جہالت کا رقص شعور کا زوال



جہالت کا رقص شعور کا زوال


زمانہ تغیر پذیر ہے مگر افسوس کہ یہ تغیر علم و شعور کی طرف نہیں بلکہ پستی فکری زوال اور اخلاقی افلاس کی سمت رواں دواں ہے۔ ہم ایک ایسے دور سے گزر رہے ہیں جہاں تہذیب کے خدوخال مٹ رہے ہیں، اور انسانیت کے وقار پر گرد جمی جا رہی ہے۔ قریہ قریہ، کوچہ کوچہ، گلی گلی اور محلہ محلہ ایسا لگتا ہے جیسے جہالت برہنہ ہو کر ناچ رہی ہو،  وہ جہالت جو صرف ناخواندگی نہیں بلکہ سوچنے  سمجھنے، برداشت کرنے اور سننے سے عاری رویے کا نام ہے۔ آج دولت کا نشہ دلوں پر اس قدر چھا گیا ہے کہ اخلاق کی زبان گونگی ہو گئی ہے  طاقت کا غرور اس قدر بڑھ چکا ہے کہ کمزوروں کی چیخیں بھی بے آواز ہو گئی ہیں، تکبر اور انا پرستی نے دلوں کو بنجر اور آنکھوں کو نابینا کر دیا ہے۔ انانیت کے بادل اتنے گہرے ہو چکے ہیں کہ روشنی کی کوئی کرن ان کے پار دکھائی نہیں دیتی۔ معاشرتی سطح پر صبر و تحمل جو کل تک ہماری پہچان تھے آج ماضی کا قصہ بنتے جا رہے ہیں چھوٹی چھوٹی باتوں پر ایسی شدت اور تکرار جنم لیتی ہے کہ الامان و الحفیظ گویا اخلاقی دیوالیہ پن ہماری نئی شناخت بن چکی ہے۔ ایک ذرا سی رائے کا اختلاف دشمنی میں بدل جاتا ہے اور خاندانی رشتے انا کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ تعلیم یافتہ طبقہ بھی اس اندھیر نگری سے محفوظ نہیں رہا  درحقیقت تعلیم کا مفہوم ہی بگڑ چکا ہے۔ محض اسناد کو تعلیم سمجھا جانے لگا ہے جب کہ اصل تعلیم وہ تھی جو ظرف عطا کرتی،  اخلاق سکھاتی اور دلوں میں روشنی بھرتی۔ آج شعور کے چراغ گل ہو چکے ہیں اور جو بظاہر روشنیاں نظر آتی ہیں وہ محض ظاہری چکاچوند کا دھوکہ ہیں۔

سوال یہ ہے کہ اس گمراہی بے حسی اور اخلاقی انجماد سے نجات کی کوئی صورت باقی ہے۔  جواب ہے ہاں ضرور ہے۔ لیکن اس کے لیے ہمیں اجتماعی شعور بیدار کرنا ہوگا ہمیں اپنی ذات سے ابتدا کرنی ہوگی، علم کے ساتھ حلم دولت کے ساتھ اخلاق اور رتبے کے ساتھ انکساری کو لازم و ملزوم بنانا ہوگا۔ ہر فرد اگر خود احتسابی کو شعار بنالے 

 انسان اپنے رویوں میں نرمی برداشت اور شائستگی کو شعار بنا لے تو معاشرے کی ساخت ازسر نو سنور سکتی ہے اور ایک خاموش مگر گہری تجدید حیات ممکن ہو سکتی ہے۔ یاد رکھیے اندھیروں کو مات دینے کے لیے چراغ جلانے پڑتے ہیں۔ آئیے، ہم سب اپنی ذات میں علم  اخلاق اور شعور کا چراغ روشن کریں تاکہ یہ جہالت کا رقص اپنے انجام کو پہنچے اور ہمارا معاشرہ ایک بار پھر تہذیب و تمکنت کی راہ پر گامزن ہو۔


  اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ