قانون سازی کا بوجھ، ہر بار کراچی ہی کیوں


 قانون سازی کا بوجھ، ہر بار کراچی ہی کیوں

 

اس ملک میں قانون بنانا شاید سب سے آسان کام ہے ایک حکم جاری کیجیے، ایک پابندی لگا دیجیے اور سمجھ لیجیے کہ مسئلہ حل ہوگیا اب ذرا پولی تھین بیگ پر لگائی گئی پابندی کو دیکھ لیجیے۔ ایک جملے میں حکم صادر کر دیا گیا کہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 

پولی تھین بیگ پر پابندی ہے کیونکہ یہ نالے بند کرتا ہے۔

لیکن کسی نے یہ جاننے کی زحمت ہی نہیں کی کہ پولی تھین محض ایک نام نہیں ایک پوری صنعت کا نام ہے۔ اس کے دانے مختلف اقسام کے ہوتے ہیں، خام مال باہر سے درآمد کیا جاتا ہے اور اس سے تیار ہونے والے بیگز کی کئی کوالٹیز اور اقسام ہیں۔ کوئی ری سائیکل شدہ ہے، کوئی بایو ڈیگریڈیبل، کوئی ہائی ڈینسٹی ہے تو کوئی لو ڈینسٹی۔

مگر جنھیں قانون پاس کرنا تھا اور جنھیں اس پر عمل کرانا ہے دونوں کو ایک ہی چیز دکھائی دی۔۔۔پولی تھین ۔۔۔۔۔ جیسے اس ایک لفظ سے سارا شہر اور ساری صنعت ختم ہو جائے گی، یہ لاعلمی کا عالم ہے کہ سب کو ایک لکڑی سے ہانک دیا گیا۔ معیاری مال بنانے والے اور نالوں میں پھینکنے والے سب ایک ہی صف میں کھڑے کر دیے گئے۔ جنہیں قانون پر عمل کرانا ہے وہ خود نہیں جانتے کہ اصل مضر چیز کیا ہے اور کس پر پابندی عائد ہونی چاہیے اور جنہوں نے قانون بنایا، انہیں شاید فرق کا پتہ بھی نہیں ۔۔ ان کے لیے تو صرف اتنا کافی ہے کہ پولی تھین پر پابندی ہے، بس ۔۔۔۔۔۔


نتیجہ؟؟؟؟


اصولی اور معیاری کام کرنے والے کارخانے بند، مزدور بیروزگار اور غیر معیاری مال بنانے والے بدستور بازار گرم کیے بیٹھے ہیں۔ کیونکہ اب نیا کھیل شروع ہو چکا ہے۔ مال بنانے کا نیا قانون ہاتھ آ گیا۔  

جو قانونی دائرے میں رہ کر ایکسپورٹ کوالٹی کے معیار پر مصنوعات تیار کر رہے تھے، ان فیکٹریوں پر چھاپے مار کر ان کو پریشان کیا جا رہا ہے ۔۔۔ اصل مسئلہ یہ نہیں کہ قانون بنایا گیا۔ مسئلہ یہ ہے کہ قانون بناتے وقت عقل اور آگاہی کو شریک مشورہ نہیں بنایا گیا۔ جو لوگ میدان عمل میں ہیں ان سے کوئی مشورہ تک نہیں لیا گیا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ لاعلمی پر مبنی ایک حکم نے پوری انڈسٹری کو مفلوج کر کے رکھ دیا۔۔۔۔ اصل مسئلہ شاید قانون سازی نہیں قانون کی شقوں اور ان کے نفاذ میں موجود کمزوری ہے۔ کاغذوں پر بنائے گئے قوانین اس وقت تک مؤثر نہیں ہو سکتے، جب تک ان کی شقوں پر زمینی حقائق کے مطابق نظرثانی نہ کی جائے۔ پولی تھین بیگ پر عائد پابندی کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ قوانین کو نئے سرے سے مرتب کیا جائے اور ان شقوں میں عملی حقائق کو جگہ دی جائے۔ معیاری اور قانونی صنعت کو تباہ کرنے کے بجائے غیر معیاری اور ماحول دشمن پیداوار کو روکنے کے لیے حقیقی معنوں میں قانون نافذ کیا جائے۔

کیونکہ قانون صرف کتابوں میں اچھی بات نہیں، زمین پر انصاف دینے کے لیے ہوتا ہے۔ ورنہ ایک دن ایسا آئے گا کہ لوگ یہ سوال کرنے پر مجبور ہوں گے کہ

یہاں قانون ہے یا صرف تماشہ؟؟؟


🙏😥😥😥🙏

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ