حامد بھائی، اندور سے دل تک کا سفر (اور ایک اضافی یاد)


 

یادوں کے جگنو


حامد بھائی، اندور سے دل تک کا سفر (اور ایک اضافی یاد)



کچھ رشتے خون کے نہیں ہوتے مگر دل سے اس طرح جڑ جاتے ہیں کہ وقت کی گرد بھی ان کی چمک کو مدھم نہیں کر پاتی۔

ایسا ہی ایک روشن جگنو ۔۔۔۔۔۔۔ میرے عزیز، میرے دیرینہ دوست محترم حامد رضا خان ۔۔۔۔


میری والدہ ماجدہ کا تعلق انڈیا کے شہر اندور سے تھا  ایک تہذیب یافتہ شہر جس کی فضا میں محبت، روایت اور شرافت کی خوشبو رچی بسی تھی۔

گلبہار کی ہمارے  پیارے دوست صابر شمسی بھائی مرحوم کی ادبی و سماجی بیٹھک میں جب صابر شمسی بھائی، شبیر بھائی، طارق، لیاقت، نسیم اور دیگر احباب جمع ہوتے تو محفل میں علم و ادب، سیاست، قہقہوں اور یادوں کی خوشبو بکھر جاتی۔

اسی محفل میں ایک دن حامد بھائی سے تعارف ہوا ۔۔۔۔ اور جب معلوم ہوا کہ ان کا تعلق بھی اندور سے ہے تو وہ تعارف ایک انجانی قرابت میں ڈھل گیا۔ پھر یوں ہوا کہ رشتہ داری کی نوعیت میں بدلاؤ آنے لگا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور بیٹھک کی دوستی، گھر کی چاہت میں ڈھل گئی۔


کمال کی بات یہ تھی کہ میری والدہ اور حامد بھائی کی والدہ، مہرالنساء خالہ، نہ صرف ایک دوسرے کو جانتی تھیں بلکہ اندور میں قریب قریب رہا کرتی تھیں۔


پھر شادی کا مرحلہ آیا ۔۔۔۔۔۔۔۔ اور میری ساس صاحبہ کا تعلق بھی اندور سے نکلا بلکہ حامد بھائی کے اہل خانہ سے قریبی روابط بھی تھے۔

یوں لگتا تھا جیسے اندور جو مٹی میں دفن ایک دور کا نام تھا ایک بار پھر میرے آج کا حوالہ بن گیا ہو ۔۔۔۔۔۔۔


میری شادی کے بعد ولیمہ کی تقریب کا مکمل انتظام حامد بھائی نے خود سنبھالا ۔۔۔۔۔۔

ولیمے کے لیے جانور ان کے گھر ہی ذبح کیا گیا کھانے کا اہتمام بھی وہیں سے کیا گیا۔

اس وقت پکوان سینٹرز کا رواج نہیں تھا ۔۔۔۔۔۔۔ باورچی حضرات خود گھر آ کر کھانا پکایا کرتے تھے۔

ہمارے باورچی صاحب بھی جن کا نام اس وقت ذہن میں نہیں آ رہا صابر بھائی کی بیٹھک کا ہی حصہ تھے، اس لیے ہر چیز میں اپنائیت اور محبت گھلی ہوئی تھی۔


ولیمہ کے دن میرے والد صاحب خاصے فکر مند تھے ۔۔۔ کہ انتظام کیسا ہوگا؟ مہمانوں کو کچھ کمی نہ ہو؟؟

میں نے فقط اتنا کہا:

بابو جی، آپ صرف مسکرائیں، باقی سب میرے دوستوں نے سنبھال لیا ہے۔

اور واقعی، حامد بھائی نے ہر ذمہ داری اس محبت، اخلاص اور وقت شناسی سے نبھائی کہ آج بھی وہ دن دل کے کونے میں جگنو کی مانند روشن ہے۔


اللہ تعالی مہرالنساء خالہ اور خالو صاحب کے درجات بلند فرمائے۔ وہ دونوں بےحد مشفق اور خلوص سے بھرپور انسان تھے۔

دعا ہے کہ اللہ پاک حامد بھائی، بھابھی اور ان کے بچوں کو سلامت رکھے خوش رکھے، آباد رکھے۔ آمین۔


گزشتہ چند برسوں ان کے گھر پر ربیع الاول کی پرنور محفل میں شرکت نہ ہو سکی ۔۔۔۔۔۔ گھٹنے کے شدید درد نے قدموں کو روک لیا ہے مگر دل آج بھی ان محفلوں میں حاضری دیتا ہے ۔۔۔۔۔ شاید ملاقاتوں کا سلسلہ کم ہو گیا ہو، لیکن محبتوں، دعاؤں اور دل کے رشتوں پر کبھی گرد نہیں پڑتی ۔۔۔۔۔۔۔۔


وقت گزرتا رہا لوگ بدلتے گئے مگر کچھ چہرے کچھ لمحات اور کچھ رشتے دل میں ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو جاتے ہیں ۔۔۔ جیسے کسی خزاں رسیدہ شام میں اچانک جھلملاتا ہوا جگنو ۔۔۔۔۔۔

اور حامد بھائی ان جگنوؤں میں سے ایک ہیں۔


(اضافی یاد)


محفل کی حاضری اور ملاقات


زندگی کے سفر میں کچھ ملاقاتیں وقفہ پا جاتی ہیں مگر دل کے رشتے ہمیشہ جُڑے رہتے ہیں۔ ایسا ہی ایک لمحہ چند روز پہلے نصیب ہوا جب تقریباً تین برس بعد میں نے اپنے عزیز دوست و بھائی، جناب حامد رضا خان سے دوبارہ ملاقات کی۔


ان کے گھر پر برسوں سے شبِ بارہ ربیع الاول کی محفل منعقد ہوتی رہی ہے، اور یہ محفل ہمارے لیے گویا روایت کا حصہ بن چکی تھی۔ مگر آنکھ کے عارضے کے باعث میں اس عرصے میں شرکت نہ کر سکا۔ اس بار ہمت باندھی اور حاضری کی سعادت ملی تو دل خوشی سے بھر گیا۔


معلوم ہوا کہ گزشتہ برسوں سے ترتیب بدل دی گئی ہے اور اب یہ بابرکت محفل بارہ ربیع الاول کے دن عصر سے مغرب تک نعتیہ انداز میں منعقد کی جاتی ہے۔ رشتے داری کی نسبت سے سبھی اہلِ خانہ سے ملاقات کا موقع ملا۔ دل کو سکون ملا اور روح کو روشنی۔


حامد بھائی نے ہمیشہ کی طرح محبت اور شفقت کے در وا کیے۔ محفل کی برکت اور چہروں کی روشنی نے دل کو پھر سے جگنو کی طرح روشن کر دیا۔

دعا ہے کہ اللہ کریم حامد بھائی، ان کے اہلِ خانہ اور ان کی محفلوں کو سلامت رکھے اور ہمیں ہمیشہ ان کی برکتوں سے حصہ عطا فرمائے۔ آمین۔


کیونکہ ۔۔۔۔۔۔

دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ