*محترم معتبر شاہجہان پوری ، میرے شاعر استاد


 

میرے شاعر استاد 


*محترم معتبر شاہجہان پوری*


ادب کی دنیا میں بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کی موجودگی نہ صرف فکری چراغاں کرتی ہے، بلکہ شاگردوں کی زندگی میں علم و آگہی کے دیے بھی روشن کرتی ہے۔ میرے شاعر استاد، محترم معتبر شاہجہان پوری صاحب بھی ایسی ہی ایک شخصیت کا نام ہے 


جن کی رہنمائی نے میرے شعری سفر کو نہ صرف سمت دی بلکہ نکھار بھی عطا کیا۔


اصل نام محمد صدیق ہے، اور 1954 میں کراچی میں پیدا ہوئے۔ قلمی نام معتبر شاہجہان پوری اختیار کیا، جو اُن کے آبائی شہر شاہجہان پور (ہندوستان) سے نسبت کا آئینہ دار ہے۔ 

استاد صاحب کی ادبی نسبت مزید مستحکم ہوئی جب معتبر صاحب نے معروف شاعر جناب خاور نظامی کی شاگردی اختیار کی۔


ان کا پیشہ خیاطی ہے، مگر ان کے قلم نے جو فن تراشا ہے، وہ بےمثل ہے۔


1971 میں میٹرک مکمل کیا، لیکن زندگی کی بے رحم حقیقتیں جلد ہی سامنے آ گئیں۔ والد کے انتقال کے بعد روزگار کی مجبوریوں میں الجھ گئے، مگر دل کا شاعر وقت کی گرد میں کہیں کھویا نہیں۔ اسکول کے ایام میں بیت بازی کا ذوق ہی وہ پہلی چنگاری تھی، جس سے بعد میں ایک روشن مشعلِ سخن جل اٹھی۔


1975 میں باقاعدہ شاعری کا آغاز کیا۔ ان کا پہلا مجموعہ غزل "اعتراف" کے عنوان سے منظر عام پر آیا۔۔۔۔۔ جو درحقیقت ان کی تلخ و شیرین زندگی کا ایک ایماندارنہ اعتراف ہے۔ اس وقت وہ حمد و نعت کے مجموعے پر کام کر رہے ہیں، جس سے ان کی شعری جہتوں کا وسعت پذیر ہونا ظاہر ہوتا ہے۔


مجھے فخر ہے کہ میں خود کو معتبر شاہجہان پوری صاحب کا شاگرد کہہ سکتا ہوں۔ میری شاعری میں جو کچھ سلیقہ، تہذیب اور فکری گہرائی ہے، وہ ان کی عطا کردہ رہنمائی کا نتیجہ ہے۔ ان کی شفقت آمیز تنقید اور محبت بھری اصلاحات نے میرے لفظوں کو معنی عطا کیے، اور میرے خیالات کو ایک سلیقے سے کہنے کا ہنر بخشا۔


استادِ محترم کے چند اشعار، جن سے ان کی فکری بلندی اور مشاہداتی گہرائی جھلکتی ہے


آدم اگر خطا کا پتلا نہیں تو کیا ہے

دنیا میں خیر و شر کا جھگڑا نہیں تو کیا ہے


کرتا ہے پیش اپنی روایت کے فن لباس

لازم نہیں کہ سب کے چھپائے بدن لباس


ہے خاک مگر کبر کا پیکر بھی وہی ہے

جاتا ہے تہی دست، سکندر بھی وہی ہے


ایک پر اثر رباعی


ذرے سے عیاں ہوتا ہے اُس کا جلوہ

قطرے میں نظر بند ہے سارا دریا

اُس ذات کا عرفان ہو کیسے ممکن

ادراک پہ غفلت کا پڑا ہے پردا


ایسے استاد کی صحبت کسی نعمت سے کم نہیں۔ میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی محترم معتبر شاہجہان پوری صاحب کو صحت و عافیت کے ساتھ درازیٔ عمر عطا فرمائے، اور ان کے قلم سے مزید ایسی ہی روشنیاں ہم تک پہنچتی رہیں۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ