محترم عین الدین صاحب
یادوں کے جگنو
ادب تعلیم کا جوہر ہے زیور ہے جوانی کا
وہی شاگرد ہیں جو خدمت استاد کرتے ہیں
چکبست برج نرائن
استاد ۔۔۔۔۔ ایک ایسا رشتہ جو خمیر میں خلوص مزاج میں شفقت اور آنکھوں میں روشنی لیے ہوتا ہے۔ استاد کی صحبت میں بیٹھنا گویا علم و تجربے کی ایسی بزم میں شامل ہونا ہے جہاں لفظوں سے زیادہ نگاہیں پڑھاتی ہیں، اور جملوں سے بڑھ کر خاموشیاں سمجھاتی ہیں۔
میرے محترم استاد مرحوم، عین الدین صاحب، انہی روشنی بانٹنے والوں میں سے تھے۔ جب ہم نے 1974 میں اپنے مادر علمی گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نمبر 1، ناظم آباد نمبر 2، نزد غالب لائبریری سے میٹرک کیا، اس وقت وہ ہمارے اسکول کے اسپورٹس انچارج تھے۔ بعد ازاں اسی ادارے کی سربراہی ہیڈ ماسٹر کی حیثیت سے بھی انجام دی۔ ان کے مزاج میں شفقت اور اصول پسندی یکساں توازن کے ساتھ موجود تھی۔ وہ ہمیں محض نصاب نہیں پڑھاتے تھے بلکہ کردار کی تعمیر کا ہنر بھی سکھاتے تھے۔
آج جب یہ تصویر سامنے آتی ہے تو جیسے کمرۂ جماعت کی وہ فضا چاک کی خوشبو اور استاد کی آواز کانوں میں پھر سے گونجنے لگتی ہے۔
دعا ہے کہ رب کریم میرے تمام مرحوم اساتذہ کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور جو حیات ہیں انہیں صحت، عزت اور درازی عمر عطا فرمائے۔ آمین۔
یہ سب یادیں آج بھی دل کے آنگن کو روشن رکھے ہوئے ہیں ۔۔۔۔۔
قسط ۔ دوئم
استاد کی عظمت اور شاگردوں کا وقار
کل یادوں کے جگنو کے سلسلے میں اپنے استاد محترم عین الدین صاحب پر لکھی گئی چند سادہ مگر دل سے نکلی سطور نے ان کے شاگردوں اور چاہنے والوں کے دلوں میں جیسے پرانی یادوں کے چراغ روشن کر دیے۔ ان کی محبت بھری دعائیں، خوشبو میں بسی یادیں اور مسکراہٹ سے لبریز واقعات نے مجھے یہ تحریر لکھنے کا نیا حوصلہ بخشا۔۔۔۔۔۔۔۔
عین الدین صاحب کی شخصیت کا سب سے حسین پہلو یہ تھا کہ وہ ہر شاگرد کے دل میں الگ اور خاص جگہ رکھتے تھے۔ میرے ہم مکتب طارق بھائی کی یادیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ کس قدر شفیق اور محنتی استاد تھے۔ طارق بھائی اور ان کی بیٹی دونوں ان کے شاگرد رہے اور بیٹی کا 2003ء میں کراچی بورڈ میں ٹاپ کرنا عین صاحب کی محنت اور دعاؤں کا روشن ثبوت ہے۔ طارق بھائی کی دعا کے ہر لفظ میں استاد کے لیے عقیدت کا سمندر موجزن ہے۔
پھر آتے ہیں ہمارے احمد صفی بھائی طرف ان کی باتیں سن کر تو جیسے پرانے اسکول کا گراؤنڈ، باسکٹ بال کا کورٹ اور عین الدین صاحب کی ہلکی سی مسکراہٹ آنکھوں کے سامنے آ گئی۔ احمد صفی بھائی مسکراتے ہوئے یاد کرتے ہیں کہ کیسے عین الدین صاحب نے ہم جیسے کاہل کو بھی کھیل کے میدان میں اتارا اور جب ہمارا نشانہ ایک فیصد نکلا تو نرمی سے بس ریسنگ پر اکتفا کرنے کا مشورہ دیا ۔۔ اور ہم واقعی دوڑ پڑے ۔
یہ یادیں صرف استاد کی مہارت کی داستان نہیں سناتیں، بلکہ اس سنہری دور کی جھلک دکھاتی ہیں جب اسکول علم، تربیت، کھیل اور محبت کا حسین امتزاج ہوا کرتے تھے۔ اس وقت استاد کا احترام دل کے اندر سے ابھرتا تھا، کسی نصابی جبر یا معاشرتی دباؤ سے نہیں۔ یہ احترام آج بھی ان شاگردوں کے دلوں میں تازہ ہے، جو برسوں بعد بھی اپنے استاد کو دیکھ کر کھڑے ہو جاتے ہیں، آنکھوں میں روشنی اور دل میں شکر گزاری کا چراغ روشن کر لیتے ہیں۔
ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ کس طرح استاد کا ایک اشارہ شاگرد کے لیے زندگی کا سبق بن جاتا تھا۔ استاد کی ڈانٹ میں بھی محبت چھپی ہوتی اور شاگرد کی خاموشی میں شکر۔۔ اس وقت استاد اور شاگرد کا رشتہ نصاب اور امتحان سے آگے بڑھ کر ایک خاندان جیسا ہوتا ۔۔ جہاں تربیت، تہذیب اور تمیز سب کچھ ساتھ چلتا تھا۔
یہی وجہ ہے کہ آج بھی اس زمانے کے شاگرد اپنے استاد کا نام ادب سے لیتے ہیں اور ان کے قدموں میں بیٹھنا اپنے لیے سعادت سمجھتے ہیں۔ ان لمحوں میں لگتا ہے جیسے وقت رک گیا ہو اور ماضی کا وہ سنہرا دور لمحہ بھر کے لیے حال میں اتر آیا ہو۔
اللہ پاک ہمارے محترم استاد عین الدین صاحب کو اپنی جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور جنت الفردوس میں کروٹ کروٹ سکون بخشے۔ آمین۔
استاد اور شاگرد کا رشتہ محض علم کا نہیں یہ دلوں کی وہ ڈور ہے جو برسوں بعد بھی ٹوٹتی نہیں۔ وقت کے طوفان، فاصلوں کی دھند اور زمانے کی گرد بھی اس کی روشنی کو مدھم نہیں کر پاتیں۔ شاگرد کی ہر کامیابی استاد کے دل میں چراغ جلاتی ہے اور استاد کی ہر دعا شاگرد کے راستے کو منور رکھتی ہے۔ یہی وہ خاموش سرمایہ ہے جو نسلوں کے دلوں میں حوصلے اور روشنی کے چراغ جلاتا رہتا ہے۔
کیونکہ…
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment