بارش فیس بک پر
بارش فیس بک پر
کراچی کا موسم بھی عجیب ہے اور اس سے زیادہ عجیب ہیں فیس بک کے موسمی تجزیہ کار ۔۔ جیسے ہی بادلوں نے ذرا سا ناک پر چادر ڈالی یہ حضرات ایک ہفتہ پہلے سے میدان میں آ جاتے ہیں انداز کچھ ایسا ہوتا ہے جیسے کسی بڑے سرجن نے آپریشن تھیٹر میں کھڑے ہو کر اعلان کیا ہو کہ کراچی والو گھبرانا نہیں ۔۔ بس چند دنوں میں بارش ہونے والی ہے۔
اب دن جوں جوں قریب آتا ہے ان کے جوش و خروش میں اضافہ ہوتا ہے۔ اور جب اصل دن آن پہنچے تو پھر تو ان کی کیفیت دیدنی ہوتی ہے ۔۔ ہر پندرہ بیس منٹ بعد اطلاع آتی ہے ۔
کراچی والو بادل بن رہے ہیں ۔۔۔ بجلی چمک رہی ہے ۔۔۔ بس دس منٹ بعد دھواں دھار بارش کے لئے تیار ہو جاؤ ۔
مگر صاحب مجال ہے کہ وہ بارش ہو کر دے ۔۔ یوں لگتا ہے جیسے سارا شہر ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا گیا ہو کہ بس اب ہوئی تب ہوئی ۔۔۔۔۔۔۔
پھر جب رات ڈھلے اور بارش کا کہیں دور دور تک پتہ نہ ہو تو یہ حضرات بڑی معصومیت سے اعلان کرتے ہیں ۔۔
بھئی دیکھیں ہمارا کام تو پیش گوئی کرنا ہے برسنا تو اللہ کے اختیار میں ہے۔
جی بالکل بیشک درست فرمایا جناب مگر گزارش یہ ہے کہ حضور دن میں ایک بار ہی پیش گوئی فرما دیا کریں نا۔ ہر دس منٹ بعد خواب باراں دکھانے کی کیا ضرورت ہے؟
آخر ہم بھی انسان ہیں کوئی کھیت نہیں کہ ہر گھنٹے بعد امید بارش پر ہل چلاتے رہیں۔۔۔
اور مزے کی بات یہ کہ جب بارش ہوتی نہیں تو فوراً ایسے لہجے میں وضاحتیں دینے لگتے ہیں جیسے کوئی استاد کاپی میں غلطی پر لال سیاہی سے دائرہ لگا دے ۔۔ یوں سمجھ لیجیے کہ یہ دراصل اپنی غلطی کی جھنپ مٹاتے ہیں ۔۔
نہ کہ پیش گوئی کی ۔۔ کراچی والے بارش کے انتظار میں خالی سڑکوں کو تکا کرتے رہ جائیں اور یہ حضرات اپنی سائنسی بصیرت کو پالش کر کے پھر نئی پیش گوئی کے ساتھ نازل ہو جائیں ۔۔۔۔۔
یوں لگتا ہے کہ بارش نہیں بلکہ پیشن گوئی ہی وہ شے ہے جس کے برسنے پر یہ حضرات مصر ہیں۔
اور انجام کلام یہ کہ کراچی والوں کے لیے بارش اب دعا سے زیادہ فیس بک نوٹیفکیشن میں ملتی ہے ۔۔۔ بس فرق یہ ہے کہ دعا کبھی کبھی قبول ہو جاتی ہے اور نوٹیفکیشن ہمیشہ ہلکا سا طنز بن کر رہ جاتا ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment