ٹرین… ایک ادھورا خواب
یادوں کے جگنو
ٹرین… ایک ادھورا خواب
بچپن کے خواب بڑے سچے اور بڑے ضدی ہوتے ہیں ۔۔۔ جیسے میرا خواب۔۔ ریلوے لائن کے کنارے بیٹھ کر ٹرینیں دیکھنا بس دیکھتے رہنا۔ سکھر میں خالہ جان کے گھر کے پیچھے ریلوے لائن کے قریب جا بیٹھتا اور گھنٹوں ٹرین کی آمد و رفت کو تکتا رہتا، گھر والوں کو بھی معلوم تھا کہ یہ بچہ جب گم ہو تو ریلوے لائن جا کر تلاش کرو، کہیں پٹڑی کے آس پاس کسی خواب میں کھویا مل جائے گا۔ وہ آتے، ڈانٹتے پر میں تو بچپن کے عشق میں مبتلا تھا ۔۔۔ ٹرینوں کا عاشق ۔۔۔۔۔
پھر بچپن جوانی میں بدلا مگر شوق کا بچپنا نہ بدلا۔ اب جب بھی ٹرین کا دھواں اڑتا یا سیٹی سنائی دیتی دل کا انجن ویسے ہی دوڑنے لگتا۔ بس فرق یہ پڑا کہ ساتھ دو کزن دوست علی احمد اور فاروق بھی شامل ہو گئے۔ کراچی سے سکھر کا سفر یوں کرنے لگے جیسے ناظم آباد سے لانڈھی جانا ہو۔ صبح شالیمار ایکسپریس پکڑتے، دن چڑھے روہڑی اترتے، رکشہ لیتے اور سیدھا خالہ جان کے دروازے پر ۔۔۔۔۔ نہانا دھونا ایک رسمی سا وقفہ تھا اصل مقصد تو شام کا انتظار ہوتا ۔۔ اسلام الدین کے کباب ۔
اسلام الدین والے ہمیں اچھی طرح جان چکے تھے۔ وہ ہمیں دیکھ کر مسکرا دیتے اور ہمیں پاگل سمجھتے۔ ہم سلام کرتے اور فرمائش کرتے ۔ بھیا، ساڑھے آٹھ نو بجے تک کھانا تیار رکھنا، ہمیں روہڑی واپس بھی جانا ہے، رات گیارہ بجے سکھر ایکسپریس سے کراچی نکلنا ہے۔
یوں لگتا جیسے سکھر کی ٹرینیں اور کباب ہماری زندگی بن چکے تھے اور دوست احباب ہمیں کراچی سے آئے ہوئے پاگل کہنے لگے تھے۔
مگر ۔۔۔ ہر کہانی کا ایک موڑ آتا ہے۔ ہماری بھی قسمت جاگی ۔۔۔ بلکہ یوں کہیے کہ سو گئی، گھر والوں نے ہماری آزادی چھین لی اور ہمیں عمر قید سنا دی ۔۔۔۔ شادی کے نام پر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پھر وہی ہوا جو سب کے ساتھ ہوتا ہے۔ ٹرینیں خواب بن گئیں، سکھر یاد بن گیا، اسلام الدین کے کباب قصہ پارینہ بن گئے ۔۔۔۔ اور ہم بیوی بچوں کو پیارے ہو گئے۔ شادی کے بعد بمشکل ایک شادی میں اور ایک خالہ جان کے انتقال پر سکھر جانا ہوا۔ اور وہ شوق؟؟؟ اب صرف یوٹیوب پر ٹرین کی ویڈیوز دیکھ کر دل کو بہلا لیتے ہیں ۔۔۔
مگر سچ کہوں ۔۔۔
آج بھی کسی پلیٹ فارم پر ٹرین کھڑی دیکھ لوں تو دل کہتا ہے، چڑھ جا اور بھاگ جا ۔۔۔۔
مگر پھر بیگم کی نظریں یاد آ جاتی ہیں ۔۔۔۔ اور ٹرین چھوٹ جاتی ہے۔
اب بھی نوبت یہ ہے کہ اگر میرا کوئی دوست بیرون ملک جاتا ہے تو میں اس سے یہی کہتا ہوں،
یار، وہاں کی ٹرینوں میں سفر ضرور کرنا ۔۔۔۔ اور پلیز، ویڈیو بنا کر مجھے ضرور بھیجنا ۔۔۔۔۔
چند سال پہلے ہمارے جگر عبدالسلام بچوں سے ملنے جرمنی گئے تھے ۔۔۔۔ بس پھر کیا تھا ۔۔۔ وہ روز نئی ویڈیوز بھیجتے، کبھی باہر سے، کبھی ٹرین کے اندر سے ۔۔ اور میں؟؟ میں وہ ویڈیوز بار بار دیکھتا ۔۔۔ دل ہی دل میں جرمنی کی ٹرینوں کا مسافر بنتا ۔۔۔۔۔ عبدالسلام نے ہمیں بجلی سے چلنے والی الیکٹرک ٹرینوں کے اندر باہر تک کے مناظر دکھائے ۔۔۔ ہم نے کوئلے والے انجنوں سے لے کر ڈیزل، پھر گیس، اور اب بجلی سے دوڑتی ٹرینوں تک کا پورا سفر دیکھا ہے ۔۔۔۔ صرف اپنی آنکھوں سے نہیں دل سے بھی۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مگر ایک بات آج بھی ویسے کی ویسے ہے ۔۔ جب بھی کسی پلیٹ فارم پر ٹرین دیکھتا ہوں، دل خود بخود بچپن کی ریلوے لائن کے کنارے جا بیٹھتا ہے۔ کوئلے کے انجن کی سیٹی سنتا ہے… اور دھوئیں کے بادلوں میں کھو جاتا ہے۔
کیونکہ…
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے…

Comments
Post a Comment