بارش اور موت


 کراچی کی بارش خوشی کے بجائے خوف کی علامت بن چکی ہے۔ ہر سال جب بارش کا پہلا قطرہ زمین کو چھوتا ہے تو شہریوں کے دلوں میں ایک انجانا سا خدشہ بھی جنم لیتا ہے کہیں کرنٹ نہ لگ جائے کہیں بجلی کی تار کسی کی جان نہ لے لے۔ افسوس کہ یہ خدشہ حقیقت میں بدل جاتا ہے اور قیمتی انسانی جانیں لمحوں میں ضائع ہو جاتی ہیں۔

حال ہی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے دو تین افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ ہر بارش میں یہی المیہ دہرایا جاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ آخر اس نااہلی اور غفلت کی ذمہ داری کون قبول کرے گا؟ کیوں ہر بار چند معصوم جانوں کی قربانی کے بعد بھی ادارے خواب غفلت سے بیدار نہیں ہوتے؟

شہریوں کا مطالبہ بالکل بجا ہے کہ اس سانحے کی براہ راست ذمہ داری بجلی کی فراہمی کے ادارے، کے-الیکٹرک پر عائد ہوتی ہے۔ ادارے کے سربراہ جناب مونس علوی سمیت ذمہ دار افسران کے خلاف ایف آئی آر درج ہونی چاہیے تاکہ یہ پیغام جائے کہ انسانی جانوں کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ اگر ہر بارش میں یہ قیمتی جانیں یوں ہی ضائع ہوتی رہیں اور کوئی جواب دہ نہ ٹھہرا تو یہ ظلم بڑھتا جائے گا اور انصاف کا چراغ ہمیشہ کے لیے بجھ جائے گا۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست اور اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ صرف وقتی بیانات اور عذر تراشیوں کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ کوئی ماں اپنے بیٹے کو اور کوئی بچہ اپنے والد کو یوں بارش کے دنوں میں کرنٹ کی نظر نہ کرے۔

بارش، رحمت ہونی چاہیے زحمت نہیں اور جب تک ذمہ داروں کو جواب دہ نہیں بنایا جاتا یہ ظلم جاری رہے گا۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ