*سہیل عزیر۔۔۔۔۔ ںچپن کا ساتھی، زندگی بھر کی دوستی*


 

 "یادوں کے جگنو"


*سہیل عزیر۔۔۔۔۔ ںچپن کا ساتھی، زندگی بھر کی دوستی*


کچھ رشتے کسی کاغذ پر لکھے نہیں جاتے، نہ ہی کسی رسم یا عہد کی مہر سے بندھے ہوتے ہیں، بس سانسوں کی روانی کی طرح زندگی میں شامل ہو جاتے ہیں۔ سہیل عزیز میرے لیے ایسا ہی ایک رشتہ ہے ، بچپن کا ساتھی، لڑکپن کا ہمسفر، اور زندگی کے نشیب و فراز میں ایک پُراخلاص دوست۔

ہماری دوستی اتنی پرانی ہے کہ اس کی شروعات یاد نہیں، بس اتنا معلوم ہے کہ جب ہوش سنبھالا، تو ہم ایک ساتھ کھیل رہے تھے ، گلیوں میں ہاکی کھیلنا، دھوپ میں پسینہ بہانا، بارش میں مٹی سے نہانا، اور قہقہوں کی گونج سے محلے کو جگمگانا۔ یہ صرف ایک دوستی نہ تھی، بلکہ ایک ایسی سانجھ تھی جس میں بچپن کا ہر رنگ سمویا ہوا تھا۔

سہیل عزیز میرا وہ دوست ہے جس کے ساتھ دوستی کا رشتہ اتنا پرانا ہے کہ یاد بھی نہیں پڑتا کب جڑا۔ غالباً ہم تین یا چار برس کے ہوں گے جب پہلی بار ایک ساتھ کھیلنا شروع کیا۔ ہم نہ صرف محلے دار تھے بلکہ ایک دوسرے کے گھروں کا ایسا آنا جانا تھا جیسے اپنے ہی گھر کا ایک اور کمرہ ہو۔ وہی کھیل، وہی قہقہے، وہی شرارتیں — سب کچھ سانجھا تھا۔ ہم نے ساتھ ہاکی کھیلی، گلیوں میں دوڑے، دھوپ میں پسینے اور بارش میں مٹی سے نہائے، مگر وہ وقت ہمیشہ خوشبو کی طرح دل میں بسا رہا۔


میری ابتدائی تعلیم پہلی جماعت سے آٹھویں تک فیڈرل اسکول فردوس کالونی میں ہوئی، اور نویں، دسویں کی تعلیم گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ناظم آباد نمبر 1 سے حاصل کی۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ سہیل میرے میٹرک کے کلاس فیلو بھی تھے۔ یعنی دوستی صرف کھیل تک محدود نہ رہی، پڑھائی میں بھی ہم ساتھ رہے۔


سہیل کا گھر میرے لیے ہمیشہ ایک پناہ گاہ رہا، جیسے ماں کی گود ، جہاں شفقت بھی تھی، محبت بھی، اور اپنائیت بھی۔ ان کے والد کو سب "ابا جی" کہتے تھے، اور میں نے بھی ہمیشہ انہیں اسی عزت اور محبت سے پکارا۔ ان کی والدہ کو ہم "خالہ جان" کہتے تھے، جن کے ہاتھ کے کھانوں کی خوشبو آج بھی یادوں میں بسی ہے۔


اس گھر کے ہر فرد سے ایک خاص انسیت رہی۔ سب سے بڑے خالد عزیز، جنہیں ہم "آکا بھائی" کہتے، پھر مسعود عزیز "چاند بھائی"، سہیل عزیز، شاہد عزیز "گڈو"، پیاری سی آپا اور باجی ۔۔۔ سب کے چہرے، آوازیں، ہنسی، سب آج بھی دل میں گونجتی ہیں۔


اللہ تعالیٰ ابا جی ، خالہ، آپا، چاند بھائی اور گڈو کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ دے، ان کی مغفرت فرمائے اور درجات بلند کرے۔ آمین۔


اور دل سے دعا نکلتی ہے کہ آکا بھائی، سہیل، باجی اور مسرور بھائی صحت و عافیت کے ساتھ خوش و خرم رہیں۔ آمین۔


یادوں کا ایک خوبصورت گوشہ یہ بھی ہے کہ ہم دونوں اکثر آپا کے بچوں کو اسکول چھوڑنے اور لینے جاتے۔ یہ ایک چھوٹا سا کام لگتا ہے، مگر اس میں وہ محبت، اعتماد اور خاندانی رشتوں کا عکس ہوتا تھا جو آج بھی دل کو گرماتا ہے۔ ان ننھے بچوں کے ہاتھ تھامے اسکول کے دروازے تک جانا ایک طرح کا خالص تعلق تھا، جو نہ وقت کی گرد سے مٹا، نہ فاصلے اسے کم کر سکے۔ آج ماشاء اللہ آپا کے دونوں بچے خود صاحب اولاد ہیں جن کے لئے ڈھیروں دعائیں 


آج جب ماضی کی گلیوں میں قدم رکھتا ہوں، تو سہیل کا گھر، آکا بھائی کی شفقت، خالہ جان کی مہک، اور گڈو کی ہنسی جیسے سب میرے آس پاس زندہ ہو جاتے ہیں۔ وہ آوازیں، وہ چہروں کی مسکراہٹیں، اور وہ لمس جو اب صرف دل میں محفوظ ہے ، وہ سب یادوں کے جگنو بن چکے ہیں۔


اللہ پاک ان تمام پیاروں کو اپنی رحمتوں میں جگہ دے، اور سہیل عزیز جیسے سچے دوست کو ہمیشہ خوش رکھے۔ آمین۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ