تلاش۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔جو وقت کی راکھ سے جگنو ڈھونڈ لاتی ہے

 

"یادوں کے جگنو" 


 تلاش۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔جو وقت کی راکھ سے جگنو ڈھونڈ لاتی ہے


آج کا دن کچھ یوں گزرا کہ جیسے کوئی پرانا دروازہ کھٹکا ہو، جیسے یادوں کے کچے راستوں پر کوئی سائے چلنے لگے ہوں۔ اور اس سفر کا آغاز ہوا ہمارے GBSS 1974 کے پیارے اور محترم ساتھی طارق اے خان بھائی کے ایک وائس میسج سے ۔۔۔۔۔ جو کہ پردیس سے بھی، ہمیں اپنے قریب محسوس ہوتے ہیں۔ ان کے دل سے نکلے ہوئے الفاظ میرے دل میں اتر گئے۔ اور پھر بس۔۔ہم چل پڑے ۔۔۔۔۔۔۔ ان یادوں کی تلاش میں جن کے در ہم نے کبھی بند کیے ہی نہ تھے۔


سب سے پہلے شاہد رضا کی تلاش میں  امامیہ امام بارگاہ کا رخ کیا۔ وہاں جناب ذیشان صاحب سے ملاقات ہوئی۔ ایک نہایت سنجیدہ اور خلیق انسان، جنہوں نے اس مقصد سے بھرپور دلچسپی لی، وقت مانگا اور رابطے کے لیے نمبر بھی دیا۔ ان کی باتوں میں احساس تھا، جیسے وہ بھی یادوں کی اس ڈوری کا کوئی سرا تھامے ہوں۔


پھر ہم نکلے برادر من طارق بھائی کے وائس پیغام کی روشنی میں،  شاہ جی کے بیٹے کو تلاش کرنے وہ جو کسی زمانے میں ایک ہوٹل چلاتے تھے، مگر افسوس  نہ ہوٹل رہا نہ خبر۔ محلے والوں نے بھی شانے اچکا دیے ۔۔۔ یادوں کی یہ دیوار جیسے خالی ہو چکی تھی۔ طارق بھائی نے ایک اور روشنی دکھائی ۔۔۔۔۔ فیصل آباد کے ملک شاپ والے۔ وہاں پہنچے، مگر وہاں بھی وقت اپنا رنگ دکھا چکا تھا۔ ملک صاحب اب دنیا میں نہیں رہے۔ ان کے بیٹے سے ملاقات ہوئی۔ نہایت مودب اور خلوص سے پیش آنے والے نوجوان نے کہا ۔۔۔۔۔۔


شام کو ابا کے وقت کے کچھ پرانے احباب آتے ہیں، ان سے پوچھوں گا۔ آپ دو دن بعد پھر آئیے۔


امید کا ایک ننھا جگنو ہاتھ میں آ گیا ۔ 

پھر اگلا پڑاؤ تھا پاپوش نگر، جہاں اپنے پرانے ساتھی خالد کی تلاش تھی۔ پتا تھا 5A-5/35، دل چاہا کہ وہاں جا کر ماضی کی کوئی کھڑکی کھلے کوئی صدا سنائی دے۔ لیکن افسوس وہاں بھی خاموشی کا بسیرا تھا۔ اگر کسی دوست کو خالد کے بارے میں کچھ معلوم ہو تو بندۂ ناچیز کو ضرور مطلع کریں۔


اور پھر، ہم چل پڑے ایک اور کلاس فیلو طارق شیخ کے گھر کی طرف جو پہلے 3B-3/14، ناظم آباد نمبر 3 میں رہتے تھے۔ ایک زمانے تک رابطہ رہا، لیکن برسوں کی گرد سب کچھ بدل چکی تھی وہ مکان اب فلیٹ میں تبدیل ہو چکا ہے۔  

در و دیوار نے پہچاننے سے انکار کر دیا۔


یاد آیا کہ طارق اور ان کے بڑے بھائی فاروق بھائی، دونوں K-Electric (پہلے KESC) میں جاب کرتے تھے۔  سو گول مارکیٹ کے دفتر گیا، دل میں امید کی لو روشن تھی۔ مگر وہاں سے خبر ملی کہ دونوں بھائی دس بارہ برس قبل ریٹائر ہو چکے ہیں، اور اب ان کے بارے میں دفتر والو کے پاس کوئی معلومات موجود نہیں ۔۔۔۔۔ 

اسہی دوران ایک احساس دل میں بار بار چبھتا رہا۔ برسوں پہلے کراچی کی لوٹ مار کی بھینٹ چڑھ گیا میرا موبائل ۔۔۔۔۔۔ وہی موبائل جس میں طارق بھائی کا نمبر محفوظ تھا۔ ہم دونوں کے درمیان مستقل بات چیت ہوتی رہتی تھی۔ اس دن کے بعد سے رابطہ ٹوٹ گیا۔ دل میں کئی بار خیال آیا کہ طارق بھائی نے کیوں رابطہ نہ کیا؟؟؟؟؟؟


لیکن اب سوچتا ہوں کہ وہ بھی کسی مجبوری یا لاعلمی کا شکار ہوں گے۔ تعلق تو اب بھی دل سے جڑا ہوا ہے۔

میں خود بھی گزشتہ سات آٹھ برس سے گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوں اور ساتھ پچھلے تین برسوں میں آنکھ کے آپریشن کے بعد گویا گھر کا ہی ہو کر رہ گیا ہوں۔ کبھی کبھار بیٹے کے ساتھ فیکٹری چلا جاتا ہوں، لیکن اگر اکیلے جانا ہو تو ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ عصر کے وقت تک گھر لوٹ آؤں ۔۔۔۔

کیونکہ بے ہنگم ٹریفک اور الٹی سمت سے آتی روشنیوں کی چمک، نگاہ کی بینائی ہی نہیں دل کا سکون بھی چھین لیتی ہے۔


بس یوں سمجھیں کہ آج کا دن وقت کے ملبے میں دبے رشتوں کو ٹٹولتے گزرا۔ کہیں مایوسی، کہیں ہلکی سی امید ، کہیں بند دروازے، کہیں جھانکتی ہوئی پرچھائیاں۔ لیکن یہ بھی سچ ہے کہ یادوں کے جگنو وہی تو ہوتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔ جو اندھیرے میں چمکتے ہیں، جو تھامے رکھتے ہیں، جو کہیں نہ کہیں دل کے دریچوں میں ٹمٹماتے رہتے ہیں۔۔۔۔۔ 

میں اپنے تمام گروپ دوستوں اور خاص GBSS گروپ کے ساتھی طارق خان بھائی کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں، جنہوں نے اس سفر میں مشورے دیے، ہمت بندھائی اور اپنی رائے سے اس تلاش کو بامقصد بنایا۔ یہ دوستی کے وہ رشتے ہیں جو وقت کی گرد سے نہیں مٹتے۔

یادیں کبھی نہیں مرتیں ۔۔۔۔۔ 


وہ فقط روپ بدلتی ہیں ۔۔۔۔۔ 


کیونکہ۔۔۔۔۔۔۔ 

دل تو آخر آج بھی ناظم آبادی ہے ۔۔۔۔ 


اختر شیخ


۱۲ جون ۲۰۲۵

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ