کراچی کی گرمی لوڈ شیڈنگ اور کے الیکٹرک کا ریاضیاتی معمہ

 کراچی کی گرمی لوڈ شیڈنگ اور کے الیکٹرک کا ریاضیاتی معمہ


کراچی میں مئی کا مہینہ شروع ہوتے ہی سورج نے آسمان پر ایسا قبضہ جمایا کہ جیسے آسمانی پلاٹ کسی کزن کے نام کروالیا ہو، درجہ حرارت نے ایسا جھولا لیا کہ بندہ پسینے سے شرابور ہو کر یہی سوچتا کہ شاید غسل کر رہا ہے۔ لیکن یہاں نہانے کی نعمت بھی مشروط ہے کیوں کہ بجلی ہو تو پانی کی موٹر چلے اور پانی آئے۔

بجلی جی ہاں وہی بجلی جو کراچی والوں کے لیے ایک نایاب پرندہ بن چکی ہے۔ صبح ہوتے ہی محلے کی مساجد سے اذان کی طرح لوڈ شیڈنگ کے اعلانات گونجتے ہو ۔ عزیز ہمسایو بجلی جا رہی ہے آپ بھی ہاتھ ہلا دیں اور پھر روشنی کے تمام ذرائع بجلی کی غیر موجودگی میں ایک دوسرے کو حسرت بھری نظروں سے دیکھتے ہیں۔ پنکھا اے سی، فریج، یہاں تک کہ چارجنگ پر لگے موبائل بھی مایوسی کی تصویر بن جاتے ہیں ۔۔


(کے الیکٹرک کا ریاضیاتی معمہ)


کہتے ہیں کہ ریاضی وہ علم ہے جو کائنات کے پیچیدہ رازوں کو آسان بنا دیتا ہے۔ مگر پاکستان میں ایک ایسا راز ہے جس نے نہ صرف عام صارفین بلکہ دنیا کے عظیم ترین ریاضی دانوں کو بھی سوچ میں ڈال دیا ہے۔ جی ہاں یہ راز ہے کے الیکٹرک کے بل میں چھپے کلیات کا، یہ کلیات وہ پراسرار فارمولے ہیں جو بل کے آخری گوشے میں ایسے چھپے ہوتے ہیں جیسے خزانے کے نقشے کے پیچھے چھپے اشارے، کوئی ایڈیسن ہو یا نیوٹن، آئن اسٹائن ہو یا الخوارزمی ان کلیات کو دیکھ کر سب کے ذہن میں وہی ایک سوال گونجتا ہے کہ یہ ہے کیا۔ پاکستان کے جید ریاضی دان بھی ان فارمولوں پر نظریں جما کر ماتھے کا پسینہ پونچھتے ہیں اور کسی غیر مرئی منطق کو سمجھنے کی کوشش میں کمرے میں چکر کاٹنے لگتے ہیں۔ صارف اپنے بل کو بغور دیکھتے ہوئے سوچتا ہے PTV فیس سمجھ آگئی۔ میونسپل ٹیکس یہ بھی چلیں مان لیا۔ فیول ایڈجسٹمنٹ اچھا، یہ بھی ٹھیک۔ لیکن یہ کلیات کیا بلا ہے


وہ مدد کے لیے کے الیکٹرک کے نمائندے کو فون کرتا ہے

جی سر، یہ فارمولہ ہے جو آپ کے بجلی کے استعمال اور حکومتی پالیسی کے مطابق ہے


اچھا، لیکن یہ ہوتا کیسے ہے۔


سر، یہ ذرا پیچیدہ ہے۔ آپ یوں سمجھیں کہ یہ ایک ایسا راز ہے جسے صرف ہمارے کمپیوٹر جانتے ہیں۔

یہ سن کر صارف کی آنکھوں میں وہی معصومیت آ جاتی ہے جو بچپن میں استاد کے سوال پر آتی تھی کہ پہاڑے یاد کیے اور جواب وہی،  جی کل یاد کر لوں گا۔

آخر کار وہ بے بسی سے بل کو دیکھتا ہے، مسکراتا ہے، اور سوچتا ہے کہ شاید یہ کلیات وہ معمہ ہیں جو ریاضی کی تمام کتابوں سے باہر ہیں۔ آخر میں وہ بل کو یوں سنبھال کر رکھتا ہے جیسے کوئی قدیم مصری پاپائرس ہو جسے صرف خاص پجاری ہی سمجھ سکتے ہیں۔ اور خود وہ بس اپنی جیب میں چھید کا حساب لگانے میں مصروف ہو جاتا ہے یہ سوچتے ہوئے کہ شاید اگلے مہینے یہ راز افشا ہو جائے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ