*برادر شکیل حاجی ایک محبت بھرا تعلق*


 

*برادر شکیل حاجی  ایک محبت بھرا تعلق*


یادوں کے جگنو جب جھلملاتے ہیں تو ان میں کچھ چہرے ایسے ہوتے ہیں جو وقت کے دھندلکوں میں بھی روشن رہتے ہیں۔ یہ چہرے نہ صرف ماضی کی خوشبو بکھیرتے ہیں بلکہ حال کو بھی محبت کی روشنی سے منور کرتے ہیں۔ برادر شکیل حاجی انہی نایاب ہستیوں میں سے ایک ہیں، میرے مونس، غم گسار، اور دیرینہ رفیق۔

زمانہ بدلتا رہا، زندگی کی راہیں کروٹیں بدلتی رہیں، مگر کچھ تعلق ایسے ہوتے ہیں جو وقت کے تھپیڑوں کے باوجود قائم رہتے ہیں، پروان چڑھتے ہیں اور دل کے نہاں خانے میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔ جب میں نے سرکاری ملازمت کو خیرباد کہا اور عملی زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز کیا، تو میرے قدم ہوزری گارمنٹس کے لیے پولی بیگز کی سپلائی کے میدان میں اترے۔ یہ شروعات تھی، اور اسی آغاز میں مجھے جن دروازوں نے خوش دلی سے خوش آمدید کہا، ان میں حاجی گارمنٹس کا نام نمایاں ہے، اور اس دروازے پر کھڑے تھے شکیل بھائی کے والد محترم  ایک باوقار، بااخلاق اور کشادہ دل انسان، یہ تعارف صرف کاروباری نہ رہا، بلکہ ایک محبت بھرا رشتہ بن گیا ، ایسا رشتہ جس میں خیرسگالی، خلوص، اپنائیت اور عزت کا ایک خاص رنگ شامل تھا۔ شکیل بھائی کے والد محترم، جنہیں آج بھی دعاؤں میں یاد کرتا ہوں، نہ صرف ایک تاجر کی حیثیت سے پیش آئے، بلکہ ایک شفیق بزرگ کی طرح شفقت اور رہنمائی عطا فرماتے رہے۔

اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے۔

ان کے بڑے صاحبزادے، سجاد بھائی، جو اب کینیڈا میں مقیم ہیں، اسی خاندانی تہذیب کے آئینہ دار ہیں۔ اللہ تعالی انہیں صحت، خوشحالی اور عمر دراز عطا فرمائے۔


شکیل بھائی آج بازی نٹ وئیر کے نام سے گارمنٹس ایکسپورٹ کے شعبے میں مصروفِ عمل ہیں۔ وہی سادگی، وہی اخلاص، اور وہی پرانی شفقت آج بھی ان کے لہجے میں جھلکتی ہے۔ دو ڈھائی ماہ قبل برادر امین نے بتایا کہ شکیل بھائی کی طبیعت کچھ ناساز ہے۔ دل میں بےچینی ہوئی، فوراً فون کیا، خیریت دریافت کی۔

اج میں اپنے بیٹے احمد شیخ کے ہمراہ ان کی فیکٹری، واقع سائیٹ ایریا، گیا۔ محبت بھری ملاقات ہوئی، دل کھل کر باتیں کیں، اور وہ سب لمحے جو زندگی کی دوڑ میں کہیں پیچھے رہ گئے تھے، پھر سے تازہ ہو گئے۔  دوستی، کاروبار، خاندانی روایات، سب موضوعات ہمارے درمیان مسکراہٹوں کے ساتھ بکھرتے رہے۔ احمد نے ان حسین لمحات کو اپنے موبائل کیمرے میں محفوظ کر لیا ۔۔۔ وقت کے ساتھ تصویری یادیں بن جائیں گی۔

1986 سے جو تعلق قائم ہوا، وہ نہ بکھرا، نہ مدھم ہوا، بلکہ وقت کے ساتھ نکھرتا گیا۔ یہ صرف ایک کاروباری رشتہ نہیں بلکہ دل سے دل کا ربط ہے ۔۔۔۔  اخلاص، احترام اور بھائی چارے کا وہ مظہر جس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔

چار پانچ روز بعد شکیل بھائی اپنے دونوں بچوں سے ملاقات کے لیے انگلینڈ روانہ ہو رہے ہیں۔ دل سے دعا ہے کہ اللہ تعالی ان کے سفر کو بخیر و عافیت مکمل فرمائے، ان کی صحت، خوشی اور سکون میں اضافہ کرے، اور ان کے بچوں کو اپنے والد کی موجودگی کی مسرت نصیب ہو۔

اور یہ دعا بھی کہ ہمارا یہ محبتوں بھرا رشتہ، جو تین دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط ہے، ہمیشہ سلامت رہے، آمین


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ