہٹ اور باتوں کے بے ساختہ جھرمٹ ۔۔ یہی دوستی تھی۔
برادر عزیز کو ہوائی جہاز دیکھنے کا جنون تھا۔ کبھی سائیکل پر، کبھی لوکل ٹرین سے ۔۔ ایئرپورٹ کا رخ کر لیتے محض اڑتے جہاز دیکھنے کے لیے ۔۔۔۔ شاید وہی پرواز ان کے مقدر میں لکھی تھی جو انہیں بعد میں دنیا کے کئی براعظموں تک لے گئی ۔۔۔۔
برادر عزیز نے 1974 میں میٹرک مکمل کیا۔ پھر گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں پاور ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کی۔
پھر بی اے، پھر ماسٹرز ان پولیٹیکل سائنس اور یہ سب بھی کراچی یونیورسٹی جیسے باوقار ادارے سے کیا ۔۔۔۔۔۔۔۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن سے ایک باوقار سرکاری منصب حاصل کیا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور مشرقی تیمور میں اقوام متحدہ کے تحت سول افیئرز آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔۔۔۔
اور پھر قسمت انہیں آئرلینڈ لے گئی جہاں یونیورسٹی آف آئرلینڈ سے ایل ایل ایم کیا ۔۔ آج وہ دو مقامی یونیورسٹیوں سے وابستہ ہیں اور یورپی یونین کے بین الاقوامی مبصر کے طور پر دنیا بھر میں انتخابی عمل کا مشاہدہ کرتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔
38 سے زائد ممالک کا سفر کر چکے ہیں، مگر گفتگو میں، لہجے میں اور خوابوں میں آج بھی ناظم آباد کی مٹی کی خوشبو بسی ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ محض تعارف نہیں، بلکہ خراج محبت ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک ایسے شخص کو جس نے اپنے علم، تجربے اور وقار سے نہ صرف اپنی ذات کو بلکہ دوسروں کے لیے بھی راستہ روشن کیا۔ جو آج بھی اپنی جڑوں سے بندھا ہوا ہے ۔۔۔۔۔۔
ایسا سایہ دار درخت، جس کے نیچے بیٹھ کر وقت بھی تھوڑی دیر سستا لیتا ہے۔
سہیل احمد ۔۔۔۔ ناظم آباد 1، ڈی 2/14 کا یہ درویش منش، علم و عمل کا پیکر، دوستی کا سفیر اور کردار کا چراغ ۔۔۔ ان سب خوبصورتیوں کا مجسم عکس ہے جو ہمارے ناظم آباد نے ہمیں دی تھیں ۔۔
یہ خراج تحسین ہے اس شخصیت کو جو روشنی بانٹنے کے فن سے آشنا ہے، جو یادوں کے جگنو کو جلائے رکھتا ہے اور جو ہمیں یہ یقین دلاتا ہے کہ اصل عظمت سادگی، خلوص اور جڑوں سے وابستگی میں ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔
کیونکہ ۔۔۔۔۔۔۔۔
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment