ٹرین ایک خواب جو جیتا جاگتا رہا۔۔۔۔۔۔
یادوں کے جگنو
ٹرین ایک خواب جو جیتا جاگتا رہا۔۔۔۔۔۔
کچھ خواب ایسے ہوتے ہیں جو سوتے میں نہیں جاگتے میں آتے ہیں اور پھر زندگی کے ساتھ ساتھ چلتے رہتے ہیں۔ میرے دل میں ٹرینوں کا ایک ایسا ہی خواب بسا رہا ہے ۔۔۔۔ برسوں سے دہائیوں سے۔۔۔۔ شاید بچپن کی کسی دھندلی دوپہر میں آنکھوں میں اترا اور پھر کبھی نکلا ہی نہیں۔
جانے کس کی آس لگی ہے جانے کس کو آنا ہے
کوئی ریل کی سیٹی سن کر سوتے سے اٹھ جاتا ہے
(صابر وسیم)
کچھ دن پہلے میں نے اپنے دل کی یہی کیفیت “یادوں کے جگنو” کے عنوان سے لکھ ڈالی ..... وہ بچپن کی ضد وہ سکھر کی پٹڑی وہ اسلام الدین کے کباب اور وہ گیارہ بجے کی سکھر ایکسپریس ۔۔۔۔۔۔
(ایک ادھورا خواب)
جو اب صرف آنکھوں میں نہیں ویڈیوز میں دیکھا جاتا ہے۔ اسی تحریر کو پڑھ کر میرے برادر من سہیل احمد جو میرے ہم مکتب اور ناظم آباد نمبر 1 کے ساتھی ہیں، ایک عجیب محبت کے ساتھ سامنے آئے۔ پہلے ترکی کی ٹرینوں کے خوبصورت مناظر دکھائے اور آج اپنے رہائشی ملک آئرلینڈ کی ٹرینوں کی حیرت انگیز ویڈیوز بھیجیں۔ کیا کہوں؟
یہ صرف ویڈیوز نہیں تھیں یہ میرے خواب کی نئی قسطیں تھیں۔
جب میں نے آئرلینڈ کی ان ویڈیوز کو بار بار دیکھا تو یوں لگا جیسے میرے دل کے کسی بند پلیٹ فارم پر پھر سے سیٹی گونجی ہو اور دھوئیں کا بادل فضا میں بکھر گیا ہو ۔۔۔
یادوں کی ریل اور کہیں جا رہی تھی پھر
زنجیر کھینچ کر ہی اترنا پڑا مجھے
(زہرا شاہ)
سہیل بھائی، آپ کی محبت یاد اور یہ خوابوں سے بھری سوغاتیں دل کو خوشی کے کسی ایسے اسٹیشن پر لے آئیں جہاں وقت کچھ دیر کو رک سا گیا ۔۔۔۔۔۔۔۔
زندگی اگر آگے بڑھتی ہے تو یادیں پیچھے سے آواز دیتی ہیں اور بعض آوازیں ایسی ہوتی ہیں جو برسوں بعد بھی دل میں گونجتی ہیں۔
ٹرین کی سیٹی بھی انہی آوازوں میں سے ایک ہے۔
اللہ آپ کو سلامت رکھے خوش رکھے۔۔
آپ کی یہ محبت میری (یادوں کے جگنو) کا حصہ بن گئی ہے۔
کیونکہ ........
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment