صوتی دہشت گردی

 صوتی دہشت گردی


کراچی کے بازاروں میں اب یہ بحث ختم ہو چکی ہے کہ کون سی ریڑھی سب سے زیادہ تازہ پھل یا سبزی بیچتی ہے، کیونکہ اب سوال یہ ہے کہ کون سی ریڑھی سب سے زیادہ بلند آواز میں بیچتی ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے یہاں ریڑھی والے اپنے کاروبار کے ساتھ ساتھ موسیقی کی مشق بھی کر رہے ہوں۔ صبح سویرے جب آپ چائے کا کپ تھامے کسی فلسفیانہ خیال میں غرق ہوتے ہیں تب اچانک سو روپے کی تین کلو پیاز کا مائیکروفون پر اعلان آپ کے خیالات کو یوں بکھیر دیتا ہے جیسے کسی نے خواب میں سائرن بجا دیا ہو۔

لیکن یہ معاملہ صرف پیاز تک محدود نہیں۔ جیسے ہی آپ اس جھٹکے سے سنبھلتے ہیں، ایک اور سریلا نغمہ شروع ہو جاتا ہے، اون صحیح کرا لو گیس کے چولہے صحیح کرا لو ۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے آپ کسی اوپن ایئر کنسرٹ میں آ گئے ہوں، جہاں ہر فنکار اپنا ہنر آزما رہا ہے۔ گلی کے کونے پر پرانا سامان خریدنے والے اپنی آواز میں ایسی گھن گرج پیدا کرتے ہیں کہ لگتا ہے ریڈیو پر پرانی فلموں کے گانے چل رہے ہوں۔ ریڑھیوں کی یہ محفل شام ڈھلتے ہی ایک نئے رنگ میں ڈھل جاتی ہے۔ مغرب کے بعد پاپ کارن والوں کے مائیک آن ہو جاتے ہیں اور رات بارہ، ایک بجے تک آئس کریم والے اپنی سریلی چیخوں کے ساتھ محلے کی فضاؤں میں شیرینی گھولتے رہتے ہیں۔ یہ آوازیں کسی میوزک فیسٹیول کی طرح گونجتی ہیں، جس میں ہر کسی کا اپنا مائیک اور اپنی تان ہے۔ دل چاہتا ہے کہ ان تمام ریڑھی والوں کو ایک کانفرنس ہال میں جمع کریں اور ان سے کہیں حضرات ہمارے کان بالکل ٹھیک ہیں، دل کے کچھ زیادہ سننے والے ہیں۔ لیکن مجال ہے جو وہ مان جائیں۔

سوال یہ ہے کہ کون روکے گا اس شور و غل کو حکومت، انتظامیہ یا ہم خود؟ ان مائیک والے ریڑھی بانوں کو شاید کوئی قانون یا ہدایت کنٹرول نہیں کر سکتی۔ شاید ہمیں ہی مائیک پکڑ کر ان کے برابر کھڑا ہونا پڑے اور اعلان کرنا پڑے حضرات آپ کی آواز ہم تک پہنچ گئی، اب آپ کچھ دیر آرام فرمائیں،

سچ تو یہ ہے کہ کراچی والے دل کے بڑے ہیں۔ یہ شور کے طوفان میں بھی مسکرا کے کسی نہ کسی طرح اپنے معمولات مکمل کر ہی لیتے ہیں۔ 


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ