محمد علی ظفر ۔۔۔۔ ناظم آباد کا باوقار چراغ


"یادوں کے جگنو"

ایک شخصیت، کئی جہتیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
محمد علی ظفر ۔۔۔۔ ناظم آباد کا باوقار چراغ۔۔۔۔۔۔ 

یادوں کے جگنو جب دل کے آنگن میں روشنی بکھیرتے ہیں تو ماضی کے وہ چہرے جگمگانے لگتے ہیں جنہوں نے ہمارے سفر زیست کو وقار، محبت اور مروّت سے روشن کیا۔ ایسے ہی ایک درخشاں نام برادر محمد علی ظفر ۔۔۔۔۔۔۔ ناظم آباد نمبر ایک کی وہ پہچان، جن کی رفاقت، شائستگی اور علم و ادب سے وابستگی نے انہیں ہمارے دلوں میں ایک خاص مقام عطا کیا۔

ملتے ہیں لوگ کچھ ایسے بھی راہوں میں
جن کے ساتھ گزرا ہوا ہر پل یاد رہتا ہے

محمد علی ظفر، ہمارے ان دیرینہ اور مخلص دوستوں میں سے ہیں جن کے ساتھ بیتے لمحے صرف یاد نہیں بنتے بلکہ ایک تہذیبی اور اخلاقی روایت کا حصہ بن جاتے ہیں۔ ادب، کرکٹ اور دوستی ۔ یہ تین ستون ان کی شخصیت کی بنیاد ہیں۔
ان کی گفتگو میں ایسا وقار ہے کہ گویا شائستگی نے لفظوں کا لباس پہن لیا ہو۔ دوستوں کے لیے سراپا محبت، خوش مزاجی اور خلوص ان کی فطرت کا حصہ ہے۔ اردو ادب سے ان کی دلچسپی صرف رسمی نہیں، قلبی لگاؤ کا مظہر ہے۔ بیٹھک کی محفلوں میں ان کا بیٹھنا، ان کا سننا اور پھر بوقت ضرورت بات کو خوش ذوقی سے جوڑ دینا، دل کو خوشی دیتا ہے۔

کرکٹ کے میدان کے وہ بہترین کھلاڑی اور کوچ رہے، اور آج کل منصف مزاج ایمپائر کے طور پر نوجوانوں کی رہنمائی کرتے نظر آتے ہیں۔ یہی نہیں، ہمارے محبوب مزاحیہ شاعر دوست سعید آغا بھائی مرحوم کے کلاس فیلو اور دیرینہ رفیق بھی ہیں، جن کی نسبت سے یہ دوستی ایک اور محبت بھری گہرائی اختیار کر لیتی ہے۔ ایک وقت مین جبار بھائی کی دکان والی بیٹھک کے ممبر بھی ۔۔۔۔۔ 

بیٹھک کی محفلوں سے نکل کر جب کبھی میری فیکٹری کا رخ کرتے تو وہاں کی فضا بھی ان کی آمد سے شاداب ہو جاتی۔ چند ماہ قبل میرے گھر کو بھی اپنے قدموں سے عزت بخشی۔ وہ محفل آج بھی دل کے گوشوں میں جگمگا رہی ہے اور
آج بھی دل کے البم میں تازہ ہیں۔ واٹس ایپ اور فون پر اکثر رابطے رہتے ہیں، اور ہر رابطہ ایک نرم لمس کی مانند روح کو چھو جاتا ہے۔

ان کے فن کا ایک پہلو وہ ہے جس سے شاید بہت سے لوگ آج واقف نہ ہوں ۔۔ محمد علی ظفر ماضی میں پی ٹی وی کے تاریخی ڈراموں میں مختلف کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ان کی فطری اداکاری اور مکالمے کی ادائیگی میں ایسا تاثر ہوتا تھا کہ دیکھنے والا لمحہ بھر کو حقیقت اور کردار کے بیچ فرق بھول جاتا۔

اسی سلسلے میں ایک نجی چینل (جس کا نام اس وقت ذہن میں محفوظ نہیں) پر "بیٹھک" کے عنوان سے ایک پروگرام بھی نشر ہوتا تھا۔ اس منفرد پروگرام میں بھائی محمد علی ظفر مختلف سماجی و ادبی موضوعات پر شرکاء سے پرخلوص گفتگو کیا کرتے تھے۔ اس پروگرام کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس کا پہلا تاریخی آغاز ناظم آباد میں ہماری ہی بیٹھک، یعنی جبار بھائی والی بیٹھک، سے ہوا۔ یہ لمحہ نہ صرف ہمارے لیے باعث افتخار ہے بلکہ اس نشست کی ثقافتی و فکری حیثیت کا بھی زندہ ثبوت ہے۔

خوشبو کی طرح لوگ بسا کرتے ہیں دل میں
رشتے جو نہ ہوں بھی، وہ صدا کرتے ہیں دل میں

(بشیر بدر)

ایسے دوست کم کم ہوتے ہیں، جو خاموشی سے زندگی کا حصہ بنے رہیں، بغیر شور کیے دل میں اتر جائیں۔ محمد علی ظفر انہی میں سے ایک ہیں. دوستوں کے دوست، ادب کے متوالے، اور ناظم آباد کے اس قافلے کے روشن چراغ، جن کے بغیر محفلیں سونی سونی لگتی ہیں۔

کیونکہ۔۔۔ دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے

اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ