اپنی ہمشیرہ نور بانو کی برسی پر
آج اپنی ہمشیرہ نور بانو کی برسی پر
"یادداشت ، یادوں کے جگنو سے ایک جگمگاتا لمحہ"
*ہماری نور*
کچھ لوگ جگنو کی طرح ہوتے ہیں،
خاموشی سے دل کے اندھیروں میں روشنی کر جاتے ہیں، اور پھر چاہے وہ نہ بھی ہوں،
ان کی روشنی کہیں نہ کہیں دل کے کسی گوشے میں جلتی رہتی ہے۔
آج ۱۶ اپریل ہے۔
آج ہماری پیاری بہن *نور بانو (عرف مبشر) کی برسی ہے*
جسے ہم جدا ہوئے تیرہ برس ہو چکے ہیں، مگر اس کی یاد، اس کی خوشبو، اس کا پیار آج بھی ویسے ہی دل کے کونے کونے میں بسا ہوا ہے۔
ہم چھ بہن بھائی تھے
اقبال احمد شیخ (مرحوم)
میں ، محمد اختر شیخ
نور بانو (مرحومہ)
بشرہ بانو،
اسرار احمد شیخ
اور عذرا بانو۔
اقبال بھائی ہمارے بڑے، شفیق، خاموش مزاج، اور بہت محبت کرنے والے انسان تھے۔
انہوں نے جامعہ کراچی سے ایم اے اکنامکس کیا، انٹیلیجنس بیورو میں اہم عہدے پر کام کیا
اور پھر کاروبار کے میدان میں قدم رکھا، جو ان کی وفات تک کامیابی سے جاری رہا۔
ان کے تین بچے (دو بیٹیاں اور ایک بیٹا) اور اہلیہ اب کینیڈا میں مقیم ہیں۔
*اور اب ذکر ہے "ہماری نور" کی*
جو عمر میں چھوٹی ضرور تھی
لیکن کردار میں سب سے بڑی۔
والدہ صاحبہ کے انتقال کے بعد اس نے نہ صرف ایک بڑی بہن کی طرح ہمارے گھر کی ذمہ داریاں سنبھالیں،
بلکہ بھائیوں، بہنوں، بچوں، سب کے دلوں میں گھر بنایا ہوا تھا
جس کا اخلاق، جس کی مسکراہٹ، جس کا اندازِ گفتگو ،
سب کچھ بے حد دلنشین تھا۔
میرے اپنے گھر کو سنورنے اور بچوں کی تربیت میں میری اہلیہ کے ساتھ
میری اس بہن کی قربانیوں اور محبت کا بھی بڑا کردار رہا۔
یہ کہنا بجا ہوگا کہ
میرا گھر، اس کے خلوص کی بنیادوں پر قائم ہوا۔
ایک دل چُھو لینے والی یاد ہمیشہ ساتھ رہتی ہے ،
نور بانو نے بچپن کی ایک سہیلی کو
کسی تقریب میں پہننے کے لیے اپنا جوڑا اور چپل دی ہو گی ،
میرے بیٹا محسن احمد شیخ ۔۔۔ جو اس وقت ایک ننھا سا بچہ تھا ۔۔۔
اپنی پھوپھو کے ساتھ سہیلی کے گھر گیا۔
اس نے دیکھا کہ سہیلی نے صرف پھوپھو کی چپل پہن رکھی ہے،
*تو فوراً بول اٹھا
یہ میری پھوپھو کی چپل ہے اتاریں اسے*
یہ معصوم جملہ ایک محبت بھری مسکراہٹ بھی ہے
اور نور بانو کی شخصیت کی گواہی بھی۔
*جانے والے کبھی نہیں آتے
جانے والوں کی یاد آتی ہے*
جانے والے نہیں آتے
لیکن یادیں — ہر لمحہ ساتھ نبھاتی ہیں۔
دعا ہے کہ اللہ پاک
ہمارے والدین، بھائی اقبال احمد اور بہن نور بانو کو
اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرما۔
ان کی قبروں کو نور سے بھر دے،
اور ہمیں، باقی بہن بھائیوں کو ۔۔۔۔
صحت، سلامتی، محبت اور یکجہتی کے ساتھ
شاد و آباد رکھ۔
آمین، یا رب العالمین۔
اختر شیخ
۱۶ اپریل ۲۰۲۵
Comments
Post a Comment