اختر اندوری اور یحییٰ بھائی


 

یادوں کے جگنو


اختر اندوری اور یحییٰ بھائی ۔۔۔۔ یادوں کی دو کڑیاں۔۔۔۔۔۔


فیس بک پر ہونے والی بہت سی دوستیاں عموماً سرسری رہتی ہیں، مگر کبھی کبھار کوئی ایک رشتہ ایسا جڑ جاتا ہے جو دل کے تاروں کو چھونے لگتا ہے۔ ایسا ہی ایک رشتہ جناب رازق انصاری بھائی سے قائم ہوا۔ ایک دن دوران گفتگو انکشاف ہوا کہ ان کا تعلق اندور سے ہے۔ میں نے مسکرا کر کہا ارے واہ !!! ہماری والدہ محترمہ بھی اندور ہی کی تھیں۔

یوں ایک جملے نے دو دلوں کے بیچ ایک خاموش مگر گہرا رشتہ بنا دیا چند دن بعد رازق بھائی نے سوال کیا آپ اختر اندوری  صاحب جنھیں اختر ملنسار بھی کہا جاتا ہے کو جانتے ہیں؟؟؟؟؟؟ یہ میرے شاعر استاد کے ساتھی اور دوست تھے۔

میں نے کہا، ابھی تو نہیں جانتا مگر  اندور سے ہیں تو جاننے میں دیر نہیں لگے گی۔ سو اختر اندوری صاحب کی تلاش شروع کی ہی تھی کہ ایک شام ہمارے عزیز حامد رضا خان کی ایک تقریب میں شرکت کا موقع ملا۔ وہاں ان کے چھوٹے بھائی، جنھیں سب محبت سے اچھے بھائی کہتے ہیں، اور ان کا سسرال بھی اندور  سے ہے پوچھا، اچھے بھائی

کیا آپ اندور کے اختر اندوری صاحب کو جانتے ہیں؟؟؟؟ 

کہنے لگے، میں تو نہیں جانتا مگر آج کچھ مہمان آ رہے ہیں جن میں ایک صاحب ضرور جانتے ہوں گے ان سے پوچھ لیجیے گا۔ کچھ دیر بعد اچھے بھائی آئے اور کہا، آیئے وہ صاحب آ گئے ہیں آپ کو ان سے ملواتا ہوں۔۔۔

میں جب ان صاحب کے قریب پہنچا تو دل جیسے رک سا گیا۔ ہم دونوں نے ایک دوسرے کو پہچان لیا ۔۔۔۔۔۔ 


ارے آپ یہاں؟؟؟؟


سامنے یحییٰ بھائی تھے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اختر اندوری صاحب کے چھوٹے بھائی۔

جن سے ہماری پرانی شناسائی اکثر ہمارے فرید بھائی اور اقبال بھائی کے پیٹرول پمپ پر ہو جایا کرتی تھی۔۔۔۔۔۔ 

جب میں نے ان سے اختر بھائی کا تذکرہ کیا تو انھوں نے فوراً سب بھائی بہنوں کے نام گنوا دیے… اور آخر میں اپنا نام لیا اور فرمایا یہ لیجیے، ان کا نمبر۔ بات کیجیے، بہت خوش ہوں گے۔

اگلے ہی دن میں نے اختر اندوری صاحب سے بات کی۔ وہی اندور کی شیرینی ان کی آواز میں چھپی تھی ۔۔۔۔

نرمی، وقار، محبت، اور اپنائیت۔ کہنے لگے کل ناظم آباد میں معراج جامی صاحب کے دفتر آ رہا ہوں، آپ بھی آ جائیے، وہیں ملاقات ہو جائے گی۔ جامی صاحب کے دفتر کا پتہ بتایا۔۔۔۔۔۔

اگلے دن ناظم آباد پریس مارکیٹ پہنچا تو دل بےچین بھی تھا اور خوش بھی۔ اختر بھائی سے پہلی ملاقات گویا برسوں کی شناسا تھی۔

چہرے پر تبسم، باتوں میں مٹھاس، اور انداز میں بےپناہ انکساری۔

ایسا محسوس ہوا جیسے ہم پرانی گلیوں، پرانے لمحوں اور پرانی نظموں میں ایک ساتھ چلنے والے ہمسفر ہوں۔ اور پھر وہ ملاقات ایک رسم بن گئی۔ ہر دوسرے دن تین چار گھنٹے کی بیٹھک شاعری، ادب، حالات حاضرہ، یادیں اور خواب ۔۔۔ ہر بات میں دل، ہر خاموشی میں روشنی۔۔۔۔۔۔۔۔

ہم نے کئی ادبی نشستوں میں اکٹھے شرکت کی۔

وہ جہاں بھی ہوتے، مجلس مہک اٹھتی۔

ان کی زبان سے نکلنے والے اشعار صرف الفاظ نہیں، وقت کے مرقع ہوتے۔


ایک دن رازق بھائی نے خواہش ظاہر کی کہ اگر اختر بھائی کی اندور میں رہنے والی ہمشیرہ سے بات ہو جائے تو شاید برسوں کی خاموشی ختم ہو جائے۔ ہم نے فوراً رابطہ کروایا۔ رازق بھائی نے بات شروع کرائی۔

مگر جو منظر اس بات چیت کا تھا۔۔۔۔

نہ ہم سن سکے، نہ بیان کر سکتے ہیں۔

آنسو، ہچکیاں، رک رک کر بہنے والی آوازیں، جیسے برسوں کی جدائی الفاظ میں نہیں آنکھوں کے راستے نکل رہی ہو ۔۔۔۔۔۔ 

رازق بھائی وہاں، اور میں یہاں ۔۔۔۔

دونوں خامشی سے اپنے اپنے کمروں سے باہر نکل آئے۔

نہ وہ منظر سن پایا گیا، نہ دیکھا گیا۔


اور پھر… وقت جیسے تھم گیا۔

اختر بھائی کا انتقال 2014 میں ہوا۔ وہ دن آج بھی یاد ہے ۔۔۔۔۔۔ ایک خاموش، اداس دن۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گویا محفل کا چراغ بجھ گیا ہو۔


مگر ان کی شاعری ان کی باتیں ان کی محفلیں ۔۔۔ اب بھی دل میں زندہ ہیں۔

اکثر جب ان کے اشعار یاد آتے ہیں تو وقت تھم سا جاتا ہے ۔۔۔۔ 


ہم تھے زینتِ محفل، بھول ہی گئی دنیا

غم نہیں ہے غم اُس کا، غم ہے ہم سفر اپنا


آسماں کے تارے بھی ہم سفر ہوئے اختر

ہو رہا ہے دنیا سے آخری سفر اپنا


یہ اشعار جیسے ان کی زندگی کا نچوڑ ہوں ۔۔۔۔۔۔ 

محبت، تنہائی اور شرافت کے سائے میں لپٹے ہوئے۔


آج اگر میں ادب کی گلیوں میں پھر سے لوٹ آیا ہوں، تو یہ ان ہی نشستوں ان ہی لمحوں اور ان ہی اشعار کی برکت ہے ۔ جو اختر بھائی کی صحبت سے نصیب ہوئے۔۔۔۔۔۔۔۔ 


میں آج تہہ دل سے

یحییٰ بھائی کا شکریہ ادا کرتا ہوں

کہ ان کی محبت بھری رہنمائی نے مجھے اختر بھائی سے ملایا، اور ایک رشتہ جو صرف شناخت سے شروع ہوا تھا، یادوں احترام اور محبت کی بنیاد بن گیا۔

اختر بھائی کے لیے دل سے دعا ہے۔۔۔۔


اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے،

درجات بلند کرے،

اور ان کے لفظوں کو ہمارے دلوں میں زندہ رکھے ۔۔۔ 


کیونکہ ۔۔۔۔۔۔۔۔

دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔


اختر شیخ


Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ