میسر اتنے رہو کہ قدر برقرار رہے
میسر اتنے رہو کہ قدر برقرار رہے
یہ محض ایک جملہ نہیں بلکہ زیست کا نایاب اور ابدی فلسفہ ہے۔ انسان کی اصل رفعت اور شرافت اسی میں ہے کہ وہ اپنی موجودگی کو اس پیمانے پر قائم رکھے جہاں اس کی اہمیت مجروح نہ ہو اس کا وقار سلب نہ ہو اور اس کی محبت کی ضیاء کبھی مدھم نہ پڑے۔ یہی وہ نکہت خیال ہے جو دل کے نہاں خانوں کو معطر رکھتی ہے۔
حیات انسانی کے رشتوں میں سب سے بڑی آزمائش کثرت ہے۔ کثرت قربت، چاہے ملاقاتوں کی ہو یا مکالموں کی، اکثر محبت کو سطحیت کی جانب دھکیل دیتی ہے۔ بار بار کی دستیابی رشتوں کی تاثیر کو زائل کر دیتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر خوشبو ہر لحظہ فضا میں رچی بسی رہے تو انسان رفتہ رفتہ اس کے احساس سے بے نیاز ہو جاتا ہے، لیکن وہی خوشبو اگر وقفوں وقفوں سے میسر آئے تو دل اور حواس دونوں اسے نہ صرف شدت سے محسوس کرتے ہیں بلکہ اس کے اثر میں مزید گہرائی پیدا ہو جاتی ہے۔ یہ وہی کیفیت ہے جسے صوفیا زمزمۂ سکوت اور نغمۂ خاموشی سے تعبیر کرتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انسانی رشتے بھی کچھ ایسے ہی ہیں۔ قربت کی لذت اسی وقت باقی رہتی ہے جب اس میں توازن اور اعتدال کا رنگ ہو۔ حد سے زیادہ نزدیکی اکثر محبت کو زوال کی طرف لے جاتی ہے اور انس و الفت کو بار گراں بنا دیتی ہے۔ اسی لئے دانائی کا تقاضا ہے کہ انسان اپنی حاضری کو اس طور پر ترتیب دے کہ وہ بوجھ نہ بنے بلکہ یادوں میں مشک و عنبر کی مانند محفوظ رہے۔ ایسی موجودگی وقت کے ساتھ مدھم نہیں ہوتی بلکہ اس کی تاب و تمازت اور زیادہ بڑھتی جاتی ہے۔ یہی ہے لطیف تجلی، جو آنکھ کو خیرہ نہیں کرتی مگر دل کو ہمیشہ روشن رکھتی ہے۔ گویا کہ میسر رہو، مگر اتنے ہی کہ تمہاری اہمیت قائم رہے، کیونکہ جو شے ہر وقت میسر ہو وہ اپنی نایابی اور وقعت کھو دیتی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ حقیقت دراصل ایک صوفیانہ رمز بھی ہے۔ اہل تصوف فرماتے ہیں کہ ہر نعمت کی اصل قیمت اس کے پردے اور کمیابیت میں ہے۔ اگر جلوہ ہر لمحہ آشکار ہو جائے تو نظر کی تاب باقی نہیں رہتی، دل کی تڑپ سرد ہو جاتی ہے اور شوق کا دریا خشک ہو جاتا ہے۔ اسی لئے کہا گیا ۔۔۔
کشفِ کُل پردہ اٹھا دے تو محبت کہاں باقی رہے؟؟؟
حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا فرمان ہے کہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کثرت ملاقات محبت کو مضمحل کر دیتی ہے۔
(نہج البلاغہ، حکمت 349)
حضرت جنید بغدادی رحمہ اللہ فرماتے ہیں ۔۔۔
محبت کی نمو طلب میں ہے، اور طلب کا سرچشمہ فقدان میں ہے۔
(رسالہ قشیریہ)
قرآن حکیم میں بھی یہی لطیف نکتہ جلوہ گر ہے۔ جب حضرت موسیٰ علیہ السلام نے رب کریم کے دیدار کی آرزو کی تو ارشاد ہوا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قَالَ لَن تَرَانِي
فرمایا تم مجھے ہرگز نہ دیکھ سکتا
(الاعراب 143)
یہ پردہ دراصل اس بات کی علامت ہے کہ تجلی الوہیت اپنی تمام تر شدت کے ساتھ ظاہر نہیں ہوتی تاکہ شوق کی آنچ اور طلب کی آگ زندہ و تابندہ رہے، یہی ہے وہ شعاع لا زوال جو دل کو جلائے رکھتی ہے ۔۔۔۔۔۔۔
صوفیائے کرام بھی اسی حکمت پر عمل پیرا رہے۔ وہ اپنی صحبت کو ہمہ وقت عام نہ کرتے تھے بلکہ اسے مخصوص لمحات کے لئے محفوظ رکھتے تھے، تاکہ طالب حق کے دل میں شوق اور اشتیاق ہمیشہ تازہ رہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کثرت قربت تعلقات کو پژمردہ کر دیتی ہے جبکہ اعتدال میں محبت، معرفت اور عزت کی خوشبو دیرپا رہتی ہے۔ یہی سبب ہے کہ حقیقی موجودگی کو ہمیشہ ایک راز کی مانند رکھا جاتا ہے، نور کی مانند جو فضا کو روشن کر دے مگر آنکھ کو خیرہ نہ کرے۔ یہی ہے سرمستی عرفان اور کیف روحانی کا جوہر ۔۔۔۔۔۔۔۔
پس، میسر اتنے رہو کہ تمہاری طلب باقی رہے، تمہاری یاد باقی رہے اور تمہاری وقعت برقرار رہے۔ یہی صوفیانہ طریق محبت ہے، یہی انسانی تعلقات کا گوہر نایاب۔۔۔۔۔۔۔
اے پروردگار، ہمیں اپنی نعمتیں اور اپنی محبت اسی انداز میں عطا فرما کہ ہم ان کی قدر پہچان سکیں۔ ہمارے دلوں میں تیری یاد کی پیاس ہمیشہ زندہ رہے۔ اپنے جلوے اتنے ہی دکھا کہ دل منور رہے اور اتنے ہی چھپا لے کہ جستجو باقی رہے۔ یہی دعا ہے کہ ہماری زندگی ہمیشہ مہک اذکار اور نغمۂ سکینہ سے معطر رہے۔
آمین یا رب العالمین۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment