علم کا قلعہ ۔۔۔ انتظامی غفلت یا کسی سازش کا شکار



علم کا قلعہ ۔۔۔ انتظامی غفلت یا کسی سازش کا شکار ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جامعہ کراچی کی پکار ۔۔۔۔۔ 

کراچی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ شہر جس نے اپنے سینے پر لاکھوں کو بسایا، علم کی روشنی پھیلائی اور ہر آنے والے کو اپنے دامن میں جگہ دی ۔۔۔۔۔ آج خود سوال بن چکا ہے اور ان سوالوں کے درمیان ایک سوال بار بار ابھرتا ہے کہ آخر جامعہ کراچی کے ارد گرد یہ پانی کی لائن ہر پندرہ دن بعد کیوں پھٹتی ہے ؟؟؟؟
یہ معمولی بات نہیں۔ گزشتہ چار پانچ ماہ کے دوران یہ واقعہ اتنی بار دہرایا جا چکا ہے کہ اب اسے محض اتفاق یا حادثہ کہنا خود فریب ہو گا۔ ہر بار ایک نئی تباہی ، شعبہ جات زیر آب، کتب خانے متاثر، لیبارٹریاں ناکارہ، اور طلبا کی زندگیوں میں ایک نئی رکاوٹ ۔۔۔۔۔ 
پانی کی لائن پھٹتی ہے جامعہ میں سیلاب آتا ہے، اور سندھ حکومت یا واٹر بورڈ سے صرف ایک نوٹس لے لیا گیا ہے، جیسا جملہ جاری ہو کر بات ختم ہو جاتی ہے۔ 
آخر کب تک؟؟؟؟
کب تک ہم اس نوٹس کے دھوکے میں اپنے تعلیمی ادارے ڈبوتے رہیں گے؟؟؟؟

اہم بات یہ ہے کہ جب اندرون سندھ کے طلبا جامعہ کراچی کے انٹری ٹیسٹ میں بیٹھتے ہیں تو کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ ایک بھی طالبعلم کامیاب نہیں ہوتا.....
یہ صورتحال بار بار دہرائی گئی ہے۔ اب اہل کراچی کے اذہان میں یہ خیال جڑ پکڑ چکا ہے کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ جامعہ کراچی کو ہی نقصان پہنچا کر مستقبل میں اس ادارے کی ساکھ اور افادیت کو مٹایا جا رہا ہو؟؟؟؟؟ کیونکہ اگر جامعہ ہی نہ رہے تو نہ امتحان ہو گا، نہ فیل ہونے کی شکایت، نہ میرٹ کی بحث نہ قابلیت کا سوال، سب برابر، سب خاموش۔

یہی سوچ اس تکرار پر مجبور کرتی ہے کہ 
(کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے)

کراچی کا ہر شہری جانتا ہے کہ یہ شہر ملک کا معاشی دل ہے مگر یہی دل مسلسل نظر انداز ہو رہا ہے۔ جامعات، اسپتال، سڑکیں، نکاسی آب، سب کچھ یا تو ٹوٹ رہا ہے یا بربادی کے دہانے پر ہے۔ مگر سندھ حکومت کی توجہ کہیں اور ہے، شاید وہاں جہاں کیمروں کی چمک، بیانات کی گونج اور زبانی خدمت کے دعوے زیادہ ہیں۔
عملی کارکردگی؟؟ وہ شاید پانی کے ساتھ بہہ چکی ہے۔

واٹر بورڈ، جو شہری زندگی کی رگوں میں رواں پانی کو سنبھالنے کا ذمہ دار ہے وہ خود نالائق انتظامیہ کے نرغے میں ہے ایک لائن جو بار بار پھٹے اس کا مطلب ہے کہ یا تو مرمت ناقص ہے، یا نیت میں خلل ہے اور اگر اس سے جامعہ کراچی جیسا قومی علمی اثاثہ بار بار متاثر ہو، تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ صرف لاپروائی ہے یا سوچی سمجھی تباہ کاری؟؟

سندھ حکومت اور اس کے تحت کام کرنے والے ادارے عوام کی خدمت کے نہیں بلکہ اپنی سیاسی مصلحتوں کے بندے بن چکے ہیں۔ عوامی مفاد، تعلیمی ترقی اور شہری بہبود ان کے بیانیوں میں تو ضرور ہے مگر عمل میں ندارد ۔۔۔۔۔۔

جامعہ کراچی صرف کراچی کی نہیں سندھ کی پہچان ہے اگر اسے برباد کیا گیا تو نقصان صرف ایک ادارے کا نہیں ہوگا، ایک نسل کا ہوگا۔ اور تب نہ کوئی لائن بچے گی نہ کوئی دلیل۔۔۔۔۔۔۔ 
پھر صرف پچھتاوا باقی رہ جائے گا۔

اگر سندھ حکومت اپنی آنکھیں بند رکھے گی اور واٹر بورڈ اپنی نااہلی چھپاتا رہے گا تو ایک دن ایسا آئے گا کہ صرف پانی ہی نہیں پورا نظام بہہ جائے گا اور پھر ہم صرف سوالوں کے ملبے پر کھڑے ہوں گے، ہاتھ ملتے، جواب ڈھونڈتے اور شاید بہت دیر ہو چکی ہو گی ۔۔۔۔ 

اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ