کراچی آلائشوں کا عطرِ فطرت
"کراچی آلائشوں کا عطرِ فطرت
یا رب۔ یہ خوشبو کہاں سے آتی ہے؟
کراچی میں اس وقت ہوا میں جو خوشبو رچی بسی ہے، وہ دیسی گلاب یا مشرقی عطر نہیں ۔۔۔۔ بلکہ خالص، قدرتی، بغیر کیمیکل کے
"عطرِ آلائش" ہے ۔۔۔۔
ایسا کہ ناک خودکشی پر آمادہ اور دماغ ہجرت پر مجبور ہے ۔
عید گزری نہیں، بلکہ بسی ہے ۔ اور ایسی بسی ہے کہ آلائشیں اب کراچی کی (ریاستِ مستقلہ) بن چکی ہیں۔
محلے کے نکڑ، گلی کا موڑ، چوراہے کی کنڈی،
ہر مقام آلائش سے معمور ہے ۔
جیسے قربانی نہیں، کسی نے شہر پر جانور گرا دیے ہوں ۔۔۔
اب شہری خود اپنے بچوں کو قربانی کی تصویر نہیں، آلائشوں کا Live Experience دکھا رہے ہیں ۔۔۔
"بیٹا، یہ گائے کا کلیجہ نہیں ہے ۔۔۔
بلکہ یہ ہمارے سسٹم کا کچا چٹھا ہے ۔۔۔۔
یہ بات طے ہے کہ آلائشیں غیر سیاسی ہوتی ہیں، لیکن ان کو نظر انداز کرنا ہر سیاسی جماعت کا بنیادی حق سمجھا جاتا ہے۔
میئر صاحب، جن کا ذکر اب صرف نوٹیفکیشن یا اشتہار میں ہوتا ہے،
فرماتے ہیں۔۔۔
اختیارات کی قربانی دے چکے ہیں
تو حضور، قربانی کے بعد صفائی بھی ضروری ہوتی ہے ۔
بلدیاتی نمائندے خواہ کسی پارٹی سے ہوں،
سب کو عید کی چھٹیاں اتنی پسند آئیں
کہ آلائشوں کو بھی (چھٹی دے دی)
کہ بھئی، یہ ہمارا نہیں قدرت کا کام ہے ۔
یعنی جانور آپ نے کاٹے، آلائشیں قدرت سنبھالے؟؟؟؟؟؟؟
کسی نے کہا، فنڈ نہیں آئے ۔
کسی نے کہا، عملہ کم ہے ۔
کسی نے کہا، لوگ بے شعور ہیں ۔
تو جنابِ والا ۔۔۔۔
جب کچھ نہیں ہے ۔۔۔
تو کرسی پر بیٹھ کر آپ کیا کر رہے ہیں؟؟؟؟
خوشبو چھان رہے ہیں؟
کراچی کی گلیاں اس وقت ایک مقتل کا منظر پیش کر رہی ہیں،
بس فرق یہ ہے کہ یہاں قربانی جانوروں کی نہیں،
عوام کی برداشت کی ہو رہی ہے۔
بدبو ایسی کہ سورج بھی دوپہر میں نقاب کر لیتا ہے ۔۔۔۔
راستے میں چلتے ہوئے منہ ڈھانپنے والا
اب محتاط نہیں،
بلکہ مظلوم شہری کہلاتا ہے۔
البتہ سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ
آلائشوں نے پہلی بار
شہر کے سیاسی اختلافات ختم کر دیے ہیں۔
پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی ۔۔۔۔۔
سب ایک صف میں اور
سب برابر کے غیر ذمہ دار ۔۔۔۔
کوئی قصوروار نہیں ۔۔۔۔
کیونکہ سب مصروف ہیں۔۔۔۔۔۔
اگلے وعدوں کی تیاری میں۔
کراچی کے شہری اب صرف قربانی کے جانوروں سے ہی نہیں،
بلکہ ان کی باقیات سے بھی محبت سیکھ چکے ہیں۔
کیونکہ جب حکومت، بلدیہ اور منتخب نمائندے سب مل کر بدبو کو چھوڑ دیں
تو پھر شہر خود بدبو سے سمجھوتا کر لیتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔
آخر میں بس اتنا عرض ہے
خدارا ۔۔۔۔ آلائشیں اُٹھا لیجیے ۔۔۔۔۔
ہم نے تو ان کے ساتھ جینا سیکھ لیا ہے،
لیکن ہماری ناک اب شاید مزید برداشت نہ کرے ۔۔۔۔
اختر شیخ
Comments
Post a Comment