میں نے بھی یہ وقت دیکھا ہے
میں نے بھی یہ وقت دیکھا ہے
یہ سنہ 1969 کی بات ہے، فیڈرل اسکول، فردوس کالونی ناظم آباد کا زمانہ، جب نئے جوتے کسی خواب کی مانند ہوتے تھے۔
والد مرحوم نے اسکول کے لیے جب شوز دلوائے،
تو ساتھ ہی محبت سے بھرپور نصیحتیں بھی کیں، بیٹا، احتیاط سے پہننا، پاؤں رگڑ کر مت چلنا، پانی سے بچا کر رکھنا،
یہ صرف اسکول کے لیے ہیں۔ ابھی دوبارہ نئے جوتے لینا ممکن نہیں۔
ہم نے بھی باپ کی بات کو دل پر لے لیا۔ نہ ضد کی، نہ فرمائش، وقت گزرا،
شوز پر وقت کی مہریں لگتی گئیں
تلوے میں سوراخ ہوگیا تو کبھی گتا رکھا کبھی پرانا کپڑا کبھی خاموشی سے کچھ چپکا لیا، مگر والد کو خبر نہ ہونے دی
کہ ان کا دل دکھ نہ جائے۔ یہی ہمارے بچپن کی عظمت تھی۔ خاموشیاں، قربانیاں، اور باپ کی بے بسی کا احساس۔ پھر ایک رات میں نے اپنے والد کو وہی جوتا ہاتھ میں لیے دیکھا،
سوراخ کو غور سے دیکھ رہے تھے،
شاید اس سوراخ میں انہیں ہماری خاموشی، ہمارا صبر، اور اپنی بے بسی ایک ساتھ نظر آ رہی تھی۔ اس لمحے ان کی آنکھوں میں آنسو اور جو درد تھا،
وہ لفظوں میں بیان نہیں ہو سکتا صرف دل میں محسوس ہوتا ہے۔
ہاں،میں نے بھی یہ وقت دیکھا ہے
جہاں ایک جوتا صرف جوتا نہیں ہوتا، بلکہ محبت، قربانی، اور وقت کی گواہی ہوتا ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment