۔۔۔لالٹین کے دن۔۔۔


 

۔۔۔لالٹین کے دن۔۔۔


ہمارے بچپن کا زمانہ وہ تھا جب گھروں میں کیا، پورے محلے میں بجلی نام کی کوئی چیز نہیں تھی۔ رات ڈھلے اندھیرا یوں چھا جاتا جیسے آسمان نے پورا شہر اپنی چادر میں لپیٹ لیا ہو اور ایسے میں روشنی کا سہارا صرف لالٹین ہوتی تھی۔ یا چاندنی راتوں میں چاند کی روشنی۔


ہمارے گھر میں ایک نہیں تین تین لالٹینیں تھیں۔ ایک صحن میں رکھی جاتی تاکہ آنے جانے والے کا قدم نہ ڈگمگا جائیں، ایک برآمدے میں جہاں سب بیٹھتے اور تیسری کبھی باورچی خانے یا دوسرے کمرے میں جلتی۔ جیسے آج کل ہر گھر میں بلب اور پنکھے لازمی ہیں، اس وقت لالٹین کا ہونا اتنا ہی ضروری تھا۔

مجھے آج بھی یاد ہے کہ جب میں محلے کے ایک دوست کے گھر پڑھنے جاتا تھا تو اپنی لالٹین ساتھ لے کر جاتا۔ پوری گلی اندھیرے میں ڈوبی ہوتی اور ہاتھ میں جلتی لالٹین کا چھوٹا سا اجالا راستہ دکھاتا۔ وہ منظر آج بھی آنکھوں کے سامنے ہے، اندھیری گلیاں، قدموں کی چاپ اور لالٹین کے شیشے پر جھومتی ہوئی بتی کی لو، کبھی ہوا کا جھونکا آ جاتا تو ایسا لگتا جیسے لالٹین بھی ڈر کے کانپ رہی ہو۔

دوست کے گھر جا کر وہی لالٹین کتاب پر رکھی جاتی اور اسی روشنی میں سبق یاد کیا جاتا۔ کبھی کبھار بتی کی لو اتنی مدھم ہو جاتی کہ لگتا جیسے لالٹین بھی کہہ رہی ہو بھائی اتنے لمبے سوالات مجھ سے مت پڑھو، یہ روشنی دو جمع دو سے زیادہ کے قابل نہیں۔۔۔۔۔

انہی لالٹین کی راتوں کا ایک اور کھیل بھی بڑا مزے کا تھا۔ بچے دیوار پر ہاتھ کے عکس سے پرچھائیاں بناتے اور مختلف تصویریں بنا لیتے۔ کوئی خرگوش دکھاتا، کوئی پرندہ، اور کوئی ایسا ڈراؤنا سا جانور کہ بہنیں چیخ مار کے بھاگ جاتیں۔ یہ معصوم کھیل لالٹین کے تیل سے زیادہ ہنسی جلاتا تھا ۔۔۔۔۔۔ 

مجھے یاد ہے بڑے بھائی کے بچپن کے دوست اور کلاس فیلو انوار بھائی اور جعفر بھائی اکثر بھائی سے ملنے گھر آتے اور ہم بچے اسی لالٹین کی روشنی میں جعفر بھائی سے عمرو عیار کی کہانیاں سنتے تھے۔ کبھی کبھی جعفر بھائی اتنی لمبی قسط سناتے کہ لگتا لالٹین بھی تیل کم ہونے کی وجہ سے کہانی کا انجام جلدی سننے کے انتظار میں ہو۔۔۔۔۔۔۔۔

بڑے بھائی اور انوار بھائی تو ہم سے جدا ہو گئے، اللہ پاک دونوں کے درجات بلند فرمائے۔ جعفر بھائی سے کبھی کبھار ملنے چلا جاتا ہوں، خاصے کمزور ہو گئے ہیں۔ اللہ پاک انہیں صحت و تندرستی عطا فرمائے، مگر محبت اور شفقت میں ذرا بھی کمی نہیں آئی۔


1968/69 کے آس پاس جب بجلی آئی تو یہ ایک عجیب سا انقلاب محسوس ہوا، مگر اس وقت بھی ہر گھر میں بجلی نہیں پہنچی تھی۔ جس خوش قسمت کے گھر کنکشن ہوتا، اس سے برابر کے دو تین گھر تار کھینچ کر بلب یا پنکھے کا مزہ لیتے اور اس کے بدلے دس پندرہ روپے ماہانہ ادا کرتے۔ یہ بھی ایک طرح کا محلے کا شراکتی نظام تھا جس میں سب ایک دوسرے کے کام آتے۔ آج کے دور کی طرح حسد یا مقابلہ بازی کا کوئی تصور نہ تھا۔ کسی کے گھر بلب روشن ہوتا تو دوسروں کو بھی لگتا جیسے ان کے اپنے ہی صحن میں روشنی اتری ہو۔۔۔۔


لالٹین کے دنوں کی وہ راتیں عجیب سکون بھری تھیں۔ روشنی مدھم ضرور تھی مگر رشتے قریب تھے، باتیں زیادہ ہوتی تھیں اور وقت جیسے ٹھہر کر گزرتا تھا۔


آج جب کراچی میں بارہ بارہ گھنٹے بجلی کا غائب رہنا معمول بن گیا ہے تو یوں لگتا ہے جیسے ارباب اختیار ہمیں پھر اسی لالٹین کے دور میں واپس لے جانے پر تلے ہوئے ہیں۔ فرق بس اتنا ہے کہ تب لالٹین وقت کی ضرورت تھی اور آج بے بسی کی علامت اور ہاں، اس وقت کی لالٹین کی لو دل کو تسلی دیتی تھی، آج کی بغیر اطلاع

لوڈشیڈنگ تو صرف دل جلاتی ہے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ