*کراچی کی اصل پہچان


 اس تصویر اور اس پر مختصر تحریر دیکھ کر دل نے جو محسوس کیا، انہی تاثرات کو الفاظ میں ڈھالنے کی کوشش کی ہے


*کراچی کی اصل پہچان*


رات کے پچھلے پہر جب تھکن اور مایوسی اپنی انتہا کو پہنچ چکی تھی میں نے کراچی کا وہ منظر دیکھا جس نے دل کو چھو لیا۔ بارش سے جل تھل شہر سڑکوں پر پانی اور ہزاروں گاڑیاں گھنٹوں ٹریفک میں پھنسی ہوئی تھیں۔ ایسے میں چند نوجوان لڑکے نمودار ہوئے ... ہاتھوں میں پانی کی بوتلیں جوس کے ڈبے اور کھانے کی اشیاء ۔۔ وہ بارش کی پروا کیے بغیر لوگوں تک پہنچ رہے تھے کبھی کسی بچےکو جوس تھماتے، کبھی کسی بزرگ کو پانی پلاتے اور کبھی کسی پریشان حال ماں کو حوصلہ دیتے۔

یہ لمحہ صرف انسانیت کا نہیں تھا یہ لمحہ کراچی کی اصل تہذیب اور پہچان تھا۔ وہ پہچان جو ذات زبان اور نسل سے بلند ہے وہ پہچان جو مشکل وقت میں کسی کی ضرورت کو اپنا فرض سمجھتی ہے۔

یہی وہ جذبہ ہے جو کراچی کی پہچان تھا، جب اس شہر میں ہر چہرہ جانا پہچانا لگتا تھا اور دل اس اعتماد کے ساتھ دھڑکتا تھا کہ مشکل پڑے تو سب ایک ساتھ کھڑے ہوں گے۔ وہ وقت جب کراچی اپنی دھڑکنوں میں خالص کراچی تھا، اور یوں لگتا تھا کہ جیسے شہر کا دکھ شہر والے ہی بانٹ رہے ہوں ۔۔۔۔


ملی نہ فرصت آرائش بیاباں بھی

کہ ہم یہاں بھی ترے بام و در بناتے ہیں


عدو ہواؤ کراچی کے لوگ ہارے نہیں

جو گھر گراؤ وہ بار دگر بناتے ہیں


لیکن سوال یہ ہے  جب کراچی والے اپنے بنیادی مسائل، لوٹ مار اور بدانتظامی کا ذکر کرتے ہیں تو کچھ طبقے فوراً جاگ جاتے ہیں ۔۔۔ مگر خدمت کے لیے نہیں، طعن و تشنیع کے لیے ۔۔ وہ عجیب لہجے میں پوچھتے ہیں کہ ۔۔۔۔۔۔۔۔

کیا کراچی تمہارے باپ کا ہے؟


یقین کیجیے، اس جملے کی گھٹیا پن پر میں مسکرائے بغیر نہیں رہتا۔ کیونکہ جواب تو بڑا سادہ ہے:

جی ہاں، کراچی ہمارے باپ کا ہے اور ہر اس باپ کا ہے جس نے اس شہر کو اپنا پسینہ اپنی محنت اور اپنی نسلیں دی ہیں۔

ہاں مگر یہ شہر ان کے باپ کا نہیں جنہوں نے یہاں قبضہ تو جمایا مگر اپنا حصہ کبھی پسینے یا محبت کی شکل میں نہ ڈالا ۔۔۔

یہ شہر ان سب کا ہے جو یہاں سانس لیتے ہیں، روزی کماتے ہیں اور بارش میں نالوں کے ساتھ بہہ جانے سے بچنے کے لیے دعا کرتے ہیں ۔۔۔۔ 

کراچی کی اصل پہچان یہی نوجوان ہیں جو بارش کے پانی میں بھیگتے ہوئے اجنبیوں کو پانی پلاتے ہیں۔ وہ مائیں ہیں جو اجنبی کے بچے کو اپنی بانہوں میں سلا دیتی ہیں۔ وہ بزرگ ہیں جو اپنی چھوٹی سی دوکان سے ضرورت مند کی مدد کرتے ہیں۔ یہی کراچی ہے اور یہی اس کا چہرہ ہے ۔۔۔۔۔۔۔ 

باقی جو کراچی تمہارے باپ کا ہے کی گردان کرتے ہیں ان کے لیے صرف اتنا کہنا کافی ہے کہ

کراچی ان کا بھی ہے لیکن ان کے کردار اور عمل نے ان کی پہچان کچھ اور بنا دی ہے۔ وہ شہر کے ساتھ نہیں بلکہ شہر کے خلاف کھڑے نظر آتے ہیں۔

ایسے لوگوں کا حال دیکھ کر بس جی چاہتا ہے کہ کہا جائے بھیا کراچی کے تو خیر خواہ آپ کو نہ سمجھے لیکن بھونکنے والے کتے کے بورڈ پر آپ کا پورا نام ضرور لکھا جا سکتا ہے ۔۔۔

کراچی جب جلتا ہے تو جلنے والوں کے ساتھ جلنے کے بجائے یہ طبقہ صرف بھونکتا ہے۔

 کراچی جب کسی مشکل میں ہو یا ڈوب رہا ہو اس وقت آپ کو کیوں سندھ کا حصہ نہیں لگتا۔۔۔۔


کہہ رہا ہے یہ کراچی چینخ کر،

ظالمو میں بھی تو پاکستان ہوں،

                      

عارف شفیق


جب کراچی والے روتے ہیں تو ان کی آواز کو شور سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں۔ لیکن شکر ہے کہ یہ شہر صرف بھونکنے والوں کا نہیں ہے۔ یہ شہر ان مسکراتے نوجوانوں کا ہے جو رات کے اندھیروں میں انسانیت کے چراغ جلا دیتے ہیں ۔۔۔۔۔ 

کیونکہ یہی ہے کراچی ۔۔ غم بانٹنے والا، محبت دینے والا اور ہر حال میں جینے والا۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ