مسرور خان ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ناظم آباد نمبر 2 کا ہنستہ، بستہ جگنو


 

"یادوں کے جگنو"


مسرور خان ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ناظم آباد نمبر 2 کا ہنستہ، بستہ جگنو


بچپن کی یادیں دل کے دریچوں پر دستک دیتی ہیں تو کچھ چہرے بغیر آواز دیے ہی سامنے آ کھڑے ہوتے ہیں۔

ایسے ہی ایک پیارے، روشن اور خالص چہرے کا نام ہے ۔۔۔۔۔۔۔


"مسرور خان"


یہ رشتہ اسکول کا نہیں بلکہ ناظم آباد نمبر 2 کے میدان، گلیاں، اور ہاکی ٹیم کا ہے۔ وہ دن جب روز شام میں ہاکی کھیلنا بھی عبادت لگتا تھا اور بعد کھیل کے باتوں میں ساری تھکن اتر جاتی تھی۔


مسرور ہمیشہ سے انتہائی ہنس مکھ، خوش مزاج اور بےحد ملنسار رہا ہے۔

برسوں کا ساتھ، بےشمار ملاقاتیں، کبھی فیکٹری میں آ جانا۔۔۔۔ کبھی گھر آ جانا ۔۔۔۔۔۔

اور جب ہم مل بیٹھیں دو دیوانے تو وقت کا پہیہ الٹا گھومنے لگتا ہے ۔۔۔۔۔۔

پرانی باتیں، پرانے نام، پرانے قہقہے ۔۔۔۔۔ جیسے سب کچھ وہیں کا وہیں رکھا ہو ۔۔۔۔۔۔


پچھلے تین چار سال آزمائشوں سے بھرپور گزرے، کبھی مسرور کا آپریشن، کبھی میری آنکھوں کی پیچیدگیاں۔

ایک آنکھ کا آپریشن، پھر دوسری، اور یوں تعلقات محدود ہو کر فون کالز اور دعاؤں تک رہے گئے تھے۔

لیکن شکر ہے، یہ رابطہ کبھی منقطع نہ ہوا۔


گزری اتوار کی خاص بات یہ تھی کہ مسرور خان اچانک گھر آ گیا۔

دروازے پر کھڑا ہوا، ہنستے ہوئے بولا


"اوئے میاں، پہچانا کے نہیں؟؟؟؟ یا ابھی تک نین خراب ہیں ؟؟؟؟


میں ہنسا ابے بھائی تم تو وہی جگنو ہو جو ناظم آباد کی گلیوں میں روشنی کیا کرتے تھے۔ آؤ بیٹھو، دل روشن کرو۔


اس نے قہقہہ لگایا ۔۔۔۔۔

تو پھر چائے رکھو تیار  اور کچھ باسی بسکٹ بھی ہو جائیں تو ہم ناراض نہ ہوں گے ۔۔۔۔


ہم بیٹھے، باتوں کا طوفان اٹھا اور وہی پرانے بچپن کے قصے شروع ہو گئے ۔۔۔۔۔۔۔


باتوں ہی باتوں میں برادر سہیل عزیز کا ذکر آیا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وہی سہیل عزیز، جو ہمیشہ دل کے قریب رہا، جو ہماری محفلوں کی جان رہا۔

میں نے فوراً سہیل کو کال ملائی تاکہ وہ بھی مسرور کی موجودگی میں شامل ہو جائے کیونکہ مسرور سہیل کو بہت یاد کر رہا تھا۔

کال شاید مصروف گئی، مگر تھوڑی دیر بعد سہیل کی واٹس ایپ کال آ گئی ۔۔۔۔۔۔۔ 


معلوم ہوا کہ وہ ان دنوں کینیڈا میں اپنے صاحبزادے سے ملنے گئے ہوئے ہیں۔۔۔۔۔۔۔

سلام ہو سہیل کو، کہ دل کی طرح رابطے میں بھی ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔

پھر مسرور اور سہیل کی واٹس ایپ پر بات بھی ہو گئی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اور ایک اور محبت بھرا لمحہ محفوظ ہو گیا ۔۔


پھر مسرور نے پرانی یادوں کا در کھولا ۔۔۔۔۔

کہنے لگا ۔۔۔۔۔۔۔۔


"میاں، ایک بات بتائیں؟ ابھی پچھلے مہینے حنان سے اچانک ٹکرا گئے ۔۔۔۔۔۔


میں چونک کر بولا


حنان ابے وہی جو ہمیں دوڑ میں ہرا دیا کرتا تھا۔ 

ہنسا، ہاں میاں، وہی لمڈا۔ اب لاہور میں ہوتا ہے۔ کبھی کبھی بات ہو جاتی ہے۔۔۔۔۔


پھر ذرا جھینپتے ہوئے بولا، یار، تمہیں بتانا یاد ہی نہیں رہا آج باتوں میں ذکر آیا تو یاد آیا ۔۔۔


پھر اس نے حنان کا نمبر بھی دیا اور تاکید کی دیکھو میاں، کل ہی فون گھما دینا، ورنہ پھر تمھاری یادداشت کا بھرم کھل جائے گا۔ 


جاتے وقت میں نے اسے بار بار روکا کہ کھانا کھا کر جائے،

مگر کچھ مجبوری ایسی تھی کہ اسے فوراً نکلنا ضروری ہو گیا تھا ۔ 

وہ بڑی معذرت کرتا ہوا اپنے گھر روانہ ہوا ۔۔۔ لیکن میرے لیے اس کی آمد اور گھنٹے ڈیڑھ گھنٹے کی بیٹھک ہی سب کچھ تھی۔

اس بیٹھک کی یاد کو میرے صاحبزادے احمد شیخ نے اپنے موبائل کیمرے میں محفوظ کر لیا۔

برادر من مسرور کا تعلق رامپور سے ہے ۔۔۔ میرا اور سہیل عزیز کا بچپن اہل رامپور میں گزرا ہے سو  میں نے کچھ رامپوری تڑکے کی چاشنی شامل کرنے کوشش کی ۔۔۔۔۔۔۔


دوستی وہ خزانہ ہے جو وقت کے ساتھ قیمتی ہوتا جاتا ہے۔

مسرور خان ان جگنوؤں میں سے ہے جو ہر ملاقات میں بچپن کی روشنی بکھیرتا ہے۔

اور سہیل عزیز ان رشتوں کی مالا کا وہ نگینہ ہے، جو دور ہو کر بھی دل کے قریب رہتا ہے۔


بس دل یہی کہتا ہے کہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔

"یار زندہ صحبت باقی"


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ