طارق بھائی


 یادوں کے جگنو


وقت کی دھند جب اچانک چھٹتی ہے تو پرانے دوستوں کے چہرے روشنی کے جگنو بن کر دل کے آنگن میں اتر آتے ہیں۔ آج ایسا ہی لمحہ تھا، جب تیس برس بعد ہمارے پیارے دوست طارق بھائی سے ملاقات ہوئی ۔ یہ ملاقات یوں ممکن ہوئی کہ صابر شمسی بھائی مرحوم کے صاحبزادے سے کل فون پر بات ہوئی تو دل میں خواہش ہوئی کہ طارق بھائی کا کچھ سراغ ملے۔ عامر شمسی سے معلوم کیا تو ان کے پاس نمبر موجود تھا۔ رابطہ ہوا اور پھر وہی کیفیت طاری ہو گئی جو برسوں کے بعد محبت کرنے والے دوستوں میں ہوا کرتی ہے۔ طے ہوا کہ ملاقات ہونی چاہیے۔ میں نے پتا معلوم کیا اور اج مجھے اسہی علاقے میں ایک کام سے جانا بھی تھا، سو آج بعد نماز جمعہ میرا ایک کام مدینہ پیٹرول پمپ نارتھ کراچی کے پیچھے تھا۔ وہاں سے فارغ ہو کر میں نے طارق بھائی کو فون کیا۔ جواب ملا، پمپ سے اگلی سڑک باڑہ مارکیٹ کی ہے اس میں داخل ہو کر کسی سے بلال اسکول معلوم کر لیں اور بلال اسکول آ جائیں۔ میں وہیں کھڑا ہوں اور یوں برسوں کا فاصلہ لمحوں میں سمٹ آیا۔ بلال اسکول پر طارق بھائی کو سامنے پایا۔ کہنے لگے،چلیں گھر چلتے ہیں۔  مگر دل نے چاہا کہ پرانی روایت دہرا دی جائے۔ سو ہوٹل پر بیٹھ گئے۔ ڈیڑھ دو گھنٹے کی نشست جمی اور پھر وہی ہوا جو ایسے مواقع پر ہوا کرتا ہے، یادوں کے دروازے ایک ایک کر کے کھلنے لگے۔ ذکر آیا تو دل کو ایک اور سمت لے گیا۔ صابر شمسی بھائی، جو اس دور میں گلبہار کی جانی پہچانی سماجی و سیاسی شخصیت تھے۔ ان کی بیٹھک دوستوں کے لیے چراغ محفل کی حیثیت رکھتی تھی۔ جہاں خاکسار، حامد رضا خان، نسیم، لیاقت مرحوم، شبیر بھائی، طارق اور دوسرے بے شمار احباب ہمیشہ محفل کو زندہ رکھتے۔ یہی نہیں، جب بھی قاری آصف قاسمی صاحب کینیڈا سے آتے تو وہ بھی اسی بیٹھک کا رخ کرتے۔ آج کی ملاقات میں انہی پرانی محفلوں کا تذکرہ ہوا۔ الحاج شمیم صاحب مرحوم، شوکت صاحب مرحوم اور دیگر کئی احباب کا ذکر خیر آیا۔ کچھ نام دل کو سکون دے گئے، کچھ یادیں دل کو اداس کر گئیں۔ محفل کی روشنی کے کئی چراغ اب بجھ چکے ہیں۔ ان کا نام آتے ہی دل سے بے اختیار دعا نکلی ۔۔ اللہ ان سب مرحوم دوستوں کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے۔ آمین۔


یہ چند گھنٹوں کی ملاقات برسوں کی پیاس بجھا گئی۔ لمحہ لمحہ وہی پرانی بیٹھک، پرانے چہرے، پرانی ہنسی قہقہے، سب سامنے آتے رہے اور اس کیفیت کو لفظوں نے یوں سمویا ۔۔۔۔۔


نہ اداس ہو نہ ملال کر کسی بات کا نہ خیال کر

کئی سال بعد ملے ہیں ہم تیرے نام آج کی شام ہے


(بشیر بدر)


اب ملاقات ہوئی ہے تو ملاقات رہے

نہ ملاقات تھی جب تک کہ ملاقات نہ تھی


(حیدر علی آتش)


آخر میں دل کی گہرائی سے عامر شمسی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہی کے وسیلے سے یہ ملاقات ممکن ہوئی۔ اللہ انہیں صحت، خوشی اور برکتوں سے نوازے۔۔۔ آمین


یادوں کے یہ جگنو وقت کے اندھیروں میں یوں ہی روشنی بانٹتے رہتے ہیں اور پھر دل یاد دلاتا ہے


کیونکہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ