کراچی کی سڑکیں آثار قدیمہ اور ٹاؤنز کی پوائنٹ اسکورنگ
کراچی کی سڑکیں آثار قدیمہ اور ٹاؤنز کی پوائنٹ اسکورنگ
کراچی میں بائیک پر سفر کا تجربہ ایسا ہے جیسے کسی نے آپ کو ایک کرسی پر بٹھا کر ریڑھ کی ہڈی کے ساتھ جھولے کا معاہدہ کر لیا ہو۔ ایک طرف دل ہچکولے کھا رہا ہوتا ہے اور دوسری طرف گردے اپنی جگہ بدلنے پر بضد۔ کبھی کسی کھڈے میں پہیہ ڈوبتا ہے تو یوں لگتا ہے جیسے زمین نے محبت سے گلے لگا لیا ہو اور جب جھٹکے سے اوپر اچھلیں تو گویا زمین ہی کہہ رہی ہو بس بھئی، اتنی محبت کافی ہے اب واپس جاؤ۔ شہر کے کسی بھی محلے میں نکل جائیے، سڑکوں کا حال ایسا ہے جیسے آثار قدیمہ کے ماہرین نے انہیں کھدائی کے لیے مخصوص کر دیا ہو۔ کہیں بجری کی ندی بہہ رہی ہے، کہیں مٹی کے ٹیلے ایستادہ ہیں اور کہیں نالیوں کا پانی ایسے بہہ رہا ہے جیسے وینس کی نہریں کراچی کی صورت میں نازل ہو گئی ہوں۔ مگر کمال تو دیکھیے، شام کو جب انسان تھکا ہارا گھر پہنچے اور سوشل میڈیا کی دنیا میں داخل ہو تو یہی کراچی کسی جادوگر کی چھڑی سے ایسا سنور جاتا ہے کہ لندن و پیرس بھی جھینپ جائیں۔ فیس بک پر کراچی کی سڑکیں ہموار قالین معلوم ہوتی ہیں، عمارتیں برج خلیفہ کو حسرت میں ڈال دیتی ہیں اور ترقی کے ایسے ایسے چرچے سننے کو ملتے ہیں کہ دل چاہتا ہے ان ویڈیوز بنانے والوں کو فوری طور پر وزارت جادوگری میں بھرتی کر لیا جائے۔ اب ظاہر ہے انسان جب زمینی حقیقت اور مجازی ویڈیوز کے اس فرق کو دیکھتا ہے تو دل میں کچھ (صحت مند) الفاظ بار بار ہلچل مچاتے ہیں۔ لیکن کیا کیجیے! ہماری تربیت ہمیں کان سے پکڑ کر روک لیتی ہے اور کہتی ہے جناب زبان کو قابو میں رکھو، ورنہ تمہاری عزت کی پوائنٹ اسکورنگ بھی انہی سڑکوں میں دھنس جائے گی۔ الغرض کراچی میں آج کل سب سے زیادہ ترقی جس میدان میں ہوئی ہے، وہ ہے (پوائنٹ اسکورنگ) ایسی پوائنٹ اسکورنگ تو ہم نے نہ تعلیمی پرچوں میں دیکھی، نہ کرکٹ کے میدان میں۔ سڑکیں چاہے گڑھوں میں ڈوبی ہوں لیکن دعووں کے ترازو میں یہ شہر ترقی کے مینار پر کھڑا ہے۔ بس یہی وہ کرشمہ ہے جسے دیکھ کر بسا اوقات دل چاہتا ہے کہ بائیک کے بجائے اُڑن کھٹولا ایجاد کر کے سفر شروع کر دیا جائے ۔۔۔۔۔۔۔۔
اب آخر میں چند خطوط ۔۔۔۔۔ محترم میئر کراچی اور ناظمین صاحبان، گزارش ہے کہ اگر سڑکوں کی مرمت کا ارادہ نہیں تو کم از کم ان کھڈوں پر بورڈ نصب کروا دیں کہ یہ (عوامی سوئمنگ پول) ہیں تاکہ لوگ اپنی مرضی سے تیراکی کے سامان کے ساتھ نکلیں۔
دوسرا خط فیس بک فنکاروں کے نام، ’’حضور، آپ کی ویڈیوز دیکھ کر کبھی کبھی لگتا ہے کہ آپ نے کراچی نہیں بلکہ سوئٹزرلینڈ کے کسی گاؤں کو فلم بند کیا ہے۔ گزارش ہے کہ اگر آپ کو کراچی کی حقیقت دکھانی مشکل لگے تو کم از کم ویڈیو کے نیچے ایک نوٹ ضرور ڈال دیا کریں (کراچی کی سڑکوں سے کوئی مشابہت محض اتفاقیہ ہوگی).
اور تیسرا خط خود اپنی بائیک کے نام، موٹر سائیکل صاحبہ، اگر آئندہ بھی تم نے یہ سفر برداشت کیا تو میں تمہیں ہیروئن کی طرح فلمی انجام دینے پر مجبور ہو جاؤں گا۔ لہذا براہ کرم میرے ساتھ وفاداری نبھاؤ اور ہر جھٹکے پر آواز دینے کے بجائے تھوڑا صبر بھی کر لو۔
آخر میں بس ایک مختصر دعا
یا اللہ ۔۔ سڑکیں ہموار نہ سہی، کم از کم ہمارے دل، گردے اپنی جگہ پر قائم و دائم رہیں۔
آمین۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment