(بیٹے کی وہ خوشبو جو کچن سے آئی
"یادوں کے جگنو"
(بیٹے کی وہ خوشبو جو کچن سے آئی)
گھر میں آج پھر وہ رونق سی لوٹ آئی تھی ۔۔۔۔۔۔۔ جیسے بچپن کی عیدیں دوبارہ آ گئی ہوں۔ بہن بھائی ان کے بچے، قہقہے، شور، خوشبو اور اس سب کے بیچ ایک خوشگوار منظر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میرے بیٹے احمد کا چپ چاپ مگر محبت سے لبریز وجود ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ میرے دوسرے نمبر کے صاحبزادے احمد شیخ ہیں۔ جیسے رمضان کی افطاریوں میں وہ بنا کہے اپنی ماں کے ساتھ لگ جاتا ہے، ویسے ہی آج بھی وہ ماں کا خاموش سہارا بنے، کچن کی گرمی میں اپنے نرم دل کے ساتھ کھڑا تھا نہ کوئی شکایت نہ کوئی کوئی شور ۔۔۔۔ بس ایک بیٹے کی وہ خدمت جو دل سے نکلتی ہے اور دعاؤں میں ڈھل جاتی ہے ۔۔۔۔۔۔
میں اسے دیکھتا رہا، دل کی دیوار پر یادوں کی کتنی ہی تصویریں ابھر آئیں۔
بچپن میں بھی ایسے ہی تھا، ماں کے پیچھے پیچھے، کبھی ہنستے ہنستے کوئی کام تو کبھی کوئی خدمت، کبھی پکوڑے تلتا۔ آج وہی ہاتھ جو کبھی ماں کی انگلی تھامے پھرتے تھے آج فرائنگ پین سنبھالے کھڑے تھے۔
مجھے لگا جیسے وقت نے ایک دائرہ مکمل کر لیا ہو۔
یہ صرف کھانے بنانے کا منظر نہیں تھا یہ تربیت کی کامیابی، خاندانی اقدار کی جیت اور نسل در نسل چلنے والے اس پیار بھرے رشتے کا عکس تھا، جو ماں اور بیٹے کے درمیان خاموشی سے پروان چڑھتا ہے ۔۔۔۔
اللہ ہمارے شہزادے احمد کو زندگی کی ہر منزل میں سرخرو کرے ۔۔۔۔ وہ جس طرح آج اپنے ماں باپ کا سہارا ہے کل اپنی اولاد کے لیے بھی ایسا ہی سایۂ رحمت بنے۔
آمین۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment