ایک شام ۔۔۔۔ رشتوں کی خوشبو میں
"یادوں کے جگنو"
(ایک شام ۔۔۔۔ رشتوں کی خوشبو میں بھیگی ہوئی، جب کوئلوں پر صرف گوشت نہیں محبتیں بھی بھنیں)
بار بی کیو ۔۔۔۔۔۔۔ بچہ پارٹی کی ضد اور محبتوں کا ذائقہ
کچھ محفلیں فقط کوئلوں پر نہیں سجتیں ۔ وہ دلوں میں دہکتے جذبوں ہنستی مسکراہٹوں اور رشتوں کی
خوشبو سے ہمیشہ کے لیے امر ہو جاتی ہیں ۔۔۔۔۔۔۔
برسوں سے بھنے گوشت (بار بی کیو) کا یہ ہنستا بستا پروگرام میرے آنگن میں سجتا رہا ۔ گوشت پر لگتے مصالحے، سیکھوں کی سرسراہٹ اور بچوں کی قلقاریاں میرے گھر کی پہچان بن چکی تھیں مگر اس برس۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محبتوں نے بانسری کا رخ بدل دیا ۔۔
میری سب سے چھوٹی ہمشیرہ جو ہمیشہ سے پیار اور خلوص کا استعارہ رہی ہے اس بار ضد کر بیٹھی اور ساتھ ہی میرے بھانجے، بھانجیاں، بھتیجے، بھتیجیاں سب نے ایک زبان ہو کر کہا ۔۔۔
نہیں ماموں اس بار آپ سب نے ہمارے گھر آنا ہے
گو کہ میرے بھتیجے تو میرے ساتھ ہی رہتے ہیں
لیکن اس بار ان کی بھی اپنی پھوپھی
کے گھر ہی محفل جمانے کے خواہش رہی ۔۔۔۔۔۔۔۔
یوں میں جو برسوں سے میزبانی کے منصب پر فائز تھا ان محبتوں کے سامنے سر تسلیم خم کرنے پر مجبور ہو گیا ۔۔۔۔۔۔۔۔
کیا کرتا ۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ سب چہرے میرے دل کے چراغ ہیں ان کی خواہش میرے لیے حکم ۔۔۔۔۔۔۔
یوں اس بار ہماری محفل میری بہن کے آنگن میں منعقد ہوئی ۔۔۔۔۔۔۔۔
ہم سب اپنے گھر سے اٹھ کر بہن کے آنگن پر حاضر ہو گئے۔۔۔۔۔ میری بیٹی بہو، بھانجیاں اور بھتیجی نے گوشت پر مصالحہ لگایا سلیقے اور محبّت سے جیسے ہر ٹکڑے پر صرف نمک مرچ نہیں دعائیں اور چاہت بھی لپیٹی ہو ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بیٹے، بہنوئی، بھانجے اور بھتیجے سیکھوں کو دہکتے کوئلوں پر جما کر سیکھائی کے کام میں مصروف ہو گئے کوئلوں کی آنچ، دھوئیں کی لپٹ قہقہوں کی بازگشت اور محبت کی بھینی خوشبو ۔۔۔۔ کیا دل آویز منظر تھا ۔۔۔۔
یہ محفل فقط گوشت بھوننے کی نہیں تھی بلکہ یہ رشتوں کے تازہ ہونے کی تھی یہ محبتوں کے گوشت پر نئے ذائقے سجانے کی گھڑی تھی جہاں ہر رشتہ اپنی خوشبو میں مہک رہا تھا ۔۔۔۔
اللہ تعالی میرے اس چھوٹے مگر قیمتی کنبے کو ہمیشہ سلامت ، خوش و خرم اور محبتوں بھرا رکھے ۔۔۔ آمین
ایسی محفلیں وقت کے دھارے پر تیرتی یادوں کی وہ روشن کرچیاں ہوتی ہیں جو دل کے کسی نرم گوشے میں ہمیشہ جگمگاتی رہتی ہیں ۔ یہ چند لمحے جو ہنسی، خوشبو اور محبت سے لبریز ہوتے ہیں دراصل زندگی کے وہ سچے رنگ ہوتے ہیں جن پر نہ وقت کا زنگ چڑھتا ہے اور نہ یاد کی روشنی مدھم پڑتی ہے ۔۔۔۔۔۔۔
آج کی شام محض ایک کھانے کا اجتماع نہیں تھی
یہ خاندان کے دلوں کا ملاپ تھا
مسکراہٹوں کی چھاؤں میں پروئے گئے وہ لمحے تھے
جنھیں میں اپنی یادوں کے جگنوؤں میں سنبھال کر رکھ لوں گا۔
کیونکہ۔۔۔۔۔۔
یہ زندگی کی اصل دولت ہیں ۔۔۔۔۔
اللہ کریم سے دعا ہے کہ وہ ان لمحوں کی چمک ان رشتوں کی گرمی اور ان چہروں کی رونق کو تادیر قائم رکھے ۔۔۔۔
آمین، یا رب العالمین۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment