عوام مجرم۔۔۔ادارے بری الذمہ


 

عوام مجرم۔۔۔ادارے بری الذمہ


ہیلمٹ نہ پہننے پر دو ہزار روپے جرمانہ، غلط جگہ پارکنگ پر دو ہزار روپے جرمانہ، ممنوعہ سمت گاڑی لے جانے پر پانچ سو روپے جرمانہ، بائیک پر تین افراد بیٹھنے پر دو ہزار روپے جرمانہ، پلاسٹک کے ہیلمٹ پر پانچ ہزار روپے جرمانہ، ٹریفک سگنل توڑنے پر ایک ہزار روپے جرمانہ، ون وے کی خلاف ورزی پر دو ہزار روپے جرمانہ، اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر بھی دو ہزار روپے جرمانہ۔ یہ سب سن کر یوں لگتا ہے جیسے شہری صرف جرمانے بھرنے کے لیے ہی پیدا کیے گئے ہیں۔ مگر دوسرا منظر دیکھئے۔ سڑکوں پر جا بجا گڑھے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں۔ گلیوں میں سیوریج اور بارش کا پانی جمع رہتا ہے مگر کوئی ذمہ دار نہیں۔ مین ہولز کے ڈھکن غائب ہیں، حادثے ہوتے ہیں مگر کوئی جواب دہ نہیں۔ سرکاری اسپتالوں میں دوائیاں نہیں ملتیں مگر کوئی ذمہ دار نہیں۔ سگنل خراب پڑے رہتے ہیں مگر کوئی دیکھنے والا نہیں۔ سڑک کھودی جاتی ہے مگر مرمت کا نام نہیں۔ سیاسی فلیکسز اور بینرز چہار سمت آویزاں ہیں، فٹ پاتھوں پر تجاوزات نے قبضہ کر رکھا ہے، کچرا کنڈیاں ابلتی رہتی ہیں، رات کو سڑکوں پر اندھیرا چھایا رہتا ہے مگر کوئی ذمے داری قبول نہیں کرتا۔ ایسا لگتا ہے کہ شہری فرائض تو ادا کریں، ٹیکس بھی وقت پر دیں، سہولتوں کے بغیر تکلیف بھی برداشت کریں، حکومت کا خزانہ بھی بھریں، مگر جواب دہ صرف عوام ہی رہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا قانون صرف عوام کے لیے ہے؟ کیا حکومت اور ادارے کسی ضابطے کے پابند نہیں؟ سندھ حکومت عوام پر قوانین تو عائد کرتی ہے مگر کیا بجلی، پانی، گیس، صحت اور تعلیم کے مسائل حل ہوئے؟ کیا سڑکوں کی حالت بہتر ہوئی؟ کیا چوری ڈکیتی کم ہوئی؟ کیا سیوریج کا نظام درست ہوا؟ ٹریفک پولیس اگر صرف جرمانے کے نام پر ناکے لگا کر کھڑی ہو تو عوام کہاں جائیں؟ جب لوگ گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہیں تو مجبوراً غلط راستہ اختیار کریں گے۔ اوپر سے یہ تماشہ کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ اب کالی قمیض اور خاکی پتلون والے بھی کھڑے نظر آتے ہیں جن کا کام کچھ اور ہے مگر وہ بھی اسی کھیل کا حصہ ہیں۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت پہلے اپنے معاملات درست کرے، آئین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھائے، شہریوں کو بنیادی سہولتیں دے، پھر جرمانے اور قوانین کی بات کرے۔ قانون سب کے لیے ہو، نہ کہ صرف عوام کے خون پسینے سے خزانے بھرنے کا ذریعہ۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ