بے حسی کے سوداگر
بے حسی کے سوداگر
کرونا کی وبا آئی تو انسانیت کے نام پر کاروبار شروع ہوگیا۔ دس روپے کا ماسک پچاس روپے میں بکا اور لوگوں کی بے بسی کو نفع کمانے کا ذریعہ بنا لیا گیا۔ اب وقت بدلا آفات کا رخ بدلا، لیکن ہمارے رویے نہ بدلے۔۔۔۔۔
سیلاب نے ہزاروں خاندانوں کو اجاڑ دیا، لوگوں کے گھر، کھیت اور مویشی سب پانی میں بہہ گئے۔ مگر اس ہولناک منظر میں بھی بے حسی اور حرص کی دکانیں بند نہ ہوئیں۔ آٹا جو کل تک 110 روپے کلو دستیاب تھا، آج 135 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ ضروریات زندگی کی قیمتیں ایسے بڑھائی گئیں جیسے کسی اور کی نہیں بلکہ اپنی ہی مجبوری کو بیچا جارہا ہو ۔۔۔
خبریں یہ بھی ہیں کہ پنجاب میں کشتی والے پانی میں گھرے عوام کو محفوظ مقام تک لے جانے کے تین تین لاکھ روپے وصول کررہے ہیں۔ جو دے سکتے ہیں وہ کنارے پہنچ جاتے ہیں اور جو نہ دے سکیں ان کے حصے میں ڈوب جانا لکھ دیا گیا ہے۔ یہ انسانیت کا کیسا نیا روپ ہے؟؟؟
یہ کیسا معاشرہ ہے جہاں زندگی بچانے کے بھی نرخ مقرر ہوں؟
صحافی حامد میر صاحب اور ناصر چغتائی صاحب نے اپنے کالموں اور تحریروں میں ان زیادتیوں کے خلاف آواز اٹھائی ہے، مگر سوال یہ ہے کہ کیا محض آوازیں اٹھانے سے یہ بے حسی ختم ہوگی؟ یا ہمیں اجتماعی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کسی اور بڑے صدمے کا انتظار ہے؟؟؟؟
بحثیت مجموعی ہم نے خود کو ایک بددیانت اور کرپٹ معاشرے کے طور پر منوا لیا ہے۔ عوام سے لے کر اربابِ اختیار تک سب اپنے اپنے حصے کی خود غرضی میں مصروف ہیں۔ اور ہمارے حکمرانوں کی عوام اور قانون و انسانیت سے جو مخلصی ہے، وہ شاید دنیا کے کسی اور ملک کے نصیب میں نہ ہو۔
یہ وقت ہے کہ ہم اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔ آفات و آزمائشیں ہمیشہ قوموں کے اصل کردار کو عیاں کرتی ہیں۔ اگر ہم نے اپنے رویے نہ بدلے تو تاریخ ہمیں بھی ایک بے حس اور مردہ ضمیر قوم کے طور پر یاد رکھے گی۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment