!!نوٹس نہیں، برسات!!
!!!نوٹس نہیں، برسات!!!
جہاں عدالتیں ہار گئیں وہاں دریائے راوی نے اپنی زمین خود واپس لے لی
ہمارے ہاں زمین پر قبضہ ایسا عام ہے جیسے سیاست میں یوٹرن۔ پلاٹ آپ کا قبضہ ان کا۔ کاغذ آپ کے نام مگر قبضہ نامعلوم افراد کے پاس۔ عدالت جائیں تو تاریخ پر تاریخ تھانے جائیں تو پرچی پر پرچی آخرکار مالک ہی ہاتھ ملتا رہ جاتا ہے۔ وکیل جیتتا ہے تھانیدار کما لیتا ہے قبضہ گروپ ہنس لیتا ہے اور زمین ۔۔ زمین تو بس قصے کہانیوں میں رہ جاتی ہے۔ لیکن پچھلے 78 برسوں میں ایک ہی فاتح نکلا ہے ۔۔ دریائے راوی ۔۔راوی نے نہ وکیل کیا نہ درخواست لکھی نہ نعرے لگائے، اس نے بس کہا بارش آنے دو … جیسے ہی بادل برسے قبضہ مافیا کے خواب بہہ گئے۔ دیواریں بیٹھ گئیں نقشے مٹ گئے اور زمین پھر سے اصل مالک کے قدموں تلے آ گئی۔ راوی نے اپنی زمین ایسے چھڑوائی جیسے کوئی بزرگ بچے کے ہاتھ سے پتنگ کی ڈور چھین لے۔ نہ کچہری نہ تھانہ نہ ضمانت، سب کام پانی نے کر دکھایا۔ سو صاحبو، یہ ملک کاغذی مالکان سے بھرا ہوا ہے۔ یہاں اصل طاقتور وہ ہے جو قبضہ کرے یا پھر وہ جو بہا دے۔ اور چونکہ قبضہ گروپ کو بہا دینے والی صرف بارش ہے، اس لیے لگتا ہے کہ اگلے چند برسوں میں مافیا ہاؤسنگ سوسائٹی کا نیا قانون آئے گا ۔۔۔ بارش برسانے سے پہلے مافیا کی اجازت لازمی، شاید محکمہ موسمیات کو بھی پٹواریوں کے ماتحت کر دیا جائے، تاکہ بادل ناپ کر بانٹے جائیں۔ پھر خبر یوں بنے گی ، آج کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نصف بارش حاجی صاحب کے پلاٹ پر چوتھائی بارش چوہدری صاحب کی اسکیم پر باقی سب بارش لاہور کی رنگ روڈ پر گرے گی اور جو بادل من مانی کریں گے ان پر مقدمہ درج ہو گا۔
لیکن یاد رہے … اس ملک میں انصاف کی امید لگانے والے اب عدالت نہیں دیکھتے بس آسمان کی طرف دیکھتے ہیں۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment