سید ارشد حسن نبیرہ حکیم محمد اکمل خان دوئم


 


سید ارشد حسن نبیرہ حکیم محمد اکمل خان دوئم


ناظم آباد نمبر 1 کی ایک دلچسپ شخصیت کا تعارف


ناظم آباد نمبر 1 کے ہمارے دوست سید ارشد حسن (عرف عرشی بھائی) جو علم الانساب، تاریخ اسلام اور اطبائے دہلی جیسے نادر موضوعات پر خاموشی سے بے مثال خدمات انجام دے رہے ہیں، خاندان شریفی کے ممتاز طبیب حکیم محمد اکمل خان دوئم کے نواسے بھی ہیں۔ سید ارشد حسن عرشی بھائی کا تذکرہ ایک روایت کے تسلسل اور تہذیب کی بقا کی کہانی ہے، سید ارشد حسن ایک ایسے باوقار علمی شخصیت ہیں جنہوں نے اپنی زندگی علم، تاریخ، تحقیق اور خدمت کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ ارشد بھائی کی تعلیمی قابلیت ایم۔ اے (تاریخ اسلام) ہے، جو اس بات کی دلیل ہے کہ آپ نے اسلامی تاریخ کو نہ صرف بطور مضمون پڑھا بلکہ اسے اپنی زندگی کے مشن کا حصہ بنایا۔ آپ کا شوق علم الانساب اور شجرہ نویسی ہے، جو ایک نادر اور دقیق فن ہے۔ اس فن کے ماہرین آج کل کم یاب ہوتے جا رہے ہیں، مگر سید ارشد حسن عرشی نہ صرف اسے زندہ رکھے ہوئے ہیں بلکہ نئی نسل کو اس کی طرف متوجہ بھی کر رہے ہیں،


سید ارشد حسن ان دنوں "خادم الانساب، اطبائے دہلی" کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اطبائے دہلی، برصغیر کی طبی تاریخ کا ایک اہم باب ہیں اور ان کی خدمات، تحقیقات اور طبی نسخوں کو محفوظ رکھنا ایک اہم اور دقیق کام ہے۔ جو آپ نہایت محنت اور سنجیدگی سے اس ورثے کو سنبھالے رہے ہیں اور اسے مرتب کر کے نسلِ نو تک منتقل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔


عرشی بھائی کا ایک اہم اور قابلِ ذکر سفر این ای ڈی یونیورسٹی، کراچی سے جڑا ہوا ہے، جہاں آپ نے 36 سال تک اپنی صلاحیتوں سے تعلیمی اور انتظامی خدمات انجام دیں اور 12 جنوری 2019 کو بحیثیت ایڈیشنل رجسٹرار سبکدوش ہوئے۔

سید ارشد حسن عرشی بھائی ایک پُراثر شخصیت ہیں۔ ان کا انداز گفتگو، ان کا لب و لہجہ، اور ان کی تحقیق میں گہرائی اُن کی علمی وقعت کو نمایاں کرتی ہے۔ زندگی میں سادگی، شائستگی اور علم دوستی نمایاں ہے۔ علم الانساب جیسا دقیق فن، جس میں خاندانوں کی تاریخ، تعلقات اور سلاسل کو محفوظ کیا جاتا ہے، آپ کے ذوق کا حصہ ہے۔ اس فن کو زندہ رکھنا واقعی ایک کارنامہ ہے۔ سید ارشد حسن عرشی نہ صرف ایک محقق اور علم دوست شخصیت ہیں بلکہ وہ تاریخ، تہذیب، اور ورثے کے امین بھی ہیں۔ ان کی تحقیقی خدمات کا جذبہ قابلِ تحسین ہے۔ آج کے اس تیز رفتار دور میں جہاں لوگ ماضی کو بھولتے جا رہے ہیں، عرشی بھائی جیسے افراد اس بات کی علامت ہیں کہ تاریخ اور تہذیب ابھی زندہ ہیں، اور کچھ لوگ اب بھی چراغ جلانے میں مصروف ہیں۔ علم کی دینا میں کچھ شخصیات ایسی ہوتی ہیں جو ظاہری نمود و نمائش سے دور رہ کر خاموشی سے عظیم خدمات انجام دیتی ہیں اور ان کی یہ خدمات ہی ان کی پہچان بن جاتی ہے اور وہ زمانے کے شور شرابہ میں بھی ایک آواز بن کر محفوظ رہتی ہیں۔ عرشی بھائی کا شمار بھی ایسی معتبر اور سنجیدہ شخصیات میں ہوتا ہے، علم الانساب، طبی تاریخ اور اسلامی تحقیق کے میدان میں خاموش اور باوقار انداز میں علمی خدمت ان شاء اللہ آنے والی نسل کے لئے مشعل راہ ہو گی۔


چراغ ہم نے جلا کر یہ کار خیر کیا

ہمارے بعد سہی رسم استفادہ چلے


اختر شیخ

9 اپریل 2025

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ